اطلاعات و اعلانات

اطلاعات واعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ارتحال

٭…مجید احمد صاحب، جماعت فارنہم (رضاکار کارکن شعبہ رشتہ ناطہ ایڈیشنل وکالت تبشیر اسلام آباد) یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی اہلیہ امۃ السلام فرح صاحبہ مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحومہ نیک سیرت، صوم و صلوٰۃ اور تہجد کی پابند، متوکل علیٰ اللہ اور شکر گزاری کی صفات سے متصف خاتون تھیں۔ قرآن کریم سے خاص عشق تھا اور زندگی کے آخری ایام تک ’اتقاء- انٹرنیشنل تعلیم القرآن اکیڈمی‘ سے وابستہ رہتے ہوئے کلاسوں میں شامل ہوتی رہیں۔ جماعتی خدمات کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ جماعتی مہمانوں، خاص طور پر مربیان کرام کا بےحد احترام کرتیں ۔ خلافت احمدیہ سے گہری محبت اور عقیدت تھی۔ باقاعدگی سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں اپنے ہاتھ سے خطوط لکھتیں اور باوجود ناسازی طبع کے حضورِانور کے خطابات براہ راست سننے کے لیے اسلام آباد آتیں۔

مرحومہ کو لجنہ اماء اللہ کی جوبلی کے موقع پر حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تحریک پر روحانی خزائن کی تمام جلدوں کا مطالعہ مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ وفات سے چند ماہ قبل ہی تئیسویں جلد کا مطالعہ مکمل کر کے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعا کی درخواست بھجوائی۔ اسی طرح حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا ایک عربی قصیدہ بھی زبانی یاد تھا۔

مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں خاکسار کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ دونوں بیٹے مربیان سلسلہ ہیں جبکہ دونوں بیٹیاں بھی مربیان سلسلہ سے بیاہی ہوئی ہیں۔ آپ لئیق احمد بلال صاحب (مربی سلسلہ جرمنی) اور عزیز احمد بلال صاحب (مربی سلسلہ وکالت تبشیر یوکے) کی والدہ محترمہ تھیں جبکہ سہیل مبارک شرما صاحب (مربی سلسلہ و نائب امیر کینیڈا) اور سید عطاء الواحد رضوی صاحب (مربی سلسلہ مرکزی رشین ڈیسک یوکے) کی خوشدامن تھیں۔

مورخہ ۱۹؍فروری ۲۰۲۵ء بروز بدھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اسلام آباد میں ازراہِ شفقت مرحومہ کا جنازہ حاضر پڑھایا جس کے بعد احمدیہ قبرستان Eashing(قطعہ موصیان) میں تدفین عمل میں آئی۔ جنازہ کے بعد حضور انور نے از راہ شفقت تعزیت فرمائی اور دعائیں دیں۔ نیز فرمایا کہ بیٹیوں سے میری طرف سے تعزیت کردیں۔ تدفین کے بعد مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر نے دعا کروائی۔

٭…رشید احمد زاہد صاحب لندن سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بڑے بھائی منوّراحمد قمر صاحب ابن غلام احمد مرحوم مقیم جرمنی مورخہ ۳۰؍جنوری۲۰۲۵ء بروز جمعرات جرمنی میں وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

اللہ کے فضل سے ہمارے خاندان میں احمدیت خلافتِ اولیٰ کے دور میں ۱۹۰۸ءمیں آئی جب ہمارے دادا میاں فضل دین صاحب مقیم ببلول پور (گاؤں )علاقہ شکار تحصیل بٹالہ ضلع گورداسپور (انڈیا )نے احمدیت قبول کی جس پر انہیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن اللہ کے فضل سے اس قدر مخالفت کے باوجود نہ صرف احمدیت پہ قائم رہے بلکہ تبلیغ کر کے اپنے صبر و تحمل کا نمونہ دکھاتے ہوئے ارد گرد کے دیہات میں احمدیت پھیلانے میں کوشاں رہے جس سے بفضلہ تعالیٰ احمدیت کو مزید نئے پھل عطا ہوئے۔

مرحوم ۱۹۴۱ءمیں پیدا ہوئے اور۱۹۵۵ء میں میٹرک پاس کیا۔ اس وقت ہماری فیملی چک ۱۲۰؍چیلے کی (نزد سانگلہ ہل) ضلع شیخوپورہ میں مقیم تھی۔ پاکستان میں منگلا ڈیم اور تربیلا ڈیم کی تعمیر کے دوران وہاں کام کیا۔ ۱۹۷۴ءسے ۱۹۹۲ءتک دفاتر تحریک جدید میں وکالت مال اوّل اور وکالتِ زراعت میں بطور کارکن خدمت سلسلہ کی توفیق پائی۔ ۸۰ء کی دہائی میں ۸۳ء تا ۹۰ء صدر محلہ دارالعلوم شرقی رہے۔ محلہ دارالعلوم شرقی ربوہ میں جماعتی خدمات کی توفیق ملتی رہی۔ اسی دوران جبکہ ۱۹۸۴ء کے پُرآشوب حالات میں مرحوم صدر محلہ تھے تو انہیں دارالعلوم شرقی میں مسجد نور تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔آپ ۱۹۹۲ء کے وسط میں جرمنی چلے گئے۔ جرمنی میں ۱۹۹۳ء میں اپنے حلقہ کے صدر منتخب ہوئے۔ اس کے بعد تاحیات جرمنی میں بطور سیکرٹری وصیت حلقہ خدمت کی توفیق ملی۔ ناصر باغ جرمنی میں رضاکارانہ طور پر خدمت کی توفیق پائی۔

خلافت سے انتہائی عقیدت رکھتے تھے اور اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کی۔ نماز، روزہ اور تلاوتِ قرآن کریم میں باقاعدہ تھے اور گھر میں احمدیت کے ماحول کو ہمیشہ قائم رکھا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمتِ اقدس میں دعائیہ خط لکھنے میں بھی بہت باقاعدہ رہے۔ بالخصوص خاندان حضرت مسیح موعودؑکے افراد سے نہایت عقیدت کا تعلق رہا۔ کبھی نظام سلسلہ کے خلاف کوئی بات برداشت نہ کرتے۔ جھوٹ بولنا یا جھوٹی بات کو برداشت نہیں کرتے تھے۔

مرحوم کے سب سے چھوٹے بھائی مربی سلسلہ ہیں ۔

پسماندگان میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ایک بیٹی اور بیٹا لندن میں اور دو بیٹیاں جرمنی میں رہتی ہیں۔

٭…آصف ظفر بلوچ صا حب جماعت احمدیہ ریڈنگ، یوکے سے تحریر کرتے ہیں کہ محمد ادریس بٹ صاحب ابن خواجہ محمد یوسف بٹ صاحب آف احمدنگر حال مقیم لندن، یوکے مورخہ ۲۷؍فروری ۲۰۲۵ء بروز جمعرات بعمر ۷۹؍سال St Helier Hospital میں وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مورخہ ۶؍مارچ بروز جمعرات مسجد بیت الفتوح کے ناصر ہال میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ سے قبل مولانا نصیر احمد قمر صاحب نے مرحوم کا مختصر تعارف کروایا اور اس کے بعد مولانا نسیم احمد باجوہ صاحب امام مسجد بیت الفتوح نے نماز جنازہ پڑھائی۔ Merton and Sutton Joint Cemetery میں تدفین کے بعد نصیر احمد قمر صاحب نے دعا کرائی۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں احباب جماعت اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

آپ کی ولادت قادیان میں ہوئی۔مرحوم کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ مرحوم کے دادا حضرت میاں محمد عیسیٰ صاحب کے ذریعہ ہوا۔آپ کے نانا حضرت فضل دین صاحب کشمیری بھی اصحاب احمد میں سے تھے۔

مرحوم بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ پنجوقتہ نماز باجماعت کا التزام کرنے والے،جماعت اور خلافت سے بےلوث محبت تھی، انتہائی خاموش طبع، خوش اخلاق اور مہمان نواز شخصیت تھے ۔

مرحوم نے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے، دو بیٹیاں، پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یاد گار چھوڑے ہیں ۔

احباب جماعت سے تمام مرحومین کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور لواحقین کے صبر و استقامت کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اعلان ولادت

وسیم احمد ظفر صاحب مبلغ انچارج برازیل و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے خاکسار کی بھتیجی شکیلہ بشریٰ احمد بنت ظریف احمد صاحب اور عثمان زبیر صاحب ابن زبیر احمد صاحب آف میری لینڈ امریکہ کو مورخہ ۲۹؍دسمبر۲۰۲۴ء کو تیسرا بیٹا عطا فرمایا ہے۔ نومولود کا نام ‘صوفیان طالع زبیر’ تجویز ہوا ہے اللہ تعالیٰ کے فضل سے وقف نو کی مبارک تحریک میں بھی شامل ہے۔

نومولود، الحاج مولوی محمد شریف صاحب سابق اکاؤنٹنٹ جامعہ احمدیہ ربوہ کا پڑنواسہ اور خلیل احمد ملک صاحب آف دوالمیال کا پڑپوتا ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس بچہ کی ولادت مبارک کرے، اسے نیک خادم دین اور والدین کے ليے قرۃ العین بنائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button