ریو دی جنیرو، برازیل کی پارلیمان میں پہلے پیس سمپوزیم کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۸؍نومبر ۲۰۲۴ء کو ریو دی جنیرو ، برازیل کی پارلیمان میں پہلا پیس سمپوزیم بڑی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا اور غیر معمولی طور پر لوگوں نے اس میں شرکت کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس پروگرام میں تین ممبر آف پارلیمان، چھ ممبر آف پارلیمان کے نمائندے، برازیل کی ثقافت کی منسٹری اور انسانی حقوق کی منسٹری کے نمائندے، صوبائی ملٹری پولیس کے سیکرٹری، سول پولیس کے نمائندے اور شہری پولیس کے نمائندگان نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں دوسرے مذہبی راہنماؤں اور وکلاء کونسل بار کے مذہبی آزادی کے کمیشن کے ممبران نیز شہر کے میئر کے سیکرٹری برائے مذہبی آزادی اور کلچر کے سیکرٹری اور کونسلرز بھی اس میں شامل ہوئے۔
اسی طرح برازیل کی سب سے بہترین پرائیویٹ یونیورسٹی جوکہ کیتھولک یونیورسٹی ہے اس کے ڈین(Dean) نے بھی بذات خود شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس طرح کا پروگرام ہماری یونیورسٹی میں منعقد کیا کریں۔
خاکسار نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف موقعوں پر کیے جانے والے خطابات کی روشنی میں دنیا میں بدامنی اور نازک حالات بتائے اور ان کا حل بیان کیا۔

اس پروگرام کے آخر پر مکرم وسیم احمد ظفر صاحب صدر جماعت احمدیہ و مبلغ انچارج برازیل نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ کس طرح جماعت احمدیہ امن قائم کرنے کے بارے میں اپنی کوششیں کر رہی ہے اور ان تعلیمات پر عمل کیے بغیر حقیقی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا۔
اس پروگرام میں دو صحافیوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے اس پروگرام کی خبر اپنے اخبار میں شائع کی۔ نیز پارلیمان کے ٹی وی چینل نے بھی خاکسار کا انٹر ویو لیا اور اس کی خبر اپنے یوٹیوب چینل پر انٹرویو کے ساتھ نشر کی۔
پروگرام کے بعد تمام مہمانان کی تواضع کھانے سے کی گئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک اور مثبت نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: ریو دی جنیرو، برازیل کے ایک رفیوجی سنٹر اور اولڈ ہاؤسز میں کپڑوں کا عطیہ