متفرق مضامین

سول سروس برطانیہ کا مختصر تعارف اور اس میں شمولیت کے طریق

(ارشد محمود خاں۔ گلاسگو ،اسکاٹ لینڈ)

سول سروس کسی بھی حکومت کا وہ شعبہ ہوتا ہے جو حکومتی پالیسیوں کو مختلف ادارہ جات اور وزارتوں وغیرہ میں رہتے ہوئے لاگوکرنے کا پابند ہوتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نظام کو قائم کرنے اور جدت لانے کا سہرہ برطانوی سامراج کو جاتا ہے جب انہوں نے دنیا کے بہت سارےممالک پر حکومت کی۔ اگر دیکھا جائے تو متحدہ ہندوستان سے لےکر امریکہ اور کینیڈا تک پھیلی ہوئی برطانوی کالونیوں میں سول سروسز کانظام کئی سو سال پہلے قائم کیا گیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلیاں لائی گئیں۔

آج ہم برطانیہ میں رائج اس نظام کی بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ کیسےہم اس میں شامل ہوکر اپنے کیریئر اور مستقبل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

سول سروس موجودہ حکومت کی خدمت کرتی ہے اور اپنی پالیسیوں کو زیادہ سے زیادہ مؤثر طریقے سے تیار کرنے اور لاگو کرنے میں مختلف ڈیپارٹمنٹس میں کام کرتے ہوئے ان کی مدد کرتی ہے۔ سول سرونٹ یہاں کی مقامی کمیونٹی کا حصہ ہیں اور پورے برطانیہ میں ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔ جس کا تعلق سوشل نظام زندگی، ٹیکس، اخراجات، پنشن، قیدخانے،بارڈرز، ڈرائیونگ،صحت، اور زندگیاں بچانے جیسے شعبہ جات سے ہے۔ اور جیسے جیسے یہ معاشرہ بدل رہا ہےیہ نظام اس کے ساتھ ساتھ بہتر اور جدید ہورہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ سول سرونٹس روزانہ لاکھوں لوگوں کے لیے شاندار اور موثر عوامی خدمات فراہم کرتے رہیں۔

سول سرونٹس سیاسی طور پر غیر جانبدار اور حکومت سے آزاد ہیں اور مرکزی حکومت کے محکموں، ایجنسیوں، اور غیر محکمانہ سرکاری اداروں (NDPBs) میں کام کرتے ہیں۔ سول سروس میں حکومتی وزراء (جو سیاسی طور پر تعینات ہیں)، برطانوی مسلح افواج کے ارکان، پولیس، لوکل گورنمنٹ کے افسران یا پارلیمنٹ کے ایوانوں کے NDPBs، نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) کے ملازمین، یا شاہی گھرانے وغیرہ شامل ہیں۔ یہ نظام وزیر اعظم کے ذریعہ، سول سروس کے وزیر کے طور پر ایک مربوط نظام کے ذریعےکام کرتا ہے۔ کسی محکمے میں سب سے سینئر سرکاری ملازم مستقل سیکرٹری (Permanent Secretary) ہوتا ہے جو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے۔

حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا واقفینِ نو کو مشورہ

ماضی میں سول سروس کے حوالے سے ایک سوال پوچھا گیا تھااور جب حضورِانورایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ واقفینِ نو کو سول سروس میں کیریئر بنانا چاہیےتو اس کا کیا مطلب تھا؟

حضرت امیر المومنین نے وضاحت فرمائی کہ یہ مرکزی وقف نو شعبہ پر منحصر ہے کہ وہ واقفین کو سمجھائے کہ سول سروس سے کیا مراد ہے۔ حضور نے فرمایا کہ سول سروس میں پبلک سروس شامل ہے، لوکل کونسل کی سطح سے لے کر وزیراعظم کے سیکرٹریٹ کی سطح تک ،یہ تمام دفاتر سول سروس کے تحت آتے ہیں۔

سول سروس کے فوائد پر گفتگو کرتے ہوئے حضورِانور نے فرمایا: سیاستدانوں کے ساتھ آپ کے تعلقات بہتر ہورہے ہیں اورہر کوئی ملک کی پالیسیوں سے واقف ہے۔ اس کے نتیجے میں جماعت اور احمدی مسلمانوں کو کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ایک باصلاحیت سرکاری ملازم کو پھر مشیر کے طور پر بھی رکھا جاتا ہے۔ تب وہ ملک کے مفاد کے لیے مکمل انصاف کے ساتھ کام کر کے اپنے اعلیٰ افسران کو صحیح مشورہ دے سکتا ہے اور وہ عوام میں ایمانداری سے کام کر سکتا ہے اور جہاں کہیں کوئی نقص ہو وہاں انصاف کر سکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ میں نے کہا تھا کہ عوامی خدمت کونسل کی سطح سے شروع ہو کر وزیر اعظم ہاؤس کی سطح تک ہوتی ہے یعنی سیکرٹریٹ کی سطح تک۔(واقفینِ نو طلبہ کی حضورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ورچؤل ملاقات مورخہ ۲۸؍فروری ۲۰۲۱ء۔ ہفت روزہ الحکم مورخہ ۵؍مارچ ۲۰۲۱ء)

سول سروس میں کیریئر حاصل کرنے کے فوائد

سول سروس کے ذریعہ برطانیہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے ، بہت سے لوگوں سے روزانہ ملنے اور بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔ جس میں عوام کی مختلف قسم کی مدد کی جاتی ہے۔ جیسے معذور لوگوں کے فنڈز، بچوں اور فیمیلیز کے فنڈز اورغربت کم کرنے کے بہت سے منصوبہ جات میں کام کرنا ۔ وغیرہ

برطانیہ کے بارڈرز کو ہوم آفس میں کام کرتے ہوئے محفوظ بنانا اور ملک کے ائیر اور سی پورٹ میں کام کرنے کے علاوہ دوسرے سیکیورٹی اداروں میں خدمات جن میں کئی کام حساس نوعیت کے ہوتے ہیں جہاں سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔

کام پر سیکھنے اور کیریئر کی ترقی کے اچھے مواقع جیسے جدید کمپیوٹر پروگرامز اوردوسرے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کی ٹریننگ اور اس کا استعمال۔ مختلف آن لائن مفت کورسز اور آپ کی ملازمت کی ٹریننگ کے شاندار مواقع۔ سول سروس کالج آف لیڈرشپ میں داخلے اور مفت ڈگری حاصل کرنے کے مواقع۔

لچکدار (Flexible) کام کے اوقات اور جامع فوائد جیسے آپ کے بچوں کو سکول چھوڑنا اور لے کرآنا اور دوسری اپائنٹمنٹ وغیرہ۔ جمعہ کی نماز کے لیے بریک اور مرضی کے کام کے اوقات وغیرہ جہاں رہ کر آپ جماعتی خدمات بخوبی کر سکتے ہیں۔

فل ٹائم، پارٹ ٹائم، ٹرانسفر کے طریقہ کار کے مطابق آپ اپنی جاب کرسکتے ہیں۔ سول سروس میں جاب کا ایک خاص اوقات کار بھی ہے جسے ٹرم ٹائم کہتےہیں جس میں آپ صرف اُن دنوں میں کام کرتے ہیں جب بچوں کے سکول لگے ہوتے ہیں، جب بچوں کو چھٹیاں ہوجاتی ہیں تو آپ کی جاب میں بھی بریک ہوجاتی ہے۔ یہ اوقات کار اُن خواتین کے لیے بہترین ہیں جن کے بچے سکول جاتے ہیں۔

