سپورٹس بلیٹن
کرکٹ: آئی سی سی چیمپئنزٹرافی ۲۰۲۵ءکی میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی دومیچزمیں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکست کھانے کےبعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ کراچی میں کھیلے گئے افتتاحی مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ۳۲۰؍رنزبنائے جس میں وِل ینگ (Will Young) اورٹام لیتھم (Tom Latham) کی سینچریاں شامل تھیں۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ۲۶۰؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔ بھارت کے خلاف دبئی میں ہونے والے میچ میں بھی پاکستان کو ہارکا منہ دیکھناپڑا۔اس مقابلہ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے ۲۴۱؍رنزبنائے۔بھارت نے مطلوبہ ہدف چاروکٹیں کھوکر بآسانی پوراکیا۔دنیائے کرکٹ کے مایہ نازکھلاڑی ویرات کوہلی(Virat Kohli)نے ناقابلِ شکست ۱۰۰؍رنز بنائے۔ دیگر میچزمیں جنوبی افریقہ نے افغانستان کے خلاف ۱۰۷؍رنزسے کامیابی حاصل کی جبکہ آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈکو لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں پانچ وکٹوں سے ہرایا۔اس میچ میں انگلینڈنے Ben Duckett کے۱۶۵رنزکی بدولت مقررہ ۵۰؍اوورز میں ۳۵۱؍ رنزبنائے۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی وکٹ کیپر بلےبازJosh Inglis نے صرف ۸۶؍گیندوں پر ۱۲۰؍رنزکی یادگار باری کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کوچھ وکٹوں سے ہرایا جس میں شبھمن گل (Shubman Gill)کے ناٹ آؤٹ ۱۰۱؍رنزشامل تھے۔نیوزی لینڈنے راولپنڈی کے میدان پربنگلہ دیش کے خلاف اپنا دوسرامیچ بآسانی پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔یوں گروپ اے سے بھارت اورنیوزی لینڈکی ٹیمیں چیمپئنزٹرافی کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیابی ہوگئیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ۱۹؍فروری تا ۹؍مارچ ۲۰۲۵ء پاکستان کے تین شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں منعقد ہورہی ہے جبکہ بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیل رہی ہے۔اس ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کےاعلان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طورپر ۶۹؍لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔فاتح ٹیم کو ۲۲؍لاکھ۴۰؍ہزار امریکی ڈالرز جبکہ رنراَپ ٹیم کو۱۱ لاکھ۲۰؍ہزار ڈالرز ملیں گے۔یوں مجموعی انعامی رقم میں گذشتہ ایڈیشن سے ۵۳؍فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
فٹبال: انگلش پریمیئرلیگ میں لیورپول نے محمدصلاح اور Dominik Szoboszlaiکے گولزکی بدولت مانچسٹر سٹی کے خلاف ۲۔صفرسے کامیابی حاصل کرلی۔یوں رواں سیزن میں۶۴؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر براجمان لیورپول کلب۲۷؍میں سے ۱۹؍میچزجیت چکا اور اسے صرف ایک میچ میں ناکامی کاسامناکرناپڑاہے۔ معروف کلب مانچسٹریونائیٹڈکا انگلش پریمیئرلیگ میں مایوس کن کارکردگی کاسلسلہ جاری ہے،ٹوٹنہیم کےہاتھوں ایک، صفر سے شکست اورایورٹن کے خلاف ۲۔۲؍گول سے ڈرا کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ۲۶؍میچزمیں صرف ۳۰؍پوائنٹس کے ساتھ پندرھویں نمبرپرہے۔
گذشتہ ہفتہ ہونے والے دیگر میچز میں آرسنل کو ویسٹ ہیم کے خلاف صفرکےمقابلہ میں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹن وِلا نے چیلسی کو ۲۔۱ سے مات دے دی۔
ٹینس: قطر اوپن کے مینز سنگلز مقابلوں میں روس کے Andrey Rublevنے برطانیہ کے Jack Draper سے ایک کے مقابلہ میں دوسیٹس جیت کر فتح حاصل کی۔ ویمنزسنگلزایونٹ میں امریکہ کی Amanda Anisimova نے فائنل میں لیٹوِیا کی Jelena Ostapenko کو ۴-۶ اور ۶-۳ کے سکور سے شکست دے کرٹائیٹل اپنے نام کیا۔جبکہ ویمنز ڈبلزکے فائنل میں Jasmine Paolini اورSara Erraniکی اطالوی جوڑی نے کامیابی حاصل کی۔
رگبی: رگبی یونین کی Six Nationsچیمپئن شپ ۲۰۲۵ء میں آئرلینڈ نے ویلزکے خلاف۲۷۔۱۸کے اسکور سے کامیابی حاصل کرلی۔ یہ آئرلینڈ کی ٹورنامنٹ میں تیسری لگاتار جیت ہے۔ دیگر مقابلوں میں فرانس نے اٹلی کو ۷۳۔۲۴ اور انگلینڈنے اسکاٹ لینڈکو۱۶۔۱۵کے اسکور سے ہرایا۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس اطفال الاحمدیہ ہالینڈ کے زیر اہتمام نیشنل سپورٹس ڈے