کینیا کی جماعت کیکومبا میں مشن ہاؤس کا افتتاح اور جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

مکرم قاسم مچیرے صاحب ریجنل مبلغ ایسٹرن ریجن تحریر کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار کینیا کے ایسٹرن ریجن (جسے کمبانی، مچاکوس اور کادیانی ریجن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کی جماعت کیکومبا کو ایک نو تعمیر شدہ مشن ہاؤس کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے اس مشن ہاؤس کا افتتاح کیا۔
کیکومبا ایک چھوٹا گاؤں ہے جو ریجنل ہیڈکوارٹر کادیانی قصبہ سے تقریباً ۲۱؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں ۱۹۹۷ء – ۱۹۹۸ء میں جماعت احمدیہ کا قیام عمل میں آیا۔ ابتدائی طور پر کرایہ کے مکان میں نمازوں اور معلم صاحب کی رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ ۱۹۹۹ء میں جماعت نے مارکیٹ ایریا میں ایک پلاٹ خریدا اور مکرم مقصود احمد منیب صاحب مرحوم انچارج کادیانی ریجن کی نگرانی میں ایک پختہ مسجد تعمیر کی۔ (ملخص رپورٹ: ہفت روزہ الفضل انٹرنیشنل، ۳تا ۹؍مارچ ۲۰۰۰ءصفحہ ۱۲)
مسجد کی تعمیر کے بعد معلم صاحب کی رہائش قریبی کرایہ کے مکان میں رکھی گئی۔ گذشتہ سال مسجد کے احاطے میں ہی مستقل مشن ہاؤس کی تعمیر کا منصوبہ طے پایا۔ اس کےلیےخاکسار (ریجنل انچارج)نے تعمیراتی منصوبے کے لیے نقشے اور اجازت نامے حاصل کیے۔ جنوری ۲۰۲۵ء میں تعمیر کا آغاز ہوا اور مشن ہاؤس مکمل ہوا جس میں دو بیڈ رومز، بیٹھک، کچن، برآمدہ اور غسل خانے شامل ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ کی مدد سے یہاں ایک کنواں بھی کھودا گیا جس سے مقامی آبادی بھی مستفید ہو رہی ہے۔ تعمیراتی کام کی نگرانی خاکسار نے کی۔

افتتاح کے دن مکرم امیر صاحب کینیا، مبلغین سلسلہ اور مرکزی مجلس عاملہ کے ممبران کے ہمراہ کیکومبا مسجد پہنچے۔ بعد ازاں فیتہ کاٹ کر مشن ہاؤس کا افتتاح کیا گیا جس کے بعد احباب جماعت نے مسجد میں منعقدہ جلسہ یوم مصلح موعود میں شرکت کی۔
جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اور ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’پیشگوئی مصلح موعود‘‘ از معلم عبد اللہ مٹنگا صاحب، ’’حضرت مصلح موعودؓکی تبلیغی خدمات‘‘ از معلم جمعہ ماؤنیکا صاحب اور ’’حضرت مصلح موعودؓ کے عظیم الشان کارنامے‘‘ از خاکسار۔
آخر میں مکرم امیر صاحب نے احباب جماعت کو مشن ہاؤس کی تعمیر پر مبارکباد دی اور تلقین کی کہ مسجد کو اپنی نمازوں سے اور مشن ہاؤس کو تبلیغی سرگرمیوں سے آباد رکھیں۔ آپ نے حضرت مصلح موعودؓ کی سیرت بیان کرتے ہوئے احباب جماعت کو نصیحت کی کہ وہ جماعت احمدیہ کی بے لوث خدمات بجا لایا کریں۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں۶۵؍احباب جماعت اور تقریباً ۴۰؍معزز مہمان شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
مزید پڑھیں: کبابیر میں یوم مصلح موعود کے حوالے سے سرگرمیاں اور وقف نو کے نویں (۹) سالانہ اجتماع کا انعقاد