افریقہ (رپورٹس)

کینیا میں احمدیہ مدرسۃ الحفظ کا بابرکت افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیاکو سالِ نو کے آغاز پر مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۵ءبروز بدھ نکورو(Nakuru) احمدیہ مشن میں مدرسۃ الحفظ کینیا کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

یاد رہے کہ جماعت احمدیہ کینیا کو تاریخ میں پہلی بار حفظ کلاس کے آغاز و اجرا کی توفیق مل رہی ہے۔ اس کلاس کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم حافظ سعید انڈم صاحب مربی سلسلہ گھانا کا بطور مدرس تقر ر فرمایا ہے۔ ماہ دسمبر۲۰۲۴ءمیں جلسہ سالانہ کے موقع پر مدرسۃ الحفظ کے لیے طلبہ کے انٹرویوز ہوئے جس کے بعد دس طلبہ کو مدرسۃالحفظ کی پہلی تاریخی کلاس میں داخلہ کی سعادت ملی۔ نیز دیگر بہت سارے بنیادی امور پر پہلے سے مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیاکی خصوصی ذاتی توجہ اور ہدایات پر کام مکمل کیا جا چکا تھا جس میں سٹاف کا انتخاب ان کی رہائش، طلبہ کا ہوسٹل، کچن، ڈائننگ ہال، کلاس رومز، دفتر، طلبہ کے یونیفارم اور کھیلنے کے لیے گراؤنڈ وغیرہ شامل ہیں۔ نیز طلبہ کے لیے حفظ کے حوالے سے خاص فارمیٹ میں شائع شدہ قرآن کریم کی چند کاپیاں بطور برکت قادیان دارالامان سے منگوائی گئی ہیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۵ءبروز بدھ صبح دس بجے نکورو مشن کے احاطہ میں اس بابرکت تقریب کاانعقاد ہوا۔ تقریب کے آغاز میں مکرم امیر صاحب نے مدرسۃ الحفظ کے داخلی دروازے پر افتتاحی فیتہ کاٹ کر اجتماعی دعا کرائی۔ اس کے بعد تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے تقر یب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ بعدازاں مکرم شیخ سمیر احمد صاحب نائب امیر اوّل نے ’’قرآن کریم کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نےاپنی افتتاحی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کی اغراض میں سے حفاظت قرآن کریم کا ذکر کیا۔ نیز ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ادارے کے قیام میں کسی بھی رنگ میں معاونت پیش کی اور ادارےکی کامیابی کے لیے تمام حاضرین سے دعا کی درخواست کی۔

دعا کے ساتھ یہ مبارک تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ دعا کے بعد طلبہ و سٹاف کے ساتھ نیشنل مجلس عاملہ اور حاضرین تقریب کے گروپ فوٹوز بنوائے گئے اور تمام حاضرین میں شیرینی تقسیم کی گئی۔

(رپورٹ:احمد عدنان ہاشمی۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button