ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:دفاعی چیمپئن انگلینڈنے یوایس اے کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرلیا
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 49 (گروپ 2۔سُپراَیٹ)
انگلینڈبمقابلہ امریکا
(England vs USA)
Bridgetown, Barbados
23جون 2024ء
ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ2024ء میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے یوایس اے کو10وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل میں جگہ بنالی۔اس فتح میں فاسٹ باؤلر کرس جورڈن(Chris Jordan) کی ہیٹ ٹرک اور کپتان جوس بٹلر (Jos Buttler) کے دھواں دار83رنزنے نمایاں کرداراداکیا۔
برج ٹاؤن کے کنزنگٹن اوول میں کھیلے گئےسپر ایٹ گروپ ٹو کے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر امریکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔امریکی بلےبازوں نے اچھا آغازفراہم کرتے ہوئے ابتدائی چھ اوورزمیں 2وکٹیں کھوکر48رنزبنائے۔تاہم بعدازاں ان کےلیے رنزبنانا مشکل ہوتا گیا۔17ویں اوور میں یوایس اے کے 100رنزمکمل ہوئے اور پھر 115کے مجموعی اسکورپرانگلش باؤلرزنےچھ گیندوں پر پانچ وکٹیں اڑائیں۔یوں امریکی ٹیم 18.5اوورزمیں 115رنزبناکرآل آؤٹ ہوگئی۔
امریکا کی جانب سے نتیش کمار(Nitish Kumar) 30 اور کوری اینڈرسن(Corey Anderson) 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلینڈ کے کرس جورڈن(Chris Jordan) نےاننگزکے 19ویں اوورکی پانچ گیندوں پر بغیرکوئی رن دئیے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں ہیٹ ٹرک (Hat-trick)بھی شامل تھی۔سیم کرن (Sam Curran)اور عادل رشید (Adil Rashid)نے دو،دووکٹیں حاصل کیں۔
116 رنز کا ہدف انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10ویں اوور میں حاصل کرلیا۔جوس بٹلر(Jos Buttler) نے 38 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے83رنز کی لاجواب اننگز کھیلی جس میں ہرمیت سنگھ کے ایک اوورمیں پانچ چھکے بھی شامل تھے۔ فلپ سالٹ(Philip Salt) نے 25 رنز کے ساتھ اپنے کپتان کا ساتھ دیا۔
انگلینڈ کے عادل رشیدنے اپنے چاراوورزمیں صرف13رنزکے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیااور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
(رپورٹ:ن م طاہر)