افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کے ناردرن ریجن میں دو مساجد کا بابرکت افتتاح

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

میر وسیم الر شید صاحب ریجنل مبلغ ناردرن ریجن، سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۳؍فروری ۲۰۲۵ء بروز اتوار جماعت احمدیہ رورِنکا اور جماعت احمدیہ مانکنے جو کہ بومبالی ڈسٹرکٹ میں واقع ہیں، میں نئی تعمیر شدہ مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ افتتاح کے ليے ہیڈ کوارٹرز سے مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون اور مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ریجنل ہیڈ کوارٹرز مکینی سے بھی احباب جماعت نے ان پروگرامز میں شرکت کی۔

رورِنکا کی مسجد کا افتتاح

جماعت رورِنکا (Rorinka) کی مسجد کا سنگ بنیاد مولوی عبد اللہ عمر طورے صاحب نے جنوری ۲۰۲۴ء کے آخر میں رکھا تھا۔ اس مسجد کا مسقف حصہ ۳۵x ۲۵ میٹر ہے اور اس میں ۲۵۰؍افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور پھر مہمانوں اور احباب جماعت کا تعارف پیش کیا گیا۔ مکرم محمد سانکو صاحب ریجنل صدر ناردرن ریجن نے اپنے افتتاحیہ کلمات میں بتایا کہ جماعت اس گائوں میں کیسے شروع ہوئی اور سب کو خوش آمدید کہا۔ پھر مدعو کیے گئے غیر از جماعت امام نے جماعتی خدمات کو سراہا۔ بعدازاں مبلغ انچارج صاحب نے مسجد کے قیام کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیا اور احباب جماعت کو نمازیں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں نماز کی اہمیت سے آغاہ کرنے کے علاوہ قرآن کریم سیکھنے کی ترغیب دلائی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح دعائے ابراہیمی دہراتے ہوئے کیا۔ نیز دعا کے بعد مسجد کا معائنہ کیا۔ اس سب کے بعد لوکل جماعت کی طرف سے تمام حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔ اس پروگرام کی کُل حاضری ۱۳۰؍رہی۔ الحمدللہ

مانکنے مسجد کا افتتاح

دوسرا پروگرام مانکنے(Mankneh) جماعت میں تقریباً ایک بجے دوپہر تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ مکرم محمد سانکو صاحب ریجنل پریذیڈنٹ نے تعارفی کلمات کہے۔ پھر مختلف مہمانان نے مختصراً بیانات دیتے ہوئے مسجد کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور مکرم امیر صاحب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ جماعت احمدیہ کی روایت ہے کہ اللہ کے گھر تعمیرکرتے ہیں اور اسے آباد بھی کرتے ہیں۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں احباب جماعت کو اس طرف توجہ دلائی کہ مساجد کی اصل خوبصورتی ان کے نمازیوں کے ساتھ ہے۔ مکرم امیر صاحب نے حاضرین کو قرآن کریم کی روشنی میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد آپ نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کرائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد لوکل جماعت کی طرف سے حاضرین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس مسجد کا مسقف حصہ ۲۵ x ۳۰ میٹر ہے اور اس میں ۲۰۰؍افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد ریجنل صدر مکرم محمد سانکو صاحب نے نومبر ۲۰۲۳ء میں رکھا تھا ۔

الحمدللہ، اس پروگرام کی کُل حاضری ۲۱۳؍رہی اور یوں یہ افتتاح تبلیغ کا باعث بنا۔

اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے ان مساجد کو جماعت کی ترقی اور افراد جماعت کے لیےروحانی بلندی کا ذریعہ بنائے۔ آمین

مزید پڑھیں: سیرالیون کاساٹھواں ڈائمنڈ جوبلی جلسہ ۲۰۲۵ء اپنی روایتی رعنائیوں سمیت اختتام پذیر

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button