نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۲؍فروری ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ)میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ عنایت بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عنایت اللہ صاحب مرحوم (ہاؤنسلو نارتھ یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ عنایت بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عنایت اللہ صاحب مرحوم (ہاؤنسلو نارتھ یوکے)
6؍فروری 2025ء کو 90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، نیک، سادہ مزاج، صلہ رحمی کرنے والی، غریب پرور خاتون تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۶/۱ حصہ کی موصیہ تھیں۔ مکرم چودھری سلطان احمد صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں۔ مکرم مولا نا محمد اشرف ناصر شاہد صاحب مرحوم (مربی سلسلہ )آپ کے بڑے بھائی تھے۔ آپ مکرم فضل اللہ طارق صاحب …کی والدہ، مکرم مرزا عبدالرشید صاحب (سیکرٹری ضیافت یوکے) کی خوش دامن اور مکرم عبد القدوس عارف صاحب (مربی سلسلہ وصدر مجلس خدام الاحمدیہ یو کے) کی نانی ساس تھیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم حبیب اللہ طارق صاحب کو بطور ریجنل امیر مہدی آباد جرمنی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرمہ ہاجره بیگم صاحبہ(کینیڈا) ا ہلیہ مکرم عبد العزيز بھا مبڑی صاحب مرحوم (سابق محتسب امور عامہ ربوه)
11؍جنوری 2025ء کو 100 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم چودھری عبداللطيف سندھو صاحب مرحوم تلونڈی جھنگلاں ضلع گورداسپور کی بیٹی تھیں۔جنہوں نے 8 سال کی عمر میں اپنی والدہ کے ہمراہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کرنے کی سعادت پائی تھی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،تہجد گزار، صابره وشاکره، قناعت پسند، سلیقہ شعار، مہمان نواز، مخلص اور راضی برضا رہنے والی خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ آپ کے میاں کو متعدد مرتبہ اسیر راه مولیٰ ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ اُن کی اسیری کے دوران آپ نے اپنی تمام ذمہ داریوں کو وفاداری اور صبر و رضا کے ساتھ پورا کیا۔ ایک واقف زندگی کے ساتھ آپ کی زندگی ہمیشہ قابل رشک رہی۔حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ الله کے دور خلافت میں جلسہ سالانہ ربوہ کے موقع پر نان بائیوں نے جب ہڑتال کر دی تو ا س وقت جن خواتین کو خدمت کی توفیق ملی ان میں آپ بھی شامل تھیں۔ آپ کو قادیان میں بھی جلسہ سالانہ پر مختلف ڈیوٹیاں دینے کی توفیق ملتی رہی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
۲۔مکرم منظور احمد باجوہ صاحب ابن مکرم نذیر احمد باجوہ صاحب (حیدر آباد۔سندھ)
29؍جنوری 2025ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، ہر کسی کے کام آنے والے، لین دین کے صاف اورکھرے،امانتدار، خوش اخلاق، نیک اور مخلص انسان تھے۔ شعبہ زراعت کے پیشہ سےمنسلک تھے۔کام کے ساتھ ساتھ جماعتی خدمت کو بھی مقدم رکھا۔ آپ نے ضلع حیدرآباد میں مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔بچوں کی بہت عمدہ رنگ میں تربیت کی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم سید شمشاد احمد صاحب ناصر( مبلغ سلسلہ امریکہ) کے بہنوئی تھے۔
۳۔ مکرم Maliki Assani صاحب (سابق جنرل سیکرٹری جماعت بینن)
16؍جنوری 2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو 2017ء سے 2021ء تک بطور صدر مجلس خدام الاحمدیہ بینن خدمت کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد جولائی 2022ء سے آپ جماعت احمدیہ بینن کے جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت بجا لا رہے تھے۔ آپ کو انسانیت سے گہری ہمدردی تھی اور احبابِ جماعت کے ساتھ ساتھ اپنے عزیز و اقارب کا بھی بہت خیال رکھتے تھے۔ دوسروں کی تکالیف دور کرنے کے لیے خود قربانیاں دیتے اور مالی معاونت کے لیے ہمیشہ تیار رہتے۔ احمدی اور غیراحمدی افراد کو روزگار دلوانے میں مدد کرتے۔ عائلی اور گھریلو مسائل حل کروانے میں پیش پیش رہتے۔ بہت سے افراد کے رشتے کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ آپ بڑے عاجز، سخی اور صابر وشاکر انسان تھے۔ اپنے بچوں کی جسمانی صحت اور روحانی تربیت پر خاص توجہ دیتے۔ آپ کی دلی خواہش تھی کہ آپ کے خاندان میں سے کئی افراد حافظِ قرآن بنیں۔ اس مقصد کے لیے آپ نے اپنے دو بھانجوں کو مدرسۃ الحفظ میں داخل کروایا۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بچے شامل ہیں۔
۴۔مکرم امیر امین عوده صاحب (کبابیر)
12؍جنوری 2025ء کو 29سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم ایمان کے پکے، متوکل علی اللہ، خلافت کے فدائی، عبادت گزار اور اچھے اخلاق کے مالک ایک مخلص نوجوان تھے۔ مرحوم بہت اچھی آواز میں قرآن کریم کی تلاوت کرتے تھے اور قصیدہ بھی پڑھتے تھے۔ واقفین زندگی اور طلبہ جامعہ احمدیہ کا بہت احترام کرتے تھے۔ آپ نے تکلیف دہ بیماری کا بڑے صبر وحوصلہ سے مقابلہ کیا۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ چار بہنیں شامل ہیں۔
۵۔مکرمہ Binthi Katija Khan صاحبہ اہلیہ مکرم نظام خان صاحب (صدر جماعت سری لنکا)
9؍نومبر2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور 2 بیٹے شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