تازہ ترین: احمدیہ قبرستان کوٹلی شہر ضلع آزاد کشمیر میں ۷۶ احمدیوں کی قبروں کے کتبے انتہاپسندوں نے توڑ دیے
نفرت و تعصب کے زیر اثر اس طرح کے واقعات وطن عزیز میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کو ظاہر کر رہے ہیں۔

آج ۲۱؍مارچ بروز جمعہ کوٹلی آزاد کشمیر میں ۷۶؍ احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو نامعلوم انتہاپسندوں نے توڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ۲۱؍مارچ کی صبح سحری کے وقت یہ کارروائی نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی۔ اس دوران بجلی بھی بند رہی۔ اس قبرستان میں ۷۶؍قبروں پر کتبے لگے ہوئے تھے اور تمام کتبے توڑے گئے ہیں۔ یہ قبرستان ۱۹۸۴ء سے پہلے کا ہے اور اس قبرستان کی چار دیواری بھی ہے۔

پولیس نے تھانہ سٹی کوٹلی میں زیر نمبر ۱۱۰ نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ ۲۹۷ مقدمہ درج کیا ہے۔ قبل ازیں میر پور آزاد کشمیر میں احمدیوں کی ۳۱ قبروں کی بے حرمتی کی گئی تھی اور کتبوں کو توڑا گیا تھا۔

اس سال ۲۰۲۵ء میں اب تک ۸ مختلف واقعات میں ۱۶۹؍احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑے جا چکے ہیں۔
اس طرح کے واقعات پاکستان میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انتظامیہ اس طرح کے گھناونے عمل میں ملوث مجرمان کو قانون کی گرفت میں لے کر قرار واقعی سزا دلوائے۔