مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے اپر ریور ریجن کا ریجنل اجتماع
مکرم محمدقاسم صاحب ریجنل قائد تحریر کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے اپر ریور ریجن نے اپنا ریجنل اجتماع مورخہ ۹؍جون ۲۰۲۴ء کو جماعتی سکول ناصر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول، بسے میں منعقد کیا۔ اجتماع کاافتتاحی اجلاس صبح پونے دس بجے شروع ہوا۔ مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارچ اور مکرم کرامو تورے صاحب پرنسپل سکول نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و عہد خدام الاحمدیہ کے بعد مہمان خصوصی نے افتتاحی کلمات کہے اور دعا کروائی۔
اس کے بعد ناشتہ پیش کیا گی اور فٹ بال کے میچز کروائے گئے۔سومیٹر دوڑ،تین ٹانگ دوڑ، بوری دوڑ کے مقابلے اطفال اور خدام میں کروائے گئے۔ مقابلہ جات کے بعدظہر اور عصر کی نمازیں ادا کی گئیں۔ پھر علمی مقابلے شروع ہوئے جن میں قرآن کریم کی تلاوت، اذان، نماز ترجمے کے ساتھ برائےخدام اورسادہ نماز برائے اطفال، دینی معلومات کےمقابلے شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
اختتامی تقریب شام پانچ بج کر بیس منٹ پر شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد علمی مقابلوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ خاکسار (مربی سلسلہ) نے اپنی اختتامی تقریر میں خدام و اطفال کو بعض نصائح کیں۔ آخر میں دعا ہوئی جس کے بعداجتماعی گروپ فوٹو ہوئی اور اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اجتماع کی کُل حاضری ۱۲۳؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)