مالی کے سیگو فیسٹیول میں جماعت احمدیہ کا بُک سٹینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کو سیگو شہر میں منعقد ہونے والے سالانہ فیسٹیول میں شرکت کی سعادت ملی جہاں جماعت نے بُک سٹینڈ لگا کر اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا۔ یہ فیسٹیول ہر سال دریائے نائیجر کے کنارے منعقد ہوتا ہے جس میں مالی کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں۔

بک سٹینڈ پر مختلف زبانوں میں اسلامی لٹریچر پیش کیا گیا جس میں قرآن کریم کا فرانسیسی ترجمہ، حیاتِ محمدﷺ، قاعدہ یسرنا القرآن، اسلامی اصول کی فلاسفی، القول الصریح فی ظہور المسیح، رحمۃ للعالمینﷺ اور دعائیہ خزائن شامل تھیں۔ اس کے علاوہ جماعت احمدیہ کی بنیادی تعلیمات پر مشتمل پمفلٹس اور معلوماتی فلائرز بھی تقسیم کیے گئے جنہیں زائرین نے بڑی دلچسپی سے حاصل کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے بک سٹینڈ کے ذریعے تقریباً تین لاکھ ۶۰؍ہزار ۵۰۰؍فرانک سیفا کی کتابیں فروخت ہوئیں جو عوام کی اسلام احمدیت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ثبوت ہے۔
جماعت احمدیہ سیگو کے خدام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اس پروگرام میں حصہ لیا اور محبت، اخلاص اور حکمت کے ساتھ آنے والے افراد کو جماعت احمدیہ کے عقائد، خلافت کی برکات اور اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا۔ متعدد غیر از جماعت احباب نے جماعت احمدیہ کے پیغام میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مستقل رابطے میں رہنے کی خواہش ظاہر کی۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ مالی کی تبلیغی مساعی میں مزید وسعت عطا فرمائے اور زیادہ سے زیادہ افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لائبیریا میں دو نئی مساجد کا بابرکت افتتاح