یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے شہر Hemer میں تین روزہ ’اسلام و قرآن‘ پر نمائش کا اہتمام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی کی جماعت Iserlohn کو اپنےقریبی شہر Hemerکے کلچرل سنٹر میں ۲۰۱۳ء سے اسلام اور قرآن پر نمائشیں لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ مورخہ ۱۴تا۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو اس جماعت کو اپنی پانچویں سہ روزہ نمائش ’’اسلامی تاریخ کا سفر‘‘ کے موضوع پر لگانے کی توفیق ملی۔

مکرم بشارت احمد صاحب ناظم اعلیٰ اسلام وقرآن نمائش اپنی رپورٹ میں تحریر کرتے ہیں کہ نمائش کی تیاری کئی ماہ پہلے مکرم راشد احمد صاحب صدر جماعت احمدیہ کی راہنمائی میں شروع ہوئی اور تبلیغ کمیٹی نے مختلف ذمہ داریاں مقامی احباب جماعت کے سپرد کیں۔ مورخہ۱۴؍فروری کی صبح ساڑھے سات بجے نیشنل شعبہ تبلیغ کی تین رکنی ٹیم نمائش کا مکمل سامان لے کر فرانکفورٹ سے تقریباً ۲۰۰؍کلومیٹر کا سفر طے کرکے نمائش کے مقام پر پہنچی۔ مرکزی نمائندگان کی زیرنگرانی مقامی افراد جماعت کی مدد سے تقریباً تین گھنٹوں میں نمائش کو زائرین کے ليے احسن انداز میں تیار کیا گیا۔

افتتاحی تقریب:مورخہ ۱۴؍فروری کو افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہیمر کے میئر جناب کرسچین شوائٹزر، مکرم حبیب الرحمٰن ناصر صاحب مربی سلسلہ شعبہ تبلیغ، مکرم مشہوداحمد ادیب صاحب مقامی مربی سلسلہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور جماعت احمدیہ جرمنی کی ایک تعارفی ویڈیو سے ہوا۔ اس کے بعد میئر صاحب نے اپنی تقریر میں بین المذاہب ہم آہنگی اور قیام امن پر زور دیا۔

نمائش کے اہم نکات

٭…اسلامی تعلیمات، قرآن کریم، سائنسی حقائق، خلافت، امام مہدیؑ اور جماعت احمدیہ کی تاریخ پر معلوماتی سٹینڈز لگائے گئے۔

٭…نایاب نسخہ جات قرآن کی خصوصی نمائش کی گئی۔

٭…زائرین کے لیے کافی، چائے اور مٹھائی کا اہتمام تھا۔

اہم پروگرامز

پینل ڈسکشن: ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘کے موضوع سے ہونے والی پینل ڈسکشن میں ماہرین، سیاستدانوں اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ ان تین دنوں میں دو لیکچرز بعنوان ’’خلافت- روحانی یا سیاسی؟‘‘ اور ’’ہم سب جرمن ہیں‘‘ پیش کیے گئے۔ ان لیکچروں کے بعد مہمانوں کے ساتھ ایک پروگرام سوال وجواب بھی منعقد ہوا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تین دنوں میں ۶۲؍مہمانوں نے نمائش میں شرکت کی جن میں سیاستدان، اساتذہ، مذہبی راہنما اور عام شہری شامل تھے۔ میڈیا کوریج، سوشل میڈیا، فلائرز اور دعوتی مہم کی بدولت ہزاروں افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچا۔ مہمانوں نے خوشنودی کے تاثرات درج کیے اور مستقبل میں ایسی مزید سرگرمیوں کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس نمائش سے ٹھیک چار دن قبل نمائش کی وسیع پیمانے پر تشہیر کے ليے ایک پریس کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

مہمانوں کے تاثرات

٭…محترمہ Ursula Hüttemeister-Hülsebusch صاحبہ سیاسی پارٹی گرین کی پارلیمانی راہنما بیان کرتی ہیں کہ ’’اسلامی نمائش کا شاندار تعارف کروانے پر بے حد شکریہ۔ اس شاندار تقریب کے انعقاد پر بھی شکریہ۔ میں تمام انسانوں کے لیے امن کی خواہش رکھتی ہوں۔‘‘

٭… محترمہ Lydia Timmerصاحبہ جن کا سیاسی پارٹی FDP سے تعلق ہے اور پارلیمانی انتخابات میں ضلعی سطح کی اُمیدوار ہیں بیان کرتی ہیں کہ ’’آپ کی پینل ڈسکشن میں شرکت کا موقع دینے پر بے حد شکریہ۔ مجھے آپ کی جماعت بہت دلچسپ لگی اور آج میں نے ایک بار پھر سیکھا کہ محبت تمام انسانوں کو جوڑتی ہے۔‘‘

٭… جناب ایوب صاحب جن کا تعلق ملک شام سے ہے اور عربی زبان کے استاد رہ چکے ہیں بیان کرتے ہیں کہ ’’میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ حقیقی اسلامی تعلیمات کو پیش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ میں آپ کی کامیابی کے لیے نیک تمنائیں رکھتا ہوں۔‘‘

٭… مقامی شہر کے میئر جناب کرسچین شوائٹزر بیان کرتے ہیں کہ ’’میں پرتپاک دعوت کے لیے شکر گزار ہوں۔ تمام بڑے مذاہب میں ایک قدر مشترک ہے اور وہ ہے امن کا پیغام۔ تنازعات، تشدد اور یہاں تک کہ جنگوں کا سبب مذاہب نہیں بلکہ انسان ہوتے ہیں۔ اپنے ہمسایوں کو جاننا ایک مثبت قدم ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہم جرمنی میں دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ ‘‘

٭… جناب Jasem Djami صاحب اسلامیات کے طالب علم ہیں، بیان کرتے ہیں کہ ’’نمائش میں شرکت کی دعوت کا بے حد شکریہ۔ آپ نے اس نمائش کے لیے بہت محنت کی ہے اور میں خوشی سے آیا ہوں۔ آج میں نے آپ کی جماعت کے بارے میں جانا اور بہت کچھ نیا سیکھا۔‘‘

٭…جناب Heinz Aufenbergفرانسیسی عیسائی برادری کے رکن بیان کرتے ہیں: ’’دعوت دینے کا شکریہ۔ میں بہت خوشی سے یہاں آیا ہوں۔ بائبل اور قرآن میں بہت سی مشترکہ قدریں پائی جاتی ہیں کیونکہ دونوں محبت کی تعلیم دیتے ہیں۔ میں مستقبل میں آپ کی Iserlohn کی مسجدکا بھی دورہ کرنا چاہوں گا۔‘‘

اللہ تعالیٰ اس نمائش کے مثبت نتائج مرتب فرمائے اور ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پیغام پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کی بعض حالیہ سرگرمیاں

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button