حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… بنگلہ دیش میں جاری حالیہ پرتشدد واقعات میں جماعت احمدیہ کے مخالفین نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئےجماعتی املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔ احمدیوں کے گھروں پر حملے، زدو کوب کرنے اور نذرِ آتش کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ حتیٰ کے مساجد پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔

٭… بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو رہا کردیا گیا ہے،فوج نے کرفیو ختم کردیا ہے،ملک میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی فوج میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے،پولیس نے طلبہ مظاہرین کے حملوں سے تحفظ تک ہڑتال کردی ہے۔

٭…بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ کے بعد بنگلہ دیش میں عبوری حکومت تشکیل دےدی گئی۔نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ہوں گے۔ انہیں لیبر قانون کی خلاف ورزی کے تین سال پرانے کیس میں بری کردیا گیا۔

٭… عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کوٹہ سسٹم اور امتیازی سلوک کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک کے راہنماؤں نے وزیراعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد صدر محمد شہاب الدین کو ۶؍اگست سہ پہر تین بجے تک پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔جس پر صدر نے آرمی چیف سمیت فوجی قیادت سے مختلف ملاقاتوں کے بعد ڈیڈ لائن ختم ہونے سے نصف گھنٹہ قبل ہی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔ بنگلہ دیشی آرمی چیف نے ملک میں صدر سے مشاورت کے بعد عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا جبکہ صدر نے خالدہ ضیاء اور دیگر اپوزیشن راہنماؤں کی رہائی کا حکم بھی دیا تھا۔انہیں ۳۶؍مقدمات کا سامنا تھا ۔بیگم خالدہ ضیاءبنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنی تھیں۔

٭…مصر کے میڈیا کے مطابق ایران نے بین الاقوامی ایئرلائنز سے کہا ہے کہ وہ ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کریں، اس کی وجہ فوجی مشقیں بتائی گئی ہیں۔ایران کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سربراہ سعید چلنداری نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایران کے مغربی حصے کی فضائی حدود سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے باوجود مصر اور برطانیہ نے اپنی پروازوں کو ایران اور لبنان کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کا حکم دے دیا ہے۔

٭…جاپان کے جنوبی ریجن میں ۶.۹؍شدت کے زلزلے کے بعد ملک میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔ سونامی کی وارننگ کا دائرہ کار کاگوشیما اور ایہائم تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر کسی کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔

٭… فرانس میں گرمائی اولمپکس جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں الفضل کی خصوصی رپورٹ ملاحظہ کریں ۔ ہر جمعرات صفحہ آٹھ پر۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button