۲۰۲۳-۲۴ء کے دوران نئی طبع ہونے والی کتب کا تعارف
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے رسالہ فتح اسلام میں تکمیل تبلیغ و اشاعت اسلام کے الٰہی کارخانہ کی شاخیں جنہیں ’خداتعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے قائم کیا‘ان میں تالیف و تصنیف، اشتہارات، سلسلہٴ ملاقات، مکتوبات اور سلسلہٴ بیعت شامل ہیں، حضور علیہ السلام نے بڑی صراحت کے ساتھ فرمایا کہ ’’جس اصلاح کےلیے خداتعالیٰ نے ارادہ فرمایا ہے وہ اصلاح ان پانچوں طریقوں کے استعمال کے بغیر ظہور پذیر نہیں ہوسکتی۔‘‘ (فتح اسلام۔ روحانی خزائن جلد ۳، صفحہ ۱۲ تا ۲۶)
حضرت مسیح پاک علیہ السلام کے مبارک زمانہ اور بعدہٗ قدرت ثانیہ کے پانچوں مظاہر کی خاص توجہ اور دعاؤں کےساتھ تالیف و تصنیف کا سلسلہ اس الٰہی کارخانہ میں جاری و ساری ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے اور آئندہ نسلوں کے دینی و علمی معیاروں میں اضافہ کے لیے دینی کتب کے مطالعہ کی عادت کو اپنائیں۔
حضرت سلطان القلم مسیح موعود علیہ السلام نے ایک موقع پر فرمایا کہ ’’میں تو ایک حرف بھی نہیں لکھ سکتا اگر خدا کی طاقت میرے ساتھ نہ ہو۔ بارہا لکھتے لکھتے دیکھا ہے کہ ایک خدا کی روح ہے جو تیر رہی ہے قلم تھک جایا کرتی ہے مگر اندر جوش نہیں تھکتا، طبیعت محسوس کیا کرتی ہے کہ ایک ایک حرف خدا کی طرف سے آتا ہے۔‘‘(ملفوظات جلد سوم صفحہ ۳۴۴۔ ایڈیشن ۲۰۲۲ء)
جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۴ء کے موقع پر سیدنا حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دوسرے روز کے خطاب میں دوران سال جماعت احمدیہ عالمگیر پر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے افضال کے پُرمعارف تذکرہ کے دوران نئی مطبوعہ کتب کا بھی ذکر فرمایا۔ ذیل میں الفضل کے قارئین کے لیے نئی طبع ہونے والی بعض کتب کا مختصر تعارف پیش ہے۔
تراجم قرآن کریم
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دو نئی زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم طبع ہوئے ہیں۔
۱۔Finnish ترجمہ قرآن:فن لینڈ کی زبان Finnish میں ترجمہ کا کام کئی سال پہلے شروع کیا گیا تھا۔یہ ترجمہ جو ایک پروفیسر Jaako Hämeen-Anttila (جاکو حامین آنتیلا) پروفیسر یونیورسٹی آف Helsinki نے مکمل کیا اور اسی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر Illka Lindstedt نے اس کو ریوائز کیاہے، کی طباعت ہوئی ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں Helsinki کے بُک فیئر کے موقع پر اس کی پہلی مرتبہ محدود تعداد میں طباعت کی گئی اور اب الحمدللہ اس کی وسیع طباعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔
۲۔لاطینی سپینش ترجمہ قرآن: جنوبی امریکہ کے ممالک میں بولی جانے والی لاطینی سپینش زبان میں قرآن کریم کے ترجمہ کا ابتدائی کام ایک ماہر لسانیات سارہ مارٹینیز Sarah Martinez نے کیا جس کے بعد اس ترجمہ کو ہمارے مبلغین مولانا عبدالستار خان صاحب، عامر نفیس صاحب اور نعمان رانا صاحب نے ریویو کرکے طباعت کے لیے تیار کیا۔ الحمدللہ کہ اس ترجمہ کی گوئٹے مالا اور پھر یہاں مرکز کی طرف سے بھی طباعت کی گئی ہے۔
