کینیا کی مسلح افواج کے جی ایس یو (GSU) کور کی لائبریری کے لیے جماعتی کتب کا عطیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی لائبریریوں میں جماعت کا لٹریچر رکھوانے کی توفیق ملتی رہتی ہے۔ اس سلسلہ میں مورخہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء کو کینیا کی مسلح افواج کے جنرل سروسز یونٹ (GSU) کے ہیڈ کوارٹرز رواراکا ( RARAKA)نیروبی کی لائبریری کے لیے ایک بڑی تعداد میں جماعتی کتب عطیہ کرنے کی توفیق ملی۔ مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب مبلغ سلسلہ نے ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران سے رابطہ کر کے ان کی لائبریری کے لیے اسلامی لٹریچر دینے کی پیشکش کی جس کا بہت مثبت جواب ملا اور جماعت کی اس پیشکش کو شکریہ کے ساتھ قبول کیا گیا۔ چنانچہ ۱۲؍جولائی بروز جمعہ جی ایس یو آفس سے انسپکٹر جناب عبدی رشید کی سربراہی میں تین افراد پر مشتمل وفد جس میں کانسٹیبل حسین جمعہ صاحب اور سویلین استاد سعید صاحب جو وہاں مسلم ملازمین کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے مقرر ہیں شامل تھے احمدیہ مسجد نیروبی آئے اور کتب وصول کیں۔ ان کتب میں قرآن کریم کے انگریزی، سواحیلی، کیکویو اور کامبا زبانوں میں تراجم کے علاوہ حضرت مسیح موعودؑ اور آپؑ کے خلفائے کرام نیز علمائے سلسلہ کی انگریزی اور سواحیلی کتب شامل ہیں جن کی کل تعداد ۲۴۶؍تھی۔ انسپکٹر صاحب نے بتایا کہ وہ یہ کتب اپنی مرکزی لائبریری میں رکھنے کے علاوہ ملک میں جی ایس یو، کے تحت دیگر مقامات پر قائم لائبریریوں میں بھی بھجوائیں گے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کتب وصول کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان شاء اللہ وہ آئندہ بھی جماعت سے رابطہ رکھیں گے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت کی اس کوشش کو مثمر بثمرات حسنہ کرے اور اسے بہتوں کی ہدایت کا موجب بنادے۔آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)