حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اقوام متحدہ میں خواتین کےعالمی دن کے حوالے سے منعقد ہ تقریب میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کی پامالی کے لیے اقدامات میں کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر دس منٹ میں، ایک عورت اس کے ساتھی یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں ماری جاتی ہے۔ خواتین کی آواز دبانے کے لیے ڈیجیٹل ٹولز استعمال ہور ہے ہیں، خواتین کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ دنیا خواتین کے بنیادی حقوق کے لیے کھڑی ہو رہی ہے، 612؍ ملین خواتین اور لڑکیاں مسلح تصادم کے سائے میں زندگی بسر کر رہی ہیں۔ ہمیں ایسی دنیا کو ہرگز قبول نہیں کرنا چاہیے جہاں خواتین اور لڑکیاں خوف کے عالم میں زندگی بسر کریں۔انتونیو گوتریس نے یہ بھی کہا کہ اقوامِ متحدہ کے تمام راہنماؤں کو ہر فیصلے اور ہر فورم پر خواتین کے حقوق کا دفاع کرنا چاہیے۔

٭… برطانیہ کی تاریخ کی سب سے بڑی منی لانڈرنگ میں ملوث مجرمان کو قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق 200؍ملین پاؤنڈ کی منی لانڈرنگ کیس میں چار افراد کو جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر گریگوری فرینکل کو گیارہ سال آٹھ ماہ، ارجن ببر کو گیارہ سال، ڈینئل راؤسن کو دس سال دس ماہ اور ہارون رشید کو دس سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مجرمان پر الزام تھا کہ انہوں نے رقم کے ذرائع چھپائے، رقم سے سونا خریدا اور خلیجی ممالک بھیجا۔جج نے اس منصوبے کے حجم کو ’’حیران کن‘‘ قرار دیا، صرف راؤسن لیڈز کراؤن کورٹ میں اپنی سزا سننے اور شروع کرنے کے لیے موجود تھا، جبکہ باقی تینوں افراد کے ملک سے فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ تعمیر نو منصوبے کے خلاف عرب لیگ کا متبادل منصوبہ سامنے آگیا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے عرب لیگ کے منصوبے کی توثیق کردی، چین اور یورپی ممالک نے بھی عرب منصوبے کی حمایت کردی، عرب منصوبے پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں او آئی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی، سربراہ او آئی سی نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔اجلاس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم بند کرے۔برطانوی، فرانسیسی، جرمنی اور اٹلی وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ عرب منصوبہ غزہ تعمیر نو کا حقیقی راستہ ہے۔

مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button