ان دونوں تراجم کے ساتھ جماعت احمدیہ مسلمہ اب تک دنیا کی ۷۸؍زبانوں میں قرآن کریم کا مکمل ترجمہ شائع کرچکی ہے۔
تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام
اللہ تعالیٰ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو قرآن شریف کے حقائق و معارف بیان کرنے کا نشان عطا فرمایا ہے اور کوئی نہیں جو اس کا مقابلہ کرسکے۔ (ضرورت الامام۔ روحانی خزائن جلد ۱۳ صفحہ ۴۹۶) حضور علیہ السلام کی مختلف مواقع پر بیان فرمودہ تفسیر کتابی صورت میں ’’تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام ‘‘کے نام سے معروف ہے۔ تفسیر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا نیا آٹھ جلدوں پر مشتمل کمپیوٹرائزڈ ایڈیشن طبع کروایا گیا ہے۔
حقائق الفرقان
اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الاوّل رضی اللہ عنہ کے دروس و تحریرات میں سے تفسیری نکات پر مشتمل کتاب ’’حقائق الفرقان ‘‘کا چھ جلدوں پر مشتمل نیا کمپیوٹرائزڈ ایڈیشن طبع ہوا ہے۔
اصحابِؓ بدر
سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے بدری صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی سیرت اور حالات و واقعات پر مشتمل جو خطبات جمعہ کا سلسلہ شروع فرمایا تھا، ان خطبات پر مبنی کتاب اصحابِؓ بدر کی چار جِلدیں جلد نمبر ۲ تا ۵ طبع ہوئی ہیں۔
جلد اوّل جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سوانح پر مشتمل ہوگی وہ بعد میں طبع ہوگی کیونکہ اس سلسلہ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات کا سلسلہ جاری ہے۔ طبع ہونے والی جلدوں کی تفصیل یہ ہے کہ جلد دوم میں حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ، جلد سوم میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ، حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ، جبکہ جلد چہارم و پنجم میں بقیہ تمام صحابہ کرامؓ کا ذکر ہے جنہوں نے غزوہٴ بدر میں شرکت کی۔
یہ کتاب حضرت اقدس محمد مصطفیٰﷺ اور آپؐ کے فدائی صحابہؓ کی سیرت وسوانح نیز اسلام کے ابتدائی برسوں کے متعدد تاریخی واقعات پر روشنی ڈالتی ہے اور احباب کو اس قیمتی کتاب سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے۔
تاریخ احمدیت جلد ۳۰
تاریخِ احمدیت جلد ۳۰ حصہ اوّل جو ۱۹۷۴ء کی جماعتی تاریخ پر مشتمل ہے طبع ہوئی ہے اوریہاں یوکے میں دستیاب ہے۔ اس جلد میں دیگر جماعتی حالات و واقعات کے علاوہ پاکستان میں ہونے والے مظالم اور احبابِ جماعت کی غیرمعمولی جانی و مالی قربانیوں کا تفصیل سے تذکرہ ہے۔
خطباتِ مسرور
سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات جمعہ کو ’خطباتِ مسرور‘ کے عنوان سے طبع کیا جاتا ہے۔ سنہ ۲۰۲۳ء کے خطبات جمعہ جو خطبات مسرور کی ۲۱ویں جلد ہے، پہلی مرتبہ طبع ہوئی ہے۔ اسی طرح جلد ۱۳ تا ۲۰ بھی یہاں برطانیہ سے ری پرنٹ کروائی گئی ہے۔
بنیادی مسائل کے جوابات
