از مرکز

نمائش جامعہ احمدیہ یوکے

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

امسال جلسہ سالانہ کے موقع پر جامعہ احمدیہ یوکے نے بھی ایک نمائش کا اہتمام کیا تاکہ نہ صرف احباب جماعت کو جامعہ احمدیہ کاایک مؤثر تعارف پیش کیا جائے بلکہ نوجوانوں اور واقفین نَو کو ایک عالم دین بننے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جاسکے۔ اس حوالہ سے اس نمائش میں قرآنی آیات،حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مبنی بعض پوسٹرز بھی لگائے گئے جبکہ مختلف دینی و علمی کتب کے علاوہ جامعہ احمدیہ کے گذشتہ سالوں کے مجلات بھی رکھے گئے جن میں مختلف موضوعات پر جامعہ کے طلبہ اور اساتذہ کی طرف سے لکھے گئے مضامین شامل ہوتے ہیں۔

اسی طرح جامعہ احمدیہ کےطلبہ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں حضور انورکے ارشادات پر مشتمل ایک خوبصورت کتاب پُرحکمت نصائح کے نام سے رکھی گئی تھی۔ حضور انور کے مختلف مواقع پر جامعہ احمدیہ یوکے کے دوروں کی بعض یادگار تصاویر پر مشتمل ایک خوبصورت پوسٹر بھی نمایاں تھا۔ دوران نمائش ایک ٹی وی پر جامعہ احمدیہ یوکے کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری مسلسل دکھائی جاتی رہی جس سے جامعہ میں ایک طالبعلم کے روزو شب، تعلیمی و علمی اور ورزشی مقابلہ جات اورحضور انورکی معیت میں منعقد ہوئے بعض پروگرامز دکھائے جارہے تھے۔اس موقع پر صدر مجلس انصاراللہ برطانیہ صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نے بھی اس نمائش کا دورہ کیا اور اس کے حُسنِ انتظام کو سراہا۔

اس دوران جامعہ کے چند نمائندگان نمائش دیکھنے والوں کے سوالات کے تفصیلی جواب دینے کے لیے ہمہ وقت موجود تھےجبکہ نمائش دیکھنے والوں اور جامعہ احمدیہ کے بارے میں مزید معلومات لینے میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک کیو آر کوڈ بھی مہیا کیا گیا تھا جسے اسکین کرکے وہ جامعہ احمدیہ کی ویب سائٹ پر جاکر دیگر مواد بھی دیکھ سکتے تھے۔قارئین الفضل انٹرنیشنل بھی مندرجہ بالا کیو آر کوڈ اسکین کرکے جامعہ احمدیہ کی ویب سائٹ پر جاسکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اس نمائش کےمثبت اثرات ظاہر فرمائے اور زیادہ سے زیادہ واقفین نَو اور دیگر نوجوانان احمدیت کو حضور انور کے ارشادات کی روشنی میں جامعہ احمدیہ میں داخلے کی طرف رغبت پیدا فرمائے تاکہ دنیائے احمدیت کے عالم دین زمین کے چپہ چپہ پرموجود ہوں اور کُل عالم کو اسلام کا حقیقی پیغام پہنچاتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ آمین

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button