احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ اور احمدیہ ڈینٹل کلینک گیمبیا کی طرف سے مفت میڈیکل و دندان کیمپ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے احمدیہ مسلم ہسپتال ٹلنڈنگ اور احمدیہ ڈینٹل کلینک ٹلنڈنگ کو مورخہ ۱۸؍فروری ۲۰۲۵ء کو، جو کہ گیمبیا کا یوم آزادی بھی ہے، لوئر ریور ریجن کی جماعت ماموٹ فانا میں ایک مفت میڈیکل کیمپ لگانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ الحمدللہ

اس کیمپ کی تیاری کئی ہفتوں سے جاری تھی اور تقریباً تین ہفتے قبل اردگرد کے دیہات میں اطلاع دی گئی تھی۔ میڈیکل ٹیم ایک روز قبل ہی پہنچ کر ریجنل ہیڈکوارٹر مانساکونکو میں قیام پذیر ہوئی تاکہ صبح بروقت روانگی ممکن ہو اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کو طبّی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس ٹیم میں دو میڈیکل ڈاکٹرز، ایک ڈینٹسٹ، ایک فارماسسٹ، تین معاون سٹاف اور ایک ڈرائیور شامل تھے۔
میڈیکل ٹیم کے ساتھ مبلغ انچارج، ایریا مشنری، ریجنل صدر اور ایک مقامی معلم سمیت کُل ۱۳؍افراد پر مشتمل قافلہ اجتماعی دعا کے بعد صبح آٹھ بجے روانہ ہوا اور تقریباً نو بجے کیمپ کی جگہ پر پہنچا۔ یہ کیمپ مقامی سرکاری سکول میں منعقد کیا گیا جہاں پہلے سے ہی مریضوں کی آمد شروع ہو چکی تھی۔

میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر ادویات اور ضروری طبّی آلات نکال کر کیمپ کا آغاز کیا۔ پروگرام کے مطابق یہ کیمپ سہ پہر چار بجے تک جاری رہنا تھا تاہم مریضوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر شام چھ بجے تک جاری رکھا گیا۔
اس موقع پر مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نے اس کیمپ کے انعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ مکرم ابوبکر نیابلی ریجنل صدر نے کہا کہ جماعت احمدیہ نہ صرف انسانیت سے محبت کرتی ہے بلکہ ملکی سطح پر بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
اس کیمپ کے دوران میڈیکل ٹیم نے تقریباً ۶۰۰؍مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔ جن مریضوں کی حالت زیادہ تشویشناک تھی انہیں مزید علاج کے لیے کومبو جماعتی ہسپتال میں آنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈینٹل سیکشن میں کل ۷۰؍مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ۵۰؍کا طبی علاج کیا گیا۔
مریضوں اور مقامی افراد کے تاثرات نہایت مثبت رہے۔ کئی لوگوں نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ بعض کی آنکھیں تشکر کے جذبات سے نم تھیں۔ اس موقع پر ملک کے نیشنل ٹی وی چینل ’’گیمبیا ریڈیو اینڈ ٹی وی سروس‘‘ اور ’’کمیونٹی ریڈیو‘‘ کے نمائندگان نے ڈاکٹروں اور مریضوں کے انٹرویوز بھی کیے جن میں لوگوں نے جماعت کی اس خدمت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل کی درخواست کی۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق اس کیمپ پر تقریباً ایک لاکھ پچاس ہزار ڈلاسی خرچ ہوئے۔
اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے اور جماعت احمدیہ کو خدمت خلق کے مزید مواقع عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لائبیریا میں دو نئی مساجد کا بابرکت افتتاح