مختلف دینی وفقہی امور کے بارے میں سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مکتوبات و ارشادات پر مشتمل سلسلہ جو گذشتہ چند سالوں سے الفضل کے صفحات کی زینت ہے، اس کا مجموعہ ’بنیادی مسائل کے جوابات‘کے عنوان سے کتابی صورت میں طبع ہوا ہے۔
اربعین
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے مخالفین پر اتمامِ حجت کےلیے اشتہارات شائع کرنے کا ارادہ فرمایا اور ۱۹۰۰ء میں اس سلسلہ میں چار مضامین شائع فرمائے جو اربعین کے نام سے موسوم ہیں۔ یہ کتاب روحانی خزائن جلد ۱۷ میں شامل ہے۔ اس کتاب کا انگریزی ترجمہ Forty Announcements to Convey the Message Conclusively to the Opponents کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔ حضور علیہ السلام نے مخالفین پر اتمامِ حجت کرنے کےلیے یہ اشتہارات تحریر فرمائے تھے۔
الھُدیٰ وَالتَّبْصِرَةُ لِمَنْ یَّریٰ:
Guidance for Perceiving Minds
یہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی عربی تصنیف ہے جو ۱۹۰۲ء میں پہلی مرتبہ طبع ہوئی۔ یہ کتاب حضورؑ نے عرب ممالک کے باشندوں پر اتمامِ حجت کےلیے فصیح و بلیغ عربی میں رقم فرمائی۔ یہ کتاب روحانی خزائن جلد ۱۸ میں شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کتاب کا انگریزی ترجمہ Guidance for Perceiving Minds کے عنوان سے طبع ہوا ہے۔
سراجِ منیر: The Shining Lamp
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے یہ کتاب ۱۸۹۷ میں طبع فرمائی۔ اس کتاب میں حضورؑ نے ان ۳۷ زبردست پیشگوئیوں کا ذکر فرمایا ہے جو آپؑ نے اللہ تعالیٰ سے الہام و وحی پاکر اُن کے وقوع سے کئی سال پہلے شائع فرمادی تھیں۔ اور اس میں آتھم و لیکھرام سے متعلقہ پیشگوئیوں کے پورا ہونے کا خاص طور پر تفصیل سے ذکر فرمایا ہے۔ یہ کتاب روحانی خزائن جلد ۱۲ میں شامل ہے۔
کتاب [سراج منیر] کا انگریزی ترجمہ The Shining Lamp کے نام سے شائع کروایا گیا ہے۔
سناتن دھرم: The Sanatan Faith
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کی یہ تصنیف آریہ دھرم اور سناتن دھرم والوں کے عقائد کے بارےمیں ہے۔ اس کتاب میں حضور علیہ السلام نے مسئلہ نیوگ کے خلافِ غیرت اور خلاف فطرت انسانی ہونے اور اس کی قباحتوں کا ذکر فرمایا ہے۔ یہ کتاب مارچ ۱۹۰۳ء میں طبع ہوئی۔ یہ کتاب روحانی خزائن جلد ۱۹ میں شامل ہے۔ اس کا انگریزی میں ترجمہ تیار کیا گیا ہے جو The Sanatan Faith کے نام سے طبع ہوا ہے۔
سچائی کا اظہار: The Truth Revealed
یہ مختصر رسالہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے مئی ۱۸۹۳ء میں شائع فرمایا تھا۔ اس رسالہ میں حضورؑ نے ڈپٹی عبداللہ آتھم کا بشرط مغلوبیت اسلام لانے کا اقرار نامہ درج فرمایا ہے نیز ڈاکٹر مارٹن کلارک کے اعتراضات کا جواب رقم فرمایا ہے۔ اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اس تصنیف میں اپنے دعویٰ کی تصدیق میں بعض علماء کی شہادت درج فرمائی ہے۔ یہ کتاب روحانی خزائن جلد ششم میں شامل ہے۔ اس کتاب کا انگریزی ترجمہ The Truth Revealed کے عنوان سے طبع ہوا ہے۔
ملفوظات (انگریزی ترجمہ)
