کنشاسا احمدیہ سکول کے تعلیمی سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء کا اختتام
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بر اعظم افریقہ میں مجلس نصرت جہاں سکیم کے تحت جماعت احمدیہ انسانیت کی خدمت کی توفیق پا رہی ہے۔اس سلسلہ میں متعدد سکول اور ہسپتال براعظم میں سرگرم عمل ہیں۔کونگوکنشاسا کے دارالحکومت کنشاسا میں جماعت احمدیہ کو ۱۹۸۹ء میں ایک سکول قائم کرنے کی توفیق ملی۔ یہ سکول اس وقت کے امیر جماعت مکرم صدیق احمد منور صاحب کے دور میں قائم ہوا۔ بعد ازاں مختلف ادوار میں یہ سکول جماعت احمدیہ کے پرچم تلے تعلیم عام کرنے کی خدمت بجالاتا رہا۔بگڑتی ہوئی سیاسی صورت حال اور Covid-19کی وجہ سے ۲۰۱۵ء سے ۲۰۲۱ء تک سکول اقتصادی طور پر کمزور سے کمزورتر ہوتا رہا ۔ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ اس کی سیکنڈری سکول کی شاخ کو ختم کرنا پڑا۔ ۲۰۲۱ء میں مکرم خالد محمود شاہد صاحب نےخاص ہدایات دے کر اپنی ذاتی نگرانی میں سکول کا چارج ایک مرکزی مبلغ کے سپرد کیا۔ ۲۰۲۱ء سے ۲۰۲۴ء تک کے قلیل عرصہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ سکول اپنے تمام تر واجبات اور قرض ادا کرنے کے بعد خود کفیل ہو گیا اور سیکنڈری سکول کی بھی دو کلاسز کا دوبارہ اجرا کرنے کی توفیق ملی۔فالحمد للہ علیٰ ذالک
احمدیہ سکول کنشاسا کا تعلیمی سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء مورخہ ۲؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز منگل اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ایک رنگا رنگ پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم حسن Biyanvanga صاحب دفتر انچارج سکول نے جماعت احمدیہ کا تعارف حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ بعد ازاں طلبہ کے تیار کردہ چند تعلیمی پروگرام پیش کیے گئے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا۔ آخر پر ہر کلاس کے اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ کو ترقیات سے نوازتا چلا جائے اور احمدیہ سکول کنشاسا کو تعلیم عام کرنے کی توفیق عطا فرماتارہے۔آمین
(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)