سیرالیون کاساٹھواں ڈائمنڈ جوبلی جلسہ ۲۰۲۵ء اپنی روایتی رعنائیوں سمیت اختتام پذیر
الحمد للہ ثم الحمدللہ! جماعت احمدیہ سیرالیون کا ۶۰واں ڈائمنڈ جوبلی جلسہ سالانہ اپنی روایتی اسلامی شان کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جلسے کے تینوں دنوں کا آغاز نماز تہجد سے ہوا اور باجماعت نمازیں کثیر التعداد شاملین سے مزین رہیں۔اس کے ساتھ ساتھ پُراثر تقاریر، علمی لیکچرز، خیرسگالی کے پیغامات پیش کیے گئے۔ جبکہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا روح پرور پیغام جلسے کا مرکزی نقطہ بنا۔ اس جلسہ کی ایک بڑی برکت ۲۰ سعید روحوں کا قبولِ اسلام احمدیت تھی۔
اس سال کے جلسہ میں مجموعی حاضری ۲۲ہزار ۳۸۴ رہی، جو کہ گزشتہ سال کے ۱۹ ہزار ۲۱۹ کے مقابلے میں ۳ ہزار ۱۶۵۔ افراد کا اضافہ ہے۔ یہ ترقی جلسہ کی برکات اور اس کے اثرات کا واضح ثبوت ہے۔
جلسہ سالانہ کا تیسرا اور آخری روز
۱۶ فروری ۲۰۲۴ء بروز اتوار
جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغاز صبح نماز تہجد سے ہوا۔ شعبہ موبائلیشن نے شاملین جلسہ کو بیدار کیا اور جلسہ گاہ بھجوایا۔احبابِ جماعت کی ایک بڑی تعداد رات کو پنڈال میں ہی سوئی مبادا تہجد نہ رہ جائے۔ تہجد میں شہر کے غیر از جماعت مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بھی برکت کے حصول کی غرض سے شامل ہوئی۔ کل کی طر ح آج بھی نمازِ فجر سے قبل دعائیہ اعلانات کیے گئے۔ اعلانات کی وصولی کے لیے ایک وٹس ایپ لائن مہیا کی گئی تھی۔ بیسوں اعلانات پڑھے گئے۔ اللہ تعالیٰ احباب کی جملہ پریشانیاں دور فرمائے، بیماروں کو شفا دے، طلبہ کو کامیاب فرمائے اور ترقیات کے خواستگزاروں کی دعاؤں کو برومند فرمائے۔
صبح پونے پانچ بجے نمازِ تہجد مولوی ملک محمد قاسم طاہر صاحب (ریجنل مبلغ پورٹ لوکو ریجن و مبلغ ضلع ٹونکولی لی ) نے پڑھائی۔ اس کے بعد مکرم حامد علی بنگورا صاحب ناظم آب رسانی (مبلغ ضلع میامبا) نے ’’مالی قربانی‘‘ کے موضوع پر درس دیا جس میں انہوں نے قرآن و احادیث کے ذریعہ مالی قربانی کی برکات کی مثالیں پیش کیں۔ بعد ازاں الحاجی ابو بکر بنگورا صاحب(معلم سلسلہ) نے اذان دی اور پھر مکرم محمد قاسم طاہر صاحب نے نمازِ فجر پڑھائی۔
نماز کے فوراً بعد چند اعلانات ہوئے۔ مکرم امیر صاحب و مرکزی مہمان نے پہلے سرکٹ مشنریز کے ساتھ پھر ناظمین شعبہ جات اور نیشنل عاملہ کے ساتھ میٹنگ کی۔ امیر صاحب نے بعض امور کی طرف توجہ دلائی۔ ناظمین سے ان کی مشکلات دریافت کیں اور اس کے فوری حل پیش کیے۔
نمازوں کی ادائیگی، اعلانات، تیاری و ناشتہ کے بعد جلسہ گاہ بھرنی شروع ہوگئی اور ۹:۳۰ تک جلسہ گاہ پُر ہوچکی تھی۔
اختتامی اجلاس
صبح دس بجے امیر صاحب و نمائندہ خصوصی صاحب تشریف لائے تو حسبِ روایت نعروں اور نظم we are, we all ahmadies پڑھ کر ان کا استقبال کیا گیا۔ نعروں کے ساتھ پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
آج اگرچہ درجہ حرارت ۳۱ تھا تاہم محسوس ۴۳ ڈگری سینٹ گریڈ کیا جا رہا تھا تاہم پورا مجمع خاموشی کی تصویر بنا سٹیج کی جانب ٹکٹکی لگائے بیٹھا تھا۔
پہلے اجلاس کا آغاز صبح دس بجے مکرم ڈاکٹر منیر کمارا صاحب کی زیرِ صدارت ہوا۔ تلاوت عزیزم فیضان محمود نے خوش الحانی سے پیش کی اور مکرم موسیٰ محمود صاحب ریجنل صدر کامبیا نے ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مکرم جمال محمد صاحب مرحوم سابق جنرل سیکرٹری کے بیٹے عزیزم ابراہیم کوجو محمود نے نظم ’’ہے دستِ قبلہ نما‘‘ نہایت ترنم سے پیش کی۔
اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ کے پیغام کے درج ذیل تراجم پیش کیے گئے:
مینڈے ترجمہ: منیر ابوبکر یوسف صاحب
ٹمنی ترجمہ : اسماعیل ایس ایم سیسے صاحب
پھر نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب سیکرٹری جنرل نے مہمانان کا تعارف کروایا۔ مہمانان نے ساتھ ساتھ کھڑے ہوکر مجمع کو ہاتھ اٹھا کر سلام کیا۔
اس کے بعد درج ذیل تقاریر ہوئیں۔
۱: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت از روئے قرآن از مولانا منیر حسین صاحب (ریجنل مبلغ ویسٹرن ایریا و فری ٹاؤن مشرقی ریجن)