الحمدللہ کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے مبارک کلمات و ارشادات پر مشتمل سیٹ ’ملفوظات‘کے انگریزی تراجم گذشتہ کچھ عرصہ سے طبع ہورہے ہیں۔ ملفوظات کی یہ خصوصیت ہے کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے صحابہ کرامؓ کو آسان اور سادہ الفاظ میں جو نصائح فرمائیں، نیز مختلف مواقع کی تقاریر یا مہمانوں سے گفتگو کو ضبطِ تحریر میں لاکر طبع کیا گیا ہے۔ احباب جماعت کو ان کتب سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دوران سال ملفوظات کی جن جلدوں کے انگریزی تراجم طبع ہوئے ہیں ان کی تفصیل یہ ہے:
جلد دوم نصف آخر: یہ جلد ستمبر تا دسمبر ۱۹۰۱ء کے ملفوظات پر مشتمل ہے۔ اس سے قبل ملفوظات جلد اوّل اور جلد دوم (نصف اوّل) کے انگریزی تراجم تین جلدوں میں طبع ہوچکے ہیں۔
جلد ہفتم:یہ جلد اکتوبر ۱۹۰۴ء تا ستمبر ۱۹۰۵ء کے ملفوظات پر مشتمل ہے۔
جلد ہشتم:یہ جلد اکتوبر ۱۹۰۵ء تا اکتوبر ۱۹۰۶ء کے ملفوظات پر مشتمل ہے۔
جلد نہم:یہ جلد نومبر ۱۹۰۶ء تا اکتوبر ۱۹۰۷ء کے ملفوظات پر مشتمل ہے۔ قبل ازیں ملفوظات کے سیٹ کی آخری جلد یعنی جِلد دہم جو نومبر ۱۹۰۷ء تا وفات حضرت مسیح موعود علیہ السلام یعنی مئی ۱۹۰۸ء کے ارشادات پر مشتمل ہے، کا انگریزی ترجمہ ۲۰۲۲ء میں طبع ہوچکا ہے۔
کتب خلفائے سلسلہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوران سال حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے خطاب ’اتحاد المسلمین‘جو آپ نے ۲۵؍مارچ ۱۹۵۲ء کو سندھ کے سفر کے دوران ارشاد فرمایا تھا، کا انگریزی ترجمہ The Unity of Muslims کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔ کتاب ’اتحادالمسلمین‘ انوارالعلوم جلد ۲۲ میں شائع شدہ ہے۔
حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے جلسہ سالانہ قادیان ۱۹۳۸ء کے موقع پر ارشاد فرمودہ خطاب ’بانی سلسلہ احمدیہ کوئی نیا دین نہیں لائے ‘کا انگریزی ترجمہ Ahmadiyyat is Not a New Religion کے نام سے طبع کروایا گیا ہے۔ یہ اردو خطاب انوارالعلوم جلد ۱۵ میں شائع شدہ ہے۔ اس خطاب میں حضورؓ نے جماعت احمدیہ کی غرض و غایت اور جماعت کے عقائد پر نہایت دلچسپ اور عام فہم رنگ میں روشنی ڈالی ہے۔ نیز خطاب کے ایک حصے میں روزنامہ الفضل اور سلسلہ کے دیگر اخبارات و رسائل کی خریداری بڑھانے کی طرف بھی احباب کو توجہ دلائی ہے۔
حضرت مصلح موعودؓ نے ۱۹؍فروری ۱۹۲۰ء کو لاہور میں ’صداقت احمدیت‘کے عنوان سے ایک لیکچر ارشاد فرمایا تھا۔ یہ لیکچر انوارالعلوم جلد پنجم میں شائع شدہ ہے۔ اس کا انگریزی ترجمہ Truth of Ahmadiyyat کے عنوان سے طبع کیا گیا ہے۔
حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی بیان فرمودہ سیرةالنبیﷺ کو آپ کی جملہ کتب، تحریرات، خطابات و خطبات سے اخذ کرکے یکجائی صورت میں مرتب کیا گیا ہے جو آٹھ جلدوں میں شائع کیا جارہا ہے۔ کتاب سیرت النبی ﷺ کی مزید دو جلدیں جلد ۵ اور ۶ کی طباعت ہوئی۔ اس سے قبل جلد اوّل تا چہارم طبع ہوچکی تھیں۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیس سمپوزیم جماعت برطانیہ ۲۰۲۴ء کے موقع پر ارشاد فرمودہ خطاب The Critical State of the World – What is the Blueprint for Peace کو کتابی صورت میں طبع کروایا گیا ہے۔
