آسٹریلیا (رپورٹس)

نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرہ کا دلچسپ اور مقبول تبلیغی دورہ

(مبارک احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نیوزی لینڈ)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ سے ایک وفد کو تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ اس وفد میں یہ احباب شامل تھے: مستنصر احمد قمر صاحب (مربی سلسلہ ویلنگٹن)، آصف منیر صاحب (مربی سلسلہ وائیکاتو)، راشد فراز صاحب (نیلسن جماعت)، بابو مبارک صاحب (نیلسن جماعت) اور طیب احمد صاحب (ویلنگٹن جماعت)۔ مربیان کرام کی سرکردگی میں اس قافلے نے اپنے دورے کا آغاز جنوبی جزیرہ کے شہر نیلسن سے کیا۔ قافلہ کے ممبران ’’میں ایک مسلمان ہوں، مجھ سے کچھ بھی پوچھیں‘‘ کے نعرے سے مزین ہوڈیز (hoodies)پہنے ہوئے تھے۔

عوام کو اپنا پیغام حق پہنچانے کے لیے ’’مفت چائے کے ساتھ گفتگو‘‘ کے تبلیغی منصوبہ کے تحت معنی خیز مکالمے ہوئے جو ثقافتوں کو جوڑنے اور تفہیم کو فروغ دینے کا باعث بنے۔ نیز بنیادی اسلامی موضوعات بھی زیربحث رہے۔

کوئنز ٹاؤن(Queenstown) میں گلیوں کی ہلچل کے درمیان قافلہ نے مختلف افراد سے رابطہ کیا، دوستی اور یکجہتی کے رشتے قائم کیے۔ نیز ایک شیعہ مسلمان دوست سے بھی ملاقات ہوئی جنہوں نے قافلے کو شہر کی سیر کروائی اور معنی خیز گفتگو میں شامل ہوا۔

انورکارگل (Invercargill)، ڈنیڈن (Dunedin) اور ٹیمارو (Timaru) سے ہوتے ہوئے قافلے کا آخری سٹاپ کرائسٹ چرچ شہر تھا جو بہت اہمیت کا اس لیے حامل ہے کیونکہ یہاں کی مسجد النور ۲۰۱۹ء کے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنی تھی۔ یہاں ایک صحافی سے ملاقات ہوئی جس کے نتیجے میں ٹی وی تھری کے نیوز ہب (Newshub)کی پرائم ٹائم نیوز پر ایک براہ راست انٹرویو ہوا جو پورے ملک میں خاص دلچسپی کے ساتھ دیکھا گیا۔

جنوبی جزیرے کا یہ تبلیغی دورہ کامیاب ثابت ہوا۔ سات سے زیادہ اخبارات میں شائع شدہ مضامین اور دو ٹی وی چینلز پر انٹرویو کے ساتھ جماعت احمدیہ کا پیغام دُور دُور تک پھیلا۔ الحمد للہ

دورہ ختم ہونے کے کچھ دن بعد ریفیوجی کیمپ سے UNHCR کے ادارے نے مستنصر قمر صاحب مربی سلسلہ سے رابطہ کیا اور انہیں ریفیوجی کیمپ کے کارکنان کے سامنے ایک پریزنٹیشن دینے کی درخواست کی۔ چنانچہ ریفیوجی کیمپ کے تقریباً پچاس کے قریب اعلیٰ عہدیداران کے سامنے مربی صاحب نے اپنے دورہ کی مختصر پریزنٹیشن پیش کی اور چند دلچسپ واقعات حاضرین کو سنائے۔ اور ان کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔

اس اجلاس میں جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کی طرف سے نیشنل صدر مکرم بشیر خان صاحب، مولانا شفیق الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ، مکرم اقبال خان صاحب سیکرٹری امور خارجہ، مستنصر احمد قمر صاحب مربی سلسلہ، آصف منیر صاحب مربی سلسلہ اور خاکسار شامل تھے۔

(رپورٹ: مبار ک احمد خان ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button