اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
منصور احمد جاوید چٹھہ صاحب ڈارمشٹڈ، جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ محمد جمیل صاحب مورخہ ۳؍مارچ ۲۰۲۵ء بمطابق ۲؍ رمضان المبارک بروز سوموار صبح پانچ بجے کے بعد بقضائے الٰہی بعمر ۷۸سال وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
مرحوم کے والد محترم کا نام چودھری غلام حسین صاحب تھا اور آپ کا تعلق جھونگل جٹ خاندان سے تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کے خاندان کو حضرت مسیح موعودؑ کی زندگی میں ہی احمدیت قبول کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ حضرت چودھری غلام حیدر صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ، مرحوم کے والد کے چچا اور حضرت چودھری مولا بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ، مرحوم کے پڑدادا تھے۔
مرحوم کے آباؤاجداد کا تعلق قادیان کے نزدیک گاؤں تلونڈی جھونگلاں سے تھا۔ آپ کا خاندان ۱۹۲۳ء میں حضرت مصلح موعودؓ کی تحریک پر سندھ ہجرت کر کے آباد ہوا۔ ابتدا میں اس بستی کو ’’گوٹھ چودھری غلام حیدر‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا جسے بعد ازاں حضرت مصلح موعودؓ نے ’’کوٹ احمدیہ‘‘ کا نام عطا فرمایا۔ الحمدللہ، اس بستی کو تین خلفائے کرام کی تشریف آوری کا شرف حاصل ہو چکا ہے۔
مرحوم نہایت نیک، ملنسار، عزیز و اقارب کا خیال رکھنے والے، غریبوں اور مستحق افراد کی پوشیدہ مدد کرنے والے اور جماعتی مالی و جانی قربانیوں میں پیش پیش رہنے والے مخلص خادم دین تھے۔ آپ نے ہمیشہ حقوق العباد کی ادائیگی میں خاص اہتمام کیا اور دینی و دنیاوی معاملات کو باقاعدگی سے بروقت مکمل کرنے میں مسرت محسوس کی۔ خلفائے کرام سے گہری محبت رکھتے تھے اور مقامی و مرکزی جماعتی عہدیداران اور مربیان سلسلہ کی خدمت کو باعث سعادت سمجھتے تھے۔ مالی قربانی میں باقاعدگی آپ کا مستقل شعار تھا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ کو جماعت احمدیہ اوزنگن (Usingen) جرمنی میں مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق ملی۔ آپ ۲۰۰۰ء سے ۲۰۰۱ء تک صدر جماعت اور ۱۹۹۴ء سے ۲۰۰۴ء تک زعیم مجلس انصار اللہ اوزنگن کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔
آپ کو پاکستان آرمی میں خدمات پیش کرنے کا موقع بھی ملا اور ۱۹۷۱ء کی جنگ میں آپ تقریباً اڑھائی سال جنگی قیدی بھی رہے۔
پسماندگان میں بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ نیز آپ کے پانچ بھائی حیات ہیں۔ مکرم میر عبد المجید شاہد صاحب (ریٹائرڈ مربی سلسلہ) آپ کے سمدھی ہیں۔
آپ کی نماز جنازہ مورخہ ۵؍مارچ ۲۰۲۵ء کو نماز مغرب کے بعد بیت السبوح، فرینکفرٹ میں مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی کی اقتدا میں ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی۔ بعدازاں مورخہ ۶؍ مارچ بروز جمعرات صبح دس بجے کے بعد ڈیٹسن باخ (Dietzenbach) کے قبرستان میں نماز جنازہ مقامی مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور بعد از تدفین دعا کرائی۔ یہاں بھی کثیر تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین