مجلس خدام الاحمدیہ ناروے اور ہیومینٹی فرسٹ یوکے کا ’GoalForGaza#‘ فٹ بال ٹورنامنٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کو ہیومینٹی فرسٹ یوکے کے تعاون کے ساتھ اوسلو میں ایک چیریٹی فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
یہ ٹورنامنٹ ’GoalForGaza#‘ مہم کے تحت منعقد کیا گیا۔ جس کا مقصد غزہ کی عوام کے لیے عطیہ جات اکٹھے کرنا اور ان کے حالات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔

ٹورنامنٹ سے قبل مورخہ ۸؍فروری۲۰۲۵ء کو Jernbanetorgetمیں ایک معلوماتی سٹال لگایا گیا تھا جس دوران خدام نے زائرین میں معلوماتی لٹریچر تقسیم کیا۔ اس کے ساتھ انہیں مفت ہاٹ چاکلیٹ اور سنیکس بھی پیش کیے گئے جو مقامی لوگوں کی توجہ کھینچنے کا سبب ثابت ہوئے۔
ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی جن میں چھ بیرونی اور دو جماعتی تھیں۔ تمام کھلاڑیوں نے کھیل کے دوران مہارت، ٹیم ورک اور دوستانہ جذبے کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ نہایت دلچسپ رہا جس میں DB فٹ بال کلب نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔

مکرم عزیز حفیظ صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ یوکے خاص طور پر برطانیہ سے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تشریف لائے۔ آپ نے افتتاحی اور اختتامی تقریبات میں غزہ کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور وہاں کے بچوں کی صعوبتوں کے بارے میں بتایا۔ آپ نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے جمع ہونے والے عطیات ان بچوں کو بنیادی خوراک، پانی اور تعلیم فراہم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں اور ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انٹری فیس، عطیات اور دیگر ذرائع سے مجموعی طور پر ایک لاکھ پچاس ہزار کرونر جمع کیے گئے جو مکمل طور پر غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے وقف کیے گئے ہیں۔ اس مہم کو مقامی میڈیا میں بھی نمایاں کوریج ملی۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کے چھتیسویں(۳۶)جلسہ سالانہ کا بابرکت انعقاد