۲۰۲۴ءکے ماہ رمضان کے دوران سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کی حکمت اور فلاسفی کے بارہ میں خطبات جمعہ مورخہ۲۹؍مارچ اور ۵؍اپریل ۲۰۲۴ء کو مسجد مبارک اسلام آباد میں ارشاد فرمائے تھے۔ ان خطبات کا متن روزنامہ الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۱۹؍اپریل اور ۲۶؍اپریل ۲۰۲۴ء کے صفحات کی زینت بن چکا ہے۔ ان خطباتِ جمعہ کے موضوع کی اہمیت کے پیش نظر حسب ہدایت حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ یہ اردو متن انگریزی ترجمہ کے ساتھ کتابی صورت میں The Wisdom & Philosophy of Prayer کے عنوان سے طبع کروایا گیا ہے۔
بچوں کےلیے کتب
ہرسال مرکز کی طرف سے بچوں کے لیے بھی کتب طبع کروائی جاتی ہیں اور ذیلی تنظیموں کی طرف سے جو بچوں کی کتب طبع ہوتی ہیں وہ ان کے علاوہ ہیں۔ مرکز کی طرف سے مطبوعہ بچوں کی کتب کی تفصیل درج ذیل ہے:
Hazrat Sahibzadah
Abdul-Latif Shaheedra
حضرت صاحبزادہ عبداللطیف شہید رضی اللہ عنہ اپنی استقامت اور ثباتِ قدمی کی بدولت سیدالشہداء کے لقب کے حقدار ٹھہرے۔ آپؓ کے حالات و واقعات پر مشتمل بچوں کےلیے انگریزی میں تیار کی گئی یہ کتاب طبع ہوئی ہے۔
Hazrat Ustani Memoonah Sofiyahra
حضرت استانی میمونہ صوفیہ صاحبہؓ جماعت احمدیہ کی تاریخ کا ایک معروف نام ہے جنہوں نے بڑے اخلاص و وفا کے ساتھ قادیان اور پھر ربوہ میں لجنہ کی تعلیم و تربیت کےلیے انتھک محنت کی سعادت پائی۔ آپؓ کے بارہ میں یہ مختصر کتاب انگریزی میں طبع ہوئی ہے۔
Hazrat Amatur-Rahmanra:
آپؓ بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صحابیہؓ اور حضورؑ کے ایک معروف اور مخلص صحابی حضرت قاضی ضیاء الدین صاحبؓ کی بیٹی تھیں۔ آپؓ کے بارہ میں یہ مختصر کتاب انگریزی میں طبع ہوئی ہے۔
ان کتب کے علاوہ یہاں برطانیہ میں لجنہ اماء اللہ، خدام الاحمدیہ نیز امریکہ و کینیڈا میں بھی ذیلی تنظیموں کی طرف سے مختلف کتب طبع کروائی گئی ہیں۔
مندرجہ بالا سطور میں قارئین الفضل کے علم کے لیے صرف طبع ہونے والی بعض اہم کتب کا مختصر تعارف دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ ہرسال ہی اردو اور انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی متعدد کتب سلسلہ طبع ہوتی ہیں جو برطانیہ میں مقیم احباب جماعت کےلیے جماعتی بُک سٹورز پر دستیاب بھی ہوتی ہیں جبکہ بیرون ممالک کے احباب اپنی جماعت سے حصول کتب کےلیے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ احباب مطالعہ کتب کی عادت کو اپنائیں اور کوشش کرکے اپنی آئندہ نسلوں کو بھی جماعتی لٹریچر سے متعارف کروائیں تاکہ اُن میں بھی دینی کتب پڑھنے اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کا شوق پیدا ہو۔
(منیر الدین شمس۔ ایڈیشنل وکیل التصنیف)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: خالدِ احمديت حضرت ملک عبدالرحمان صاحب خادمؒ