جماعت احمدیہ لائبیریا کے وفد کی صدر مملکت سے ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۴؍جون۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ لائبیریا کے وفد کو مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی قیادت میں عزت ماٰب معزز صدر مملکت جناب Joseph N Bokai صاحب سے صدارتی محل میں ملاقات کا موقع ملا۔
موصوف نے امسال ۲۲؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو عوامی جمہوریہ لائبیریا کے چھبیسویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ اس سے قبل ۲۰۰۶ء تا ۲۰۱۸ء وہ بطورنائب صدر مملکت بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس دور میں ان کے جماعت احمدیہ لائبیریا سے دیرینہ و دوستانہ تعلقات کا آغاز ہوا۔
رسمی گفتگو اور ممبران وفد کے تعارف کے بعد مکرم امیر صاحب نے صدر مملکت کواقتدار سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور کامیاب دور حکومت کے لیے جماعت احمدیہ کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے بعد صدر مملکت نے گفتگو کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بطور نائب صدر مملکت جماعت احمدیہ سے وابستہ اپنی پرانی یادوں کو تازہ کیا۔ صدر مملکت نے ۲۰۰۷ء میں احمدیہ مسلم کلینک ٹب مین برگ کا افتتاح کیاتھا۔ اس کے علاوہ ۲۰۰۸ء میں موصوف جلسہ سالانہ لائبیریا میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ ۲۰۰۹ء میں صدر مملکت کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے لندن میں ملاقات کی سعادت بھی حاصل ہوئی جس میں انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ایک ووکیشنل ٹریننگ کالج کے قیام کی درخواست بھی کی جس کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت منظور فرمایا اور ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کو اس کے انتظام کی ہدایت فرمائی۔ ۲۰۱۱ء میں کالج مکمل ہونے پر صدر مملکت نے ہی اس کا افتتاح کیا جو تاحال بڑی کامیابی سے جاری و ساری ہے۔ اس ملاقات میں صدر مملکت نے حضور انور کی اس خاص شفقت اور مہمان نوازی کے ساتھ ساتھ ان تمام سرگرمیوں کا ذکر کیا۔
مکرم امیر صاحب نے صدر مملکت صاحب کو جماعتی وسعت و ترقیات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا اور ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ امیر صاحب نے کہا کہ ہماری جماعت کے قیام کا مقصد ہی خدمت انسانیت ہے اور ہم اس ملک کی ترقی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ
یہ ملاقات آدھا گھنٹہ تک جاری رہی۔ ملاقات کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے صدر مملکت کو ’’سیرت آنحضرتﷺ‘‘ اور ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتب کے تحفہ کے ساتھ پاکستانی واسکٹ اور ٹوپی بھی پیش کی جسے انہوں نے موقع پر ہی زیب تن کرکے تصاویربنوانا پسند کیا۔
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )