اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

سانحہ ہائے ارتحال

٭… زکیہ فردوس کومل صاحبہ زوجہ حنیف احمد محمود صاحب نائب مدیر الفضل انٹرنیشنل یہ افسوس ناک اطلاع دیتی ہیں کہ میری پھوپھی زاد اور بھابھی مکرمہ طاہره تسنیم شمس صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر محمد جلال شمس صاحب مرحوم (مربی سلسلہ و سابق انچارج ٹرکش ڈیسک مرکزیہ یوکے)مورخہ ۱۷؍جولائی ۲۰۲۴ءکو ۷۰ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں ۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

آپ مکرم مولوی محمد شریف کھوکھر صاحب مرحوم (معلم وقف جدیدناصر آباد اسٹیٹ ) کی بیٹی تھیں۔ خاوند کی PhDکی پڑھائی کے دوران آپ نے دس سال کا عرصہ شوہر کے بغیر بہت صبر کے ساتھ گزارا ۔ آپ کے میاں جب پڑھائی کے سلسلہ میں ترکی میں مقیم تھے تو اُن کی غیر موجودگی میں بچوں کی بہترین رنگ میں پرورش اور تربیت کی توفیق پائی ۔ آپ کے میاں کو جب ترکی میں تبلیغ کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا تو آپ نے ان کی اسیری کا زمانہ بھی بہت صبر سے گزارا۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور اسلامی شعار کی پابند، مہمان نواز، ہمدرد، ملنسار،غریب پرور،صحیح معنوں میں ایک واقف زندگی کی بیوی ہونے کا حق ادا کرنے والی ایک باوفا شخصیت کی مالک مثالی خاتون تھیں۔ سب کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آتیں۔ خلافت سے اطاعت کا معیار بہت اعلیٰ تھا۔ بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی بھی توفیق پائی ۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

پسماندگان میں ضعیف والدہ کے علاوہ ایک بیٹا،تین بیٹیاں، سات نواسے نواسیاں اور ایک پوتا پوتی یادگار چھوڑے ہیں۔ اِس کے علاوہ تین بہن بھائی بھی پسماندگان میں شامل ہیں ۔ مرحومہ مکرم منیر احمد جاوید صاحب( پرائیویٹ سیکرٹری حضورانور ایدہ اللہ) کی پھوپھی زاد، رضاعی بہن اور بھابھی بھی تھیں۔

آپ کی نمازِ جنازہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ ۲۰؍جولائی ۲۰۲۴ء کو اسلام آباد یوکے میں پڑھائی۔ بعد ازاں ایشنگ لین (Eashing Lane)قبرستان میں مقبرہ موصیان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ قبر تیار ہونے پر مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر نے دعا کرائی۔ آپ کے خاوند سات ماہ قبل وفات پا گئے تھے اور اِسی قبرستان میں مدفون ہیں۔

٭…مکرم منیب احمد صاحب سابق اکاؤنٹنٹ/آفس انچارج دفتر مجلس نصرت جہاں ربوہ حال مقیم ویٹ ہائم Wertheim جماعت اشافنبرگ Aschaffenburg جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی چھوٹی خالہ جان مکرمہ ساجدہ پروین صاحبہ اہلیہ مکرم طاہر محمود صاحب جماعت Neuss جرمنی مورخہ ۲۰؍فروری ۲۰۲۴ء کو جرمنی میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اناللہ وانالیہ راجعون

مرحومہ نے چھ سال مقامی اور دو سال ریجنل صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ شعبہ ضیافت کی بھی دیرینہ کارکن تھیں۔ گذشتہ سال جلسہ سالانہ جرمنی کے موقع پر بطور ناظمہ خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، خوش اخلاق، ملنسار، پردے کی پابند، دیندار اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ کا نظام جماعت سے مخلصانہ تعلق تھا اور ایک فعال ممبر تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ بڑے بیٹے لوکل جماعت میں بطور سیکرٹری تعلیم خدمت کی توفیق بجالارہے ہیں جبکہ چھوٹے بیٹے جماعتی رفاہی ادارہ النصرت میں کارکن ہیں۔ مرحومہ مکرم مولوی عبدالحق نور شہید صاحب کرونڈی، سندھ کی پوتی اور مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی خالہ زاد بہن تھیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ ۲؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو مرحومہ کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

احباب جماعت کی خدمت میں تمام مرحومین کی مغفرت و بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button