مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ ساؤتھ افریقہ کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ءکا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ ساؤتھ افریقہ کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ ۱۵ و ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الاوّل، کیپ ٹاؤن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت اجتماع میں کیپ ٹاؤن، پارل، مچلز پلین اور ڈربن کے خدام و اطفال نے شرکت کی۔
اجتماع کا آغاز تہجد، نماز فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ ناشتہ کے بعد صبح ۹؍بجے باقاعدہ افتتاحی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت عزیزم عطاء القیوم کو حاصل ہوئی۔ مکرم احسان دروی صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتھ افریقہ کے پیچھے تمام خدام نے عہد دہرایا۔ عہد کے بعد خاکسار (مبلغ انچارج) نے شاملین کو چند نصائح کیں اور دعا کروئی۔
بعدہٗ تمام خدام ایک قریبی پارک میں پہنچے جہاں والی بال، فٹ بال، کرکٹ، سکواش اور بیڈمنٹن کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں اطفال نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ظہر و عصر کی نمازوں کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔

دوپہر تین بجے سے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم اور قصیدہ خوانی شامل تھے۔ بعد ازاں خدام اور اطفال کے مابین کوئز کا دلچسپ مقابلہ منعقد ہوا جس میں اسلامی تاریخ، جغرافیہ اور معلومات عامہ سے متعلق سوالات شامل تھے۔ مغرب اور عشاء کی نمازوں کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا اور یوں پہلے دن کا اختتام ہوا۔
اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی تہجد، نماز فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ ناشتے کے بعد بعض اِن ڈور گیمز کا اہتمام کیا گیا۔
صبح ساڑھے نو بجے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں تحریری اور فی البدیہہ تقاریر کے مقابلے منعقد کیے گئے جن کے بعد سوال و جواب کی ایک خصوصی نشست ہوئی جن میں خدام نے مکرم زید ابراہیم صاحب صدر جماعت ساؤتھ افریقہ، مکرم توفیق ہارگے صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، مکرم کمال عالم صاحب نیشنل سیکرٹری اشاعت اور خاکسار سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔
مہمانان خصوصی جن میں صدر جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ اور ڈربن سے آنے والے مکرم احمد اوجو صاحب شامل تھے، نے خدام اور اطفال کو چند نصائح کیں۔ اس کے بعد انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس سال کے بہترین خادم کا اعزاز عزیزم عطاء القیوم صاحب کے حصہ میں آیا جنہوں نے مثالی طرز عمل ، اطاعت اور مقابلوں میں بھرپور سرگرمی کا مظاہرہ کیا۔
اجتماع کے اختتام پر خاکسار نے اختتامی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی اور انہیں مزید محنت و استقامت سے دینی خدمات بجا لانے کی تلقین کی۔
اجتماع پر کل حاضری تیس تھی۔
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ کے مئیر کی طرف سے مقامی مذہبی راہنماؤں کو دعوت