پریس ریلیز (Press Release)

پریس ریلیز:پاکستان بھر میں احمدیوں کو عید کی عباد ت میں مشکلات کا سامنا۔ متعدد مقامات پر احمدی حق عبادت سے محروم ۔


٭…پنجاب اور سند ھ میں مختلف مقامات پر احمدیوں کو انتظامیہ نے عید کی عبادات سے جبراً روک دیا۔

٭…عقیدے پر عمل سے روکناانسانی حقوق کے عالمی چارٹر اور آئین پاکستان کے آرٹیکل ۲۰ کی واضح خلاف ورزی ہے۔

٭…چار دیواری میں احمدیوں کو مذہب پر عمل سے روکنا سپریم کورٹ کےفیصلے کی خلاف ورزی ہے:ترجمان جماعت احمدیہ

چناب نگر :(پ ر ۳۱؍مارچ۲۰۲۵ء)پاکستان میں احمدیوں کو عید کی عبادت کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا رہا۔ متعدد مقامات پر احمدیوں کو عید کی عبادت کی ادائیگی سے جبراً روک دیا گیا۔پنجاب اور سندھ کے مختلف مقامات پر پولیس نے احمدیوں کو عید کی عبادت نہیں کرنے دی۔لاہور میں جماعت احمدیہ کی مرکزی عبادت گاہ گڑھی شاہو سمیت پانچ مقامات پر احمدیوں کو عید کے اجتماع سے روک دیا۔انتہا پسند عناصر نے احمدی عبادت گاہ کے باہر جمع ہو کر احمدیوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے اور اشتعال پھیلایا۔لاہور میں ماڈل ٹاؤن،علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی عید کے اجتماع سے روکا گیا۔شیخوپورہ میں فاروق آباد،کجر،کوٹ عبدالمالک اور بیدادپور میں ،جبکہ ساہیوال میں ۶/۱۱-Lمیں، راولپنڈی میں بعض مقامات اور کراچی میں ۴ مقامات پر پولیس نے احمدیوں کو عید کی عبادت کرنے سے روک دیا نیز تھانہ سر سید کی حدود اور تھانہ عزیز آباد میں احمدیوں کو عید کے اجتماع سے روکا گیا نیز مذکورہ احمدی عبادت گاہوں کو پولیس نے غیر قانونی طور پر سیل کر دیا۔ انتہا پسندوں نے عزیز آباد میں احمدی عبادت گاہ میں توڑ پھوڑ کی اور بیرونی دیوار پر نفرت انگیز وال چاکنگ بھی کی۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے احمدیوں کو عید کے اجتماعات سے جبراً روکنے اور احمدیوں کی عبادت گاہوں کے گرد انتہا پسندوں کی جانب سے احمدیوں کے خلاف نفرت پر مبنی اشتعال انگیز نعرے لگانے اور انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں احمدی عبادت گاہوں کی غیر قانونی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن اور محب وطن پاکستانی احمدیوں کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے سے روکنے کے لیے انتہا پسندوں کی اشتعال انگیز کارروائیاں قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل ۲۰ ہر پاکستانی شہری کو اپنے عقیدہ کے مطابق اس پر عمل کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پر امن اور محب وطن احمدیوں کو عبادت کرنے سے روکنے کے لیے شر پسند عناصر کی کارروائیوں سے وطن عزیز کے مثبت تاثر کو مسلسل ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایک انتہا پسند گروہ کی خوشنودی کے لیے چاردیواری کے اندر احمدیوں کو عبادت سے روک کر وطن کی کونسی خدمت کی جا رہی ہے؟ ترجمان نے اہل وطن اور ذمہ دار ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہا پسندوں کی متعصبانہ سوچ کو مسترد کرتے ہوئے پاکستانی احمدیوں کے انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے ۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: سرجانی ٹاؤن کراچی میں جمعہ کے روز عبادت کرنے پر 25 سے زائد احمدیوں پر مقدمہ ۔6 گرفتار

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button