سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:آئی سی سی مینزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ ۲۰۲۴ءمیں سُپراَیٹ راؤنڈکےبعدبھارت،افغانستان،جنوبی افریقہ اور انگلینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔سپراَیٹ گروپ وَن میں بھارت نے اپنے تینوں میچزمیں کامیابی حاصل کی۔بھارتی ٹیم نے افغانستان کو۴۷؍رنز،بنگلہ دیش کو۵۰؍رنزجبکہ آسٹریلیاکو۲۴؍رنزسے شکست دی۔افغانستان نے بھارت سے میچ ہارنےکےبعدمضبوط آسٹریلوی ٹیم کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی۔کنگزٹاؤن سینٹ وِنسنٹ میں ہونے والے مقابلے میں افغانستان نے ۱۴۸؍رنزبنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا۱۲۷؍رنزبناکرآؤٹ ہوگیا۔اسی طرح افغانستان نے اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کوآٹھ رنزسے پچھاڑکرپہلی مرتبہ کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔سپراَیٹ گروپ ٹومیں جنوبی افریقی ٹیم ناقابلِ شکست رہی۔انہوں نے انگلینڈ،یوایس اے اورویسٹ انڈیزکے خلاف فتوحات حاصل کیں۔انگلینڈنے ویسٹ انڈیزکوآٹھ وکٹوں اوریوایس اے کو بآسانی دس وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔میزبان ویسٹ انڈیزاورجنوبی افریقہ کا اہم مقابلہ نارتھ ساؤنڈانٹیگامیں کھیلاگیاجس میں کانٹے دارمقابلے کے بعدجنوبی افریقہ نےتین وکٹوں سے جیت حاصل کی۔ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈاینڈٹوباگومیں جنوبی افریقہ اورافغانستان جبکہ دوسراسیمی فائنل دفاعی چیمپئن انگلینڈاوربھارت کے مابین گیانامیں ہوگا۔
ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے روزانہ کے میچزکی رپورٹ اور اہم ریکارڈز سے باخبررہنے کے لیےروزنامہ الفضل انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔
https://www.alfazl.com/category/aalmi-khabrain/sports/world-t20-2024/
فٹ بال:یوروپین فٹ بال چیمپئن شپ۲۰۲۴ء کے میچزجرمنی میں جاری ہیں۔گروپ اے سے جرمنی اورسوئٹزرلینڈکی ٹیموں نے دوسرے راؤنڈآف۱۶؍میں جگہ بنالی۔جرمنی نےاپنے دوسرے میچ میں ہنگری کو ۲۔صفر سے شکست دی جبکہ سوئٹزرلینڈکے ساتھ مقابلہ ۱۔۱؍گول سے برابررہا۔سوئٹزرلینڈنےہنگری کے خلاف کامیابی حاصل کی جبکہ سکاٹ لینڈکے ساتھ بھی میچ ڈراہوا۔گروپ بی میں سپین اپنے تینوں میچزجیت کرسرفہرست رہا۔سپین نے اٹلی اور البانیا کے خلاف میچز میں صفرکے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی سمیٹی۔اس گروپ میں اٹلی چارپوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپررہا اور کروشیاکی ٹیم کے دومیچزڈرا جبکہ ایک میں انہیں ناکامی کاسامناکرناپڑا۔گروپ سی میں انگلینڈکا دوسرامیچ ڈنمارک کے ساتھ ایک ایک گول کی برابری پرختم ہوا۔گروپ ڈی میں فرانس اور نیدرلینڈزکامقابلہ بغیرکسی گول کے برابرہوا۔گروپ ای میں اپنا پہلا میچ ہارنے کے بعد بیلجیم نے رومانیہ کو۲۔صفرسے شکست دی جبکہ یوکرائن نے سلواکیہ کے خلاف۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔گروپ ایف میں پرتگال نے اپنا دوسرامیچ ترکی کے خلاف ۳۔صفرسےجیتاجبکہ چیکیا(Czechia) اور جارجیا کا مقابلہ ایک ایک گول سے ڈرا ہوا۔
دوسری طرف جنوبی اور شمالی امریکہ کی فٹ بال ٹیموں کے مابین کوپا امریکہ ۲۰؍جون سے ۱۴؍جولائی ۲۰۲۴ء تک یوایس اے میں منعقدہورہا ہے۔اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے کینیڈاکےخلاف ۲۔صفرسے جیتا۔گروپ اے میں پیرواورچلی کا مقابلہ بغیرکسی گول کے برابررہا۔گروپ بی میں وینزویلااور میکسیکونے اپنے پہلے مقابلوں میں ایکواڈوراورجمیکاکے خلاف کامیابی حاصل کی۔گروپ سی میں یوروگوائے نےپانامہ کو۳۔۱؍جبکہ یوایس اے نے بولیویا کو۲۔صفرسے شکست دی۔ گروپ ڈی میں کولمبیانے پیراگوائے کے خلاف ۲۔۱؍سے کامیابی سمیٹی جبکہ برازیل اورکوسٹاریکاکا میچ بغیرکسی گول کے ڈراہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں سولہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے مابین گروپ میچزکے بعد کوارٹرفائنل مقابلے ہوں گے۔
ٹینس:لندن میں ہونے والی Queen‘s Clubچیمپئن شپ کا مینز سنگلزایونٹ امریکہ کے ٹومی پال(Tommy Paul) نے جیت لیا۔فائنل میں انہوں نے اٹلی کے Lorenzo Musettiکو ۶۔۱؍اور۷۔۶؍کے سکورسے ہرایا۔مینزڈبلزمیں انگلینڈکے Neal Skupski اورنیوزی لینڈکے Michael Venusکی جوڑی فاتح رہی۔
فارمولا وَن کار ریسنگ: ۲۳؍جون ۲۰۲۴ء کو ہونے والی Spanish Grand Prix نیدرلینڈز کے Max Verstappen نےجیت لی۔برطانیہ کے Lando Norrisنے دوسری جبکہ Lewis Hamilton نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ Max Verstappenرواں سیزن میں دس ریسیں جیت کرسرفہرست ہیں۔
(ن م طاہر)