۲: صدق سے میری طرف آؤ اسی میں خیر ہے از مکرم محمد نعیم اظہر صاحب (مبلغ انچارج سیرالیون)

۳:ایم ٹی اے پیشگوئی ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ کا مصداق از مولوی میر وسیم الرشید صاحب (مبلغ ناردرن ریجن)

اس کے بعد مولوی مورث کمارا صاحب مبلغ سلسلہ (نیشنل سیکرٹری سمعی و بصری و صدر خدام الاحمدیہ) نے ایم ٹی اے گھانا کے تحت منعقد ہونے والے مقابلہ حسنِ قرأت کی تفصیل بتائی اور زیادہ سے زیادہ احباب کو اپنی ریکارڈنگز بھجوانے کی تلقین کی۔

اس کے بعد مرکزی نمائندہ صاحب نے عربی زبان میں خطاب کیا جس کا موضوع تھا: ’’ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بنی نوع انسان سے ہمدردی‘‘۔ اس تقریر کا رواں کریول ترجمہ مکرم منیر ابو بکر یوسف صاحب نے پیش کیا۔

خطاب کے بعد آپ نے کہا کہ مراکش کی روایت کے مطابق جب کسی کو عزت دینی ہو یا بھائی بنانا ہو تو سردار کو اپنا چوغہ robe پہنایا جایا ہے جو عزت و تکریم اور بھائی چارہ کی علامت ہے۔ انہوں نے اپنا چوغہ مکرم امیر صاحب کو پہنایا اور پھر کہا کہ آج سے سیرالیونین احمدی اور مراکشی احمدی بھائی بھائی ہیں۔
اس کے بعد مکرم موسیٰ میوا صاحب (امیر جماعت سیرالیون) نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کے دل میں عظمتِ اسلام کی تڑپ‘‘ کے موضوع پر اختتامی خطاب کیا۔ آپ نے حضرت مسیح موعودؑ کی قلمی و لسانی خدمات کا ذکر کیا۔
اس کے بعد آپ نے اعلان کیا کہ مینڈے قرآن کی کاپیاں مترجمین کو پیش کی جائیں گی۔ چنانچہ نمائندہ خصوصی حضور انور ایدہ اللہ نے تمام مترجمین کو قرآن کی کاپیاں تقسیم کیں۔
امیر صاحب نے درج ذیل اعداو شمار بتائے:
جلسہ سالانہ کے بابرکت موقع پر ۲۰ سعید روحیں بیعت کر کے اسلام احمدیت میں شامل ہوئیں۔امیر صاحب نے ان کے نام پڑھے اور ان کی استقامت کے لیے دعا کی درخواست کی۔
جلسے کے موقع پر حضور انور کی خدمت میں تیرہ ہزار خطوط لکھے گئے ہیں۔
جلسہ کے موقع پر ریویوآف ریلیجنز کی ۱۲ ہزار ۲۰۰ کاپیاں خریدی گئیں۔
حاضری: نظامت رجسٹریشن کے مطابق جلسہ میں مجموعی حاضری ۲۲ہزار ۳۸۴ رہی، جو کہ گزشتہ سال کے ۱۹ ہزار ۲۱۹ کے مقابلے میں ۳ ہزار ۱۶۵۔ افراد کا اضافہ ہے۔
https://x.com/JalsaSalanaSL/status/1891505832715501921
نمازِظہر و عصر کے بعد تصاویر ہوئیں۔ پھر احبابِ جماعت کھانے کے لیے تشریف لے گئے۔
کھانے کے بعد وفود کی واپس روانگی شروع ہوئی ۔ چونکہ یہاں کی ٹرانسپورٹ میں عموماً پرانی گاڑیاں مستعمل ہیں۔ اس لیے بعض وفود کو آتے اور جاتے بریک ڈاؤن کے سبب مشکلات کا سامنا رہا۔ اس وقت پر چند گاڑیاں کل سے سڑک پر موجود ہیں۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ سب وفود بخیر و عافیت اپنی منزل مقصود کو پہنچ جائیں۔
