کیوں؟
پیارے بچو! ایک دلچسپ سوال کے ساتھ حاضر ہیں۔ آج کا سوال ہے کہ
QRکوڈ کیوں بنائے جاتے ہیں؟
بچو!کیا آپ کو معلوم ہے کہ QRکوڈ کن الفاظ کا مخفف ہے QRکوڈ سے مراد کوئیک رسپانس (Quick Response)ہے موجودہ دور میں QRکوڈکا استعمال کافی عام ہو چکا ہے اور مختلف سروسز میں اسے استعمال کیا جا رہا ہے۔ کوڈ کا استعمال آپ کا وقت محنت اور پیسہ بھی بچاتا ہے۔ QR کوڈ دو قسم کا ہوتا ہے۔
جامد کوڈ: یہ ایک ایسا کوڈ ہے جس میں دیے گئے ڈیٹا کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور جو معلومات اس میں دی گئی ہیں وہ اس میں محفوظ ہیں کسی تبدیلی کے بغیر ایسے کوڈز عام طور پر اشتہارات، روزگار کے معاہدوں یا دفتری فائلوں کو محفوظ کرنے اور بآسانی شیئر کرنے کے کام آتے ہیں۔
متحرک کوڈ: یہ QRکوڈ اپنے ڈیٹا کو ٹریک کرنے، ترمیم کرنے اور اپڈیٹ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
بچو! کووڈ 19 کی وبا کے دوران QRکوڈ کا استعمال زیادہ بڑھ گیا۔ اس کوڈ سسٹم کو 1994ء میں ایک جاپانی ٹیم نے تیار کیا تھا اس ٹیم نے بار کوڈٹیکنالوجی کو بھی تشکیل دیا تھا اور پھر مختلف اداروں کی جانب سے شکایت کی گئی کہ بار کوڈز میں زیادہ ڈیٹا اکٹھا نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ چنانچہ اس ٹیم نے یہ سوچنا شروع کیا کہ کس طرح بڑے پیمانے پر تفصیلات کو مختصر کوڈ میں سمجھایا جائے یا سمایا جائے۔ چنانچہ ایک انٹرویو میں ماشیرو ہارا نے جو اپنی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے تھے بتایا کہ ہم دس سال سے بار کوڈ ریڈر بنا رہے تھے۔ پھر ہمیں سٹریٹیجک گیم گو کا بورڈ دیکھ کر QRکوڈ سسٹم کا خیال آیا جس میں بہت زیادہ تفصیلات جمع کی جا سکتی تھی اس طرح QRکوڈ کا قیام عمل میں آیا اور نہ صرف جاپان بلکہ ساری دنیا میں QRکوڈ کو بہت مقبولیت ملی۔
اب QRکوڈ کو لوگوں کے تحفظ کے لیے متعدّد ایپس خاص طور پر مالیاتی سروسز اور کووِڈ وبا کے دوران کیسز کی ٹریکنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ 1994ء میں بار کوڈ صرف معیشت سے مخصوص تھے۔
پیارے بچوں QRکوڈ ہزار ہندسوں اور حروف کو سٹور کر سکتا ہے اور اگر کوڈ میں کوئی مسئلہ ہو تو بھی سکینرز انہیں بآسانی سمجھ لیتے ہیں۔ جاپان کی یہ ٹیم آجکل نیو کوڈز تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ یہ QR کوڈ موجودہ ورژن سے کافی مختلف ہوگا ۔نئے کوڈ سسٹم میں رنگ بھی ہوں گے جبکہ نئے کوڈ چکور کی بجائے تکونی شکل کے بھی ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ ڈیزائن موجودہ کے مقابلے میں زیادہ تفصیلات سٹور کر سکیں گے۔
بچو! آج ایک عملی مشق بھی کرتے ہیں ۔ آپ بچوں کے الفضل کے صفحہ چار پر موجود QRکوڈ کو سکین کر کے دیکھیں کہ یہ کس طرح کام کرتا ہے۔
تو بچو! آپ کوآج کاسوال اور اس کا جواب کیسالگا؟ ان شاء اللہ اگلے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ پھر حاضر ہوں گا۔ آپ کا بھائی۔ خلیق احمد شرجیل(جرمنی)