سروس کے دوران آپ رضاکارانہ سال میں پانچ دن بمعہ تنخواہ کام کرسکتے ہیں جیسے جماعت احمدیہ مختلف فلاحی تنظیموں کے لیے چندہ اکٹھا کرتی ہے۔

ایک معقول سول سروس پنشن جو سٹیٹ پنشن کے علاوہ ریٹائر ہونے کے بعد ملتی ہے۔ یہ پنشن آپ کی شدید بیماری، معذوری یا کسی حادثے کی صورت میں ملازمت چلے جانے جیسی صورتحال میں آپ کی تنخواہ اور پنشن وغیرہ کی مکمل ذمہ دار ہوتی ہے جیسے ایک لائف انشورنس کام کرتی ہے۔ سرکاری ملازمت کے دوران وفات پاجانے کی صورت میں یہ سول سروس پینشن آپ کے پارٹنر یا بچوں کو ملنا شروع ہوجاتی ہے جو سٹیٹ پینشن کے علاوہ ہوتی ہے۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیں:

https://www.civilservicepensionscheme.org.uk

سول سروس میں شمولیت کے لیے آپ کے رنگ، نسل، مذہب اور جنس کے متعلق نہیں پوچھا جاتا اور نہ ہی اس بنیاد پر آپ کا انتخاب ہوتا ہے۔ بہت ساری سرکاری نوکریوں کے لیے ڈگری کی شرط ختم کردی گئی ہے جس کی جگہ آپ کا سابقہ تجربہ اور کمپیوٹر سکلز وغیرہ کے بارے میں ٹیسٹ لیے جاتے ہیں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی جسمانی یا ذہنی معذوری ہے تو آپ کو برطانوی قانون کے مطابق امتیازی طور پر ملازمت کے مواقع دیے جائیں گے اور آپ کا انٹرویو لازمی لیا جائے گا اور بہت ممکن ہے کہ دوسرے امیدواروں کی جگہ آپ کوترجیحی ملازمت دی جائے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ آپ کے لیے کام کی جگہ میں خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور آپ کے گھر میں بھی ایک آفس بنا کر دیا جائے گا تاکہ آپ اپنی ملازمت کے دوران کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔

براہ راست سول سروس میں جانے کے طریق

یہ ملازمت مستقل یا مقررہ مدت کے معاہدے، کل وقتی یا جز وقتی ہوسکتی ہے۔چند ایک پروگرامز کا تعارف ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:

ذیل میں درج ویب سائٹ میں اپنا مفت اکاؤنٹ بنائیں اور اپنی پروفائل کے مطابق ملازمت کی تلاش شروع کردیں۔ برطانیہ میں کُل ۴۶۵؍سے زائد سرکاری و غیرسرکاری وزارتیں، ایجنسیز اور ڈیپارٹمنٹس میں لاکھوں سول سرونٹس کام کررہے ہیں اور اس ویب سائٹ میں ہزاروں کی تعداد میں ملازمت کے اشتہارات شائع ہوتے ہیں۔

https://www.civilservicejobs.service.gov.uk

دو سالہ سول سروس فاسٹ ٹریک اپرنٹس شپ پروگرام۔ تفصیل کے لیے یہاں جائیں:

https://www.gov.uk/government/organisations/civil-service-fast-track-apprenticeship

گریجوایٹس کے لیے سول سروس فاسٹ سٹریم پروگرام۔ تفصیل کے لیے یہاں جائیں:

https://www.civil-service-careers.gov.uk/fast-stream

سمر ڈائیورسٹی انٹرنشپ پروگرام کثیرالنسلی اقلیتی طلبہ(Ethnic Minority Students)، معذور طلبہ اور کم نمائندگی والے سماجی و اقتصادی پس منظر سے تعلق رکھنے والوں کے لیے

(under-represented socio-economic backgrounds)

ابتدائی تنوع انٹرنشپ پروگرام

(Early Diversity Internship programme)

کثیرالنسلی اقلیتی طلبہ اور کم نمائندگی والے سماجی و اقتصادی پس منظر والوں کے لیے۔ یعنی ایسےلوگ جو کسی اور نسل اور معاشرے سے تعلق رکھتے ہوں جیسے ایشیائی، افریقی اور یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے برطانوی شہری جو مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے حامل ہوں۔

موومنٹ ٹو ورک اسکیم جو بے روزگار نوجوانوں کے لیے سول سروس میں کام کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔تفصیل کے لیے یہاں جائیں:

https://www.gov.uk/government/news/movement-to-work-work-experience-in-the-civil-service-for-unemployed-young-people

طلبہ کی ملازمت پر تقرری: آپ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم سول سروس میں تجربہ حاصل کرسکتے ہیں جس سے آپ کو اپنی ڈگری اور مستقبل میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے بہت مدد ملتی ہے۔

انٹرن شپ کے مواقع: اگر آپ نے اپنی ڈگری مکمل کرلی ہے مگر کام کا کوئی تجربہ نہیں تو آپ سول سروس میں محدود وقت کے لیے یعنی کچھ ہفتوں یا مہینوں کے لیے جاب کرسکتے ہیں۔

سول سروس کو ایک ایسی افرادی قوت کی ضرورت رہتی ہے جس میں موجودہ اور مستقبل کے ٹیلنٹ کا بہترین امتزاج ہو۔

ہم آپ کی کیا مدد کرسکتے ہیں؟

اللہ کے فضل سے سکاٹ لینڈ ریجن کے مختلف شہروں میں بائیس سے زائد احمدی مردوخواتین، خاکسار سمیت، سول سروسز میں کام کررہے ہیں، جیسے DWP, HMRC, Cabinet Office, Home Office, Scottish Government۔ ہم نے ایک پرائیویٹ نیٹ ورک اور چینل بنایا ہوا ہے جس کے ذریعے ہم ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اس نیٹ ورک کے ذمہ آن لائن ورکشاپس منعقد کرنا جن میں ان ادارہ جات میں شمولیت کے طریق اور نئی سرکاری ملازمت کے اشتہارات کو گروپس میں شیئر کرنا وغیرہ شامل ہے۔ ہم سول سروسز ریکروٹمنٹ کے موضوع پر پانچ سے زائد آن لائن پروگرام کرچکے ہیں جہاں پورے برطانیہ سے احمدی احباب وخواتین شامل ہوئے جو اس شعبہ میں جانے کے خواہش مند ہیں۔ اگر کسی کو برطانیہ میں اس ملازمت کے لیے معلومات اورمدد درکار ہو تو وہ اپنی جماعت کے سیکرٹری صنعت وتجارت سے رابطہ کریں تاکہ مرکزی نظام کے تحت مدد کی جاسکے۔

احمدی احباب وخواتین کی راہنمائی کے لیے ہمارا پرائیویٹ نیٹ ورک بھی حاضر ہے جوامیدوار کی پروفیشنل پروفائل، سی وی، کام کےتجربہ کی تفصیل، مختلف قسم کے ٹیسٹ، پریزنٹیشن اور انٹرویو وغیرہ کی تیاری میں مفت معلومات دے سکتا ہے۔ اگر آپ برطانیہ میں سرکاری ملازم ہیں تو ہم سے رابطہ کریں تاکہ اس نیٹ ورک میں آپ کو بھی شامل کیا جاسکے تاکہ آپ کے تجربہ سے دوسرے سرکاری ملازمین اور اس ملازمت کے امیدوار مفت فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ ایک صدقہ جاریہ بھی ہے اور جیسے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا، احمدی حکومتی پالیسیاں بنانے میں اہم کردار بھی ادا کرسکتا ہے تاکہ عدل وانصاف پر مشتمل ایک معاشرہ تشکیل پاسکے۔

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: ماحولیاتی تبدیلی۔ بھارت و پاکستان

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button