مجلس انصار اللہ سیرالیون کی ورکشاپ برائے نیشنل عاملہ و ریجنل ناظمین
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سیرالیون کو ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں مورخہ ۱۳؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ نیشنل ممبران عاملہ اور ریجنل ناظمین کی ورکشاپ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
مکرم ڈاکٹر شیخو کمارا صاحب صدر مجلس انصاراللہ سیرالیون کی زیرِ صدارت ورکشاپ کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا جس کے بعد عہدیداران کا تعارف ہوا۔ بعد ازاں صدر صاحب نے چند افتتاحی کلمات کے بعد حاضرین کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔
چیف مامبو صاحب قائد عمومی نے ورکشاپ کے مقاصد کو واضح کیا اور اس کے ذریعے نئی عاملہ کو متحرک ہونے کے متعلق توجہ دلائی۔ مکرم منیر حسین صاحب مربی سلسلہ و نائب صدر اول نے جماعت کی ترقی میں انصاراللہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ مکرم حسن تیجان صاحب قائد مال نے سیرالیون کے تمام ریجنز کے چندہ انصار اللہ کا جائزہ پیش کیا اور پھر تمام حاضرین نے تجاویز دیں کہ کس طرح نظام میں بہتری لائی جاسکے۔ پھر خاکسار نے ’’ماہانہ رپورٹ بھجوانے کی اہمیت‘‘پر گزارشات پیش کیں۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد دوسرا اور اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ مکرم منیر ابوبکر یوسف صاحب نائب صدر صف دوم نے سالانہ ورک پلان اور لائحہ عمل پیش کیا جس میں خصوصی طور پر سالانہ کیلنڈر کو کامیاب بنانے پر تجاویز دیں۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی سیرالیون جماعت سے توقعات سے متعلق ارشادات بھی سنائے گئے۔ احباب کے مشوروں کے ساتھ سالانہ کیلنڈر کو فائنل کیا گیا۔ چونکہ یہ ورکشاپ تھی اس لیے ہر تقریر کے بعد سوالات کا موقع دیا گیا تاکہ عہدیداران زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور پھر اپنی جماعتوں اور ریجنز کو زیادہ سے زیادہ فعال کر سکیں۔
صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے مختلف شعبوں کے متعلق سوالات کے جواب دیے اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ یہ پروگرام شام پانچ بجے دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ورکشاپ میں آٹھ ریجنل ناظمین سمیت کُل حاضری ۲۲؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)