رپورٹ شعبہ جات
نظامت سمعی وبصری : جلسہ کے اجلاسات کی کارروائی جلسہ سالانہ سیرالیون کے یوٹیوب چینلز پر براہِ راست نشر کی گئی۔ @JalsaSalanaSL
نظامت سوشل میڈیا : جلسہ سے قبل امیر صاحب کی اجازت سے سوشل میڈیا کمپینcampaignماہِ جنوری کے آغاز میں شروع کی گئی۔ جلسہ کا کاؤنٹ ڈاون بنایا گیا۔ چونکہ جلسہ کی تقاریر میں جلسہ کی تھیم کو کوَر نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے سوشل میڈیا کے ذریعہ تھیم کو فروغ دیا گیا۔
شعبہ کی سکیم کے مطابق حضور انور کےگزشتہ پیغامات، جلسے کے بارے میں اقتباسات، سیرالیون کی تاریخ، صدر مملکت کے خطاب سے فقرات، اور کاؤنٹ ڈاؤن پر چھوٹے چھوٹے اردو عربی اور انگریزی الہامات پر مشتمل پوسٹرزشیئر کیے گئے۔دورانِ جلسہ اعدادو شمار پر مشتمل پوسٹرز شیئر کیے گئے۔
سوشل میڈیا پر نظامت ہذا کے اکاؤنٹس کے لیے آفیشل ہینڈل @JalsaSalanaSLہے جبکہ ہیش ٹیگ #JalsaSaloneہے۔ شعبہ سمعی و بصری کے تعاون سے آخری روز جلسہ کو فیس بک پر بھی لائیو کوریج کرنے میں کامیاب رہے۔
جلسے کے جملہ اکاؤنٹس اور لنکس، پروگرام اور اہم معلومات پر مشتمل درج ذیل لنک اِ ن بائیو بنایا گیا ہے جس پر تمام معلومات مہیا کی گئی ہے۔ ہر فردِ جماعت تک یہ لنک پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کارڈ پر کیو آر کوڈ شامل کروایا گیا ہے۔
https://sites.google.com/view/jalsasalanasierraleone
شعبہ ہذا کی سکیم کے مطابق روزانہ الفضل کو روزانہ کی کارروائی بھجوائی گئی جو الحمد للہ تینوں روز آن لائن شائع کی گئی۔ اس لنک ان بائیو پر گزشتہ جلسہ ہائے سالانہ کا آرکائیو بنایا گیا اور تلاشِ بسیار سے تصاویر اکھٹی کی گئیں۔ (خاکسار ذیشان محمود)
نظامت نمائش: جلسہ سالانہ کے دوران نمائش کا بندوبست بھی کیا گیا، جس میں63 تراجم قرآن کے علاوہ مختلف بینرز اور فلیکسز کے ذریعہ قرآنی تعلیمات،تاریخ احمدیت و تاریخ جماعت احمدیہ سیرالیون اور ترقی کے ادوار کو نمایاں کیا گیا تھا۔ پہلے روز مہمان خصوصی و نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز عصام الخامسی نیشنل صدر مراکش نے نمائش کا افتتاح کیا۔ جلسہ کے پہلے اور تیسرے روز مرد حضرات جبکہ دوسرے روز مستورات کی بہت بڑی تعداد نے نمائش دیکھی۔ بہت سارے احمدی اور غیر احمدی مہمانوں نے اسے دیکھا اور سراہا۔(انیس احمد خلیل۔ ناظم نمائش)
(رپورٹ: ذیشان محمود۔ناظم سوشل میڈیا اور سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)