از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاریاں

(احسن مقصود، نیوز ایڈیٹر روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

(اسلام آباد، ۲۲؍اگست ۲۰۲۴ء)اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کل مورخہ ۲۳؍اگست۲۰۲۴ء جماعت احمدیہ جرمنی کے اڑتالیسویں جلسہ سالانہ کا آغاز ہورہا ہے۔ ان شاء اللہ

اسلام آباد کے میدان میں جلسہ سالانہ جرمنی کے لیے لگائی جانی والا خیمہ

مورخہ۱۸؍اگست کو جب یہ اطلاع ملی کہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ جرمنی میں بنفس نفیس شامل نہیں ہوپائیں گے تو جہاں ایک طرف کچھ اداسی کی کیفیت پیدا ہونے لگی، وہاں ساتھ ہی یہ خوشخبری بھی ملی کہ حضور انور ان شاء اللہ العزیز اسلام آباد میں رہتے ہوئے نہ صرف یہ کہ ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے توسط سے براہِ راست جلسہ سالانہ جرمنی میں شامل ہوں گے بلکہ تینوں روز خطابات بھی ارشاد فرمائیں گے۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ خلیفۃ المسیح اسلام آباد سے کسی دوسرے ملک کے جلسے سے تینوں روز مخاطب ہوں گے۔ (ان شاء اللہ العزیز)

یہ خبر ملتے ہی اسلام آباد میں جلسہ سالانہ جرمنی کی تیاریاں پورے زور و شور سے ہونے لگیں۔ ایک طرف ایوانِ مسرور کے اندر ایم ٹی اے کے کارکنان جلسے کے حوالے سے انتظامات میں مصروف ہو گئے تو دوسری جانب اسلام آباد کے گراؤنڈ میں جلسے کے مہمانوں کے لیے بڑے خیمہ جات نصب کیے جانے لگے۔

مکرم عبد القدوس عارف صاحب، صدر مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ ان شاء اللہ کل مسجد مبارک اسلام آباد سے خطبہ جمعہ ارشاد فرمائیں گے۔ اسی طرح ہفتہ کے روز حضور انور ایوان مسرور میں مستورات سے خطاب فرمائیں گے۔ اس موقع پر مستورات کو ایوان مسرور میں بیٹھنے کی سعادت حاصل ہوگی، جبکہ مرد حضرات کے لیے مسجد اور میدان میں لگائی جانے والی مارکی میں بیٹھنے کا انتظام ہوگا۔ صدر صاحب نے مزید بتایا کہ اتوار کے روز حضور انور ان شاء اللہ العزیز ایوان مسرور سے ہی جلسہ سالانہ جرمنی کا اختتامی خطاب فرمائیں گے جہاں پر مرد حضرات کو بیٹھنے کا موقع ملے گا، جبکہ خواتین کے لیے مارکی میں بیٹھنے کا انتظام ہوگا۔

مکرم حافظ اعجاز احمد صاحب طاہر، صدر جماعت اسلام آباد نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ ان شاء اللہ اسلام آباد میں وسیع پیمانے پر احبابِ جماعت کے لیے حضورِانورایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ نیز بروز ہفتہ اور اتوار خطابات سننے کا انتظام ہوگا۔ اسی طرح اسلام آباد میں جلسہ سالانہ پرتشریف لانے والوں کے لیے حسب روایت لنگر خانہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا بھی انتظام ہوگا۔

ایوان مسرور میں ایم ٹی اے کے انتظامات کے حوالے سے مکرم حمید اللہ ناصر صاحب (واقف زندگی۔ شعبہ پروڈکشن ایم ٹی اے) نے بتایا کہ اس مرتبہ ایوان مسرور میں بڑی سائز کی LED سکرینز نصب کی جارہی ہیں۔ سٹیج کے پیچھے لگی سکرین پر جلسہ سالانہ جرمنی کا backdrop ہوگا جبکہ سٹیج کے بائیں جانب لگی بڑی LED سکرین پر جلسہ گاہ جرمنی کے لائیو مناظر دکھائے جائیں گے۔ اسی طرح جلسہ گاہ جرمنی میں بیٹھے ہوئے احباب جماعت اسلام آباد کے مناظر بھی دیکھ سکیں گے۔

ایوانِ مسرور (اسلام آباد) میں جلسہ سالانہ کی تیاری کے مناظر

ادارہ الفضل انٹرنیشنل ان شاء اللہ حسبِ دستور جلسہ سالانہ کی براہِ راست تحریری رپورٹنگ کرے گا اور جرمنی کے نمائندگان الفضل کی ٹیم کے تعاون سے تینوں روز جلسے کی کارروائی پر مشتمل تفصیلی ضمیمہ جات (آن لائن) شائع کرے گا۔ احبابِ جماعت سے ٹیم الفضل کے تمام ممبران کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست ہے۔

اللہ تعالