حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۹؍اگست ۲۰۲۴ءمیں بنگلہ دیش کی صورت حال اور احمدیوں اور ان کی املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر فرماتے ہوئے احمدیوں کے حوصلے کو سراہا اوردعا کی تحریک فرمائی ۔ نیز پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک فرماتے ہوئے فلسطین اور مسلم دنیاکے عمومی حالات کے بارے میں دعا کی۔ تفصیل کے لیے سوموار ۱۲؍اگست کےشمارے کا صفحہ اوّل ملاحظہ کریں۔

٭…جاپانی میڈیا کے مطابق موسمیاتی ایجنسی نے پہلی بار ملک کے ساحل پر بڑے زلزلے کی وارننگ جاری کی ہے۔ جاپان کے علاقوں کیوشو اور شیکوکو میں ۸؍اگست کو ۷.۱؍ شدت کا زلزلہ آیا تھا۔جاپانی وزیرِ اعظم فیومو کشیدا نے اپنا دورہ منسوخ کر کے موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر کچھ ہفتوں تک ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

٭…بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم حسینہ واجد انتخابات کے وقت وطن واپس آ جائیں گی۔یقین ہے کہ عوامی لیگ الیکشن میں حصہ لے گی اور ہم جیت بھی سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حسینہ واجد نے استعفیٰ نہیں دیا اور وہ اب بھی بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم ہیں۔

٭…ڈھاکہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ طلبہ نے ملک کو بچایا ہے۔ اب ہم نے ملک میں امن اور استحکام کے لیے کام کرنا ہے، ہمیں اب اس آزادی کی حفاظت کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس پہنچ کر خوشی محسوس ہورہی ہے، سازش کے تحت بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے کیے گئے، بنگلہ دیش کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔

٭… بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف تحریک کی قیادت کرنے والے دو طالب علم ناہید اسلام اور آصف محمود کو عبوری کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔دونوں نے بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت کے مشیروں کے طور پر حلف اٹھا کر تاریخ رقم کردی ہے، کیونکہ بنگلہ دیشی تاریخ میں طلبہ کو پہلی مرتبہ کابینہ میں نمائندگی دی گئی ہے۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف کیا جانے والا احتجاج بعد میں حسینہ واجد کو ہٹانے کی تحریک میں تبدیل ہوگیا تھا، جس کے باعث حسینہ واجد کو وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہوکر ملک چھوڑ نا پڑا تھا۔

٭…طلبہ کے مزید احتجاج کے بعد بنگلہ دیش سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ایپلٹ ڈویژن کے دیگر پانچ ججز نے بھی استعفیٰ دے دیا۔ پانچوں ججز نے اپنا استعفیٰ وزارت قانون کے توسط سے صدر شہاب الدین کو بھجوا دیا ہے۔واضح رہے کہ مستعفی ہونے والے پانچ ججز بنگلہ دیشی طلبہ کے الٹی میٹم کے بعد مفرور سابق وزیراعظم کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ بنگلہ دیشی صدر شہاب الدین نے جسٹس سعید رفعت احمد کو نیا چیف جسٹس مقرر کر دیا، وہ بنگلہ دیش کے 25ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ہیں۔

٭…عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کےلیے اسلحہ اور فوجی ساز و سامان خریدنے کے لیے امریکہ نے ۳.۵؍ارب ڈالر کے مزید فنڈز دینے کا اعلان کر دیا۔ اسرائیل کو آئندہ کچھ ماہ میں رقم جاری کردی جائے گی جبکہ امریکی کانگریس پہلے ہی رقم کی منظوری دے چکی ہے۔میڈیا کے مطابق اسرائیل کو ۳.۵؍ارب جاری کرنے کا فیصلہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باوجود سامنے آیا جس میں اب تک ہزاروں افراد کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

٭…یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مغرب کا دُوہرا معیار اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کو بڑھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کے دُوہرے معیار سے اسرائیل کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔اسرائیلی کارروائیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے۔

٭…مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورت حال کے بعد امریکی وزیر دفاع نے مشرق وسطیٰ میں میزائل بردار آبدوز اور ابراہم لنکن طیارہ بردار جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔پینٹاگون کے مطابق تعینات کی جانے والی آبدوز USS Georgia ایٹمی آبدوز ہے۔ قبل ازیں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ایران بڑے پیمانے پر حملے کی تیاری کررہا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button