سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ کینیڈا وحفظ القرآن سکول تعلیمی سال (۲۰۲۳ء و ۲۰۲۴ء)
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۳؍جون ۲۰۲۴ء کو جامعہ احمدیہ کینیڈا اور حفظ القرآن سکول کینیڈا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات ایوانِ طاہر میں چھ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی۔ اس تقریب میں جامعہ احمدیہ کے طلبہ، ان کے والدین اور حفظ القرآن سکول کے طلبہ، اساتذہ جامعہ اور ان کی فیملیز کے علاوہ جماعت کینیڈا کے بہت سے مرکزی اور لوکل عہدیداران نے شرکت کی۔
تلاوت قرآن کریم، نظم، قصیدہ اوران کے انگریزی تراجم کے بعد مجلس علمی کی سرگرمیوں کی رپورٹ عزیزم رستگار چوہان نائب انچارج مجلس علمی نے پیش کی جس میں جامعہ کی تاریخ کے ساتھ نصابی و غیرنصابی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا ۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا ۲۰۰۳ء میں قائم ہوا تھا اور ۲۰۱۰ء میں فارغ التحصیل مربیان کی پہلی کلاس میدان عمل میں آئی۔ جون ۲۰۲۳ء تک ۱۴۳؍مبلغین میدان عمل میں پہنچ چکے ہیں اور اس وقت ۱۲؍ممالک سے کُل ۱۲۳؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
اس رپورٹ کے بعد حافظ مجیب احمد صاحب نے حفظ القرآن سکول کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ سکول ۲۰۱۱ء میں قائم ہوا تھا۔ اس وقت تک ۶۶؍حفاظ اس سکول سے قرآن کریم حفظ کر چکے ہیں اور اب ۲۵؍طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ دوران سال ہونے والے علمی و دیگر مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ مکرم حافظ راحت احمد چیمہ صاحب نگران حفظ القرآن سکول کے طور پر خدمات بجا لا رہے ہیں۔
بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے حفظ القرآن سکول اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ میں دوران سال ہونے والے مختلف انفرادی اور اجتماعی علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ اسی طرح کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ کو انعامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ جامعہ کے کچن سٹاف کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں نیز سب سے طویل مدت تک خدمت سرانجام دینے والے اساتذہ کو بھی تحائف سے نوازا گیا۔ اس کے بعدمکرم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کے بعد دعا کروائی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد مہمان خصوصی کے ساتھ تصاویر کا سیشن ہوا۔ اس ساری تقریب کی لائیو سٹریمنگ کی گئی جس کو دیکھنے والوں کی تعداد ۸۰۰؍سے زائد تھی۔
انعامات وغیرہ کی کچھ تفصیل یہ ہے۔
علمی مقابلہ جات:غیر نصابی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور طلبہ کی قابلیتوں کو نکھارنے کے لیے جامعہ احمدیہ کے جملہ طلبہ کو چار مختلف گروپس : شجاعت، امانت،دیانت اور رفاقت میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کا نگران جامعہ احمدیہ کینیڈا کا ایک استاد ہے۔ان گروپس کے درمیان دورانِ سال علمی اور ورزشی مقابلے ہوتے رہتے ہیں۔ جامعہ میں اس سال مجلس علمی کے زیر نگرانی مندرجہ ذیل علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا: انفرادی مقابلہ جات نو تھے۔ تلاوت، نظم، تقریر انگریزی،اردو اور عربی، فی البدیہ تقریر انگریزی، اردو اور عربی اور مقابلہ اشاعت مضامین۔اجتماعی مقابلہ جات پانچ تھے۔روحانی خزائن کوئز، خطبات امام کوئز، کسوٹی، حفظ قصیدہ اور دی فائنل ورڈ (The Final Word) جو قرآن کریم پر ایک کوئز مقابلہ ہے۔
علمی مقابلہ جات میں امانت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم طارق محسن صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔ بہترین طالب علم عزیزم سرمد احمد درجہ رابعہ رہے۔
ورزشی مقابلہ جات: دورانِ سال گروپس کے مابین انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ امسال ۲۸تا۳۰؍مئی ۲۰۲۴ء کو سالانہ کھیلوں کا انعقاد ہوا۔ یہ کھیلیں ایوان طاہر، فیضیہ مہدی پارک، میکنزی گلین پارک، ٹیسٹن ولیج اسکول، اور ڈاؤنز ویو ٹریک میں منعقد کی گئیں۔
کُل ۱۰؍اجتماعی کھیلیں تھیں جن میں کرکٹ، ساکر(فٹ بال)،والی بال، باسکٹ بال، هاکی، بیڈمنٹن ڈبلز، ٹیبل ٹینس ڈبلز، یورپین ہینڈ بال، فلیگ فٹ بال اور ریلے ریس شامل ہیں۔ اسی طرح ۷؍انفرادی کھیلیں تھیں جن میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سو میٹر دوڑ، چارسو میٹر دوڑ،سولہ سو میٹر دوڑ، لانگ جمپ اور روك دوڑ شامل ہیں۔ ان کھیلوں میں ۴؍گروپس دیانت، امانت، شجاعت اور رفاقت نے حصہ لیا۔ اس سال شجاعت گروپ مجموعی طور پر پہلے نمبر پر رها۔
کھیلوں کا آخری پروگرام روک دوڑ تھی جس میں ۲۰؍کے قریب رکاوٹوں کو عبور کر کے منزل پر پہنچنا تھا۔ اختتامی تقریب ۳۰؍مئی ۲۰۲۴ءکو چھ بجے سہ پہر منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم بشیر احمد خان صاحب وائس پرنسپل جامعہ احمدیہ تھے۔ آپ نے روک دوڑ دیکھی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد طلبہ میں سے نگران کھیل عزیزم سرمد احمد نے کھیلوں کی رپورٹ پیش کی، مکرم بشیر احمد خان صاحب نے مختصر تقریر کی اور دعا کرائی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ امسال اساتذہ میں سے نگران کھیل مکرم عبدالرزاق فراز صاحب اور طلبہ میں سے عزيزم سرمد احمد تھے۔
کھیلوں میں شجاعت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم حافظ ہبۃ الرّحمان صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی وصول کی۔
الوداعی تقریب: ۱۲؍جون ۲۰۲۴ء کو صبح ساڑھے گیارہ بجے جامعہ احمدیہ کی طرف سے طلبہ درجہ شاہد کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مکرم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد عزیزم رستگار احمد چوہان درجہ خامسہ نے سپاس نامہ پیش کیا اور ہلکے پھلکے انداز میں طلبہ کی قابلیتوں اور خوشگوار گزرے ہوئے لمحات کا ذکر کیا۔ درجہ سادسہ کی طرف سے مکرم حارث احمد صاحب نے اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور ایک ڈاکومنٹری میں تصویری طور پر اپنی کلاس کی سات سالہ دور کی جھلکیاں دکھائیں۔ آخر پر مکرم پرنسپل صاحب نے طلبہ کو چند نصائح کیں اور دعا کے بعد تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
احباب سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ طلبہ جامعہ کے لیے یہ سب اعزاز مبارک فرمائے اور مقبول خدمت دین کی توفیق دے آمین
(رپورٹ: عبد السمیع خان۔ استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا)