ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:کانٹے دار مقابلے کے بعد جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو سات رنز سے ہراکر اہم فتح حاصل کرلی
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 45 (گروپ 2۔سُپراَیٹ)
انگلینڈبمقابلہ جنوبی افریقا
(England vs South Africa)
Gros Islet, St. Lucia
21جون 2024ء
ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء کے سپر اَیٹ مرحلہ کےایک اہم میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے کرشاندارکامیابی حاصل کی۔
سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے اس مقابلہ میں انگلش کپتان جَوس بٹلر (Jos Buttler)نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 163 رنز بنائے ۔
وکٹ کیپربلےبازکوئنٹن ڈی کوک(Quinton de Kock)نے38 گیندوں پر 65 رنزکی بہترین اننگزکھیلی جس میں 4چوکے اور4چھکے شامل تھے۔ڈیوڈملر(David Miller)بھی 28گیندوں پر43رنزبناکرنمایاں رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے جوفرا آرچر (Jofra Archer)نے 3 جبکہ معین علی اور عادل رشید نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم آغازمیں مشکلات کا شکار رہی۔ابتدائی چارکھلاڑی 61کے مجموعی اسکورپرآؤٹ ہوچکے تھے اور 10.2اوورزکاکھیل ہوچکاتھا۔
پانچویں وکٹ کے لیے ہیری بروک(Harry Brook)اورلیام لیوِنگسٹن(Liam Livingstone)نے میچ کا پانسہ پلٹنے والے ساجھی داری قائم کیا۔
14اوورزکےاختتام پرانگلینڈکا اسکور87رنزتھا اور اسے جیت کے لئے مزید77رنزدرکارتھے۔ایسے میں اگلے تین اوورزمیں انگلش بلےبازوں نے 52رنزبناکراپنی ٹیم کو فتح کے قریب کردیا ۔
تاہم میچ کے آخری تین اوورزمیں جنوبی افریقافاسٹ باؤلرزنے شاندارcome backکیااور ایک کانٹے دارمقابلہ کے بعد اپنی ٹیم کو سات رنزسے فتح دلا دی۔
انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 53 اور لیام لیونگسٹن 33 رنز بناکر نمایاں رہے ۔جنوبی افریقا کےکاگیسو ربادا اورکیشو مہاراج نے 2،2 جبکہ بارٹمن اور نوکیا نے 1،1 کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا اس ورلڈکپ میں اب تک چھ میچز جیت کر ناقابل شکست ہے اور ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔
سپر اَیٹ گروپ 2کے آخری دومیچز23جون کوہوں گے۔انٹیگا میں جنوبی افریقاکامقابلہ میزبان ویسٹ انڈیز، جبکہ باربیڈوس میں انگلینڈ کا مقابلہ یوایس اے کے ساتھ ہوگا۔
(رپورٹ:ن م طاہر)