مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیر اہتمام نیشنل آن لائن تربیتی سیمینار کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ جرمنی کی قیادت تربیت کے زیر اہتمام بیت السبوح، فرینکفرٹ میںمورخہ ۱۵؍مارچ ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ایک نیشنل تربیتی سیمینار آن لائن منعقد ہوا۔ تربیتی سیمینار میں نیشنل مجلس عاملہ انصاراللہ جرمنی کے اراکین کے علاوہ فرینکفرٹ اور گردو نواح کی مجالس کے ساتھ ساتھ بیت السبوح کے دفاتر کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔ مجلس انصاراللہ جرمنی کی ملٹی میڈیا ٹیم اور سمعی و بصری کی ٹیم کے مشترکہ تعاون سے یوٹیوب کے ذریعے براہ راست اس سیمینار کی کارروائی بیک وقت اردو اور جرمن زبانوں میں نشر کی گئی۔

مورخہ ۱۵؍ مارچ بروز ہفتہ دوپہر ڈیڑھ بجے ظہر و عصر کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد شرکاء تربیتی سیمینار کی آمد شروع ہوئی۔
سٹیج پر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی کے ساتھ سیمینار کے دونوں مقررین موجود تھے جن میں مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی اور مکرم طاہر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت شامل تھے۔

سوا دو بجے حسب پروگرام سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ پروگرام کے مطابق سیمینار میں دو تقاریر شامل تھیں۔ مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت نے ’’خوشگوار عائلی زندگی‘‘ جبکہ مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ انچارج جرمنی نے ’’اصلاح نفس‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔
سیمینار کے اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے انصاراللہ کی ذمہ داریاں کے حوالے سے حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اقتباسات پیش کیے اور تمام سننے والوں کو ان پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ اپنے اختتامی کلمات میں مکرم صدر صاحب نے دونوں مقررین کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ ماہ رمضان میں اہم موضوعات پر انصار و احباب جماعت کو نصائح کیں۔ اسی طرح تمام شاملین سیمینار، انتظامیہ اور سمعی و بصری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت تربیتی سیمینار شام سوا چار بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔
(رپورٹ:منور علی شاہد۔منتظم رپورٹنگ)
مزید پڑھیں: سویڈن میں منعقدہ یُوک مُوک میلہ میں تین روزہ تبلیغ سٹال کا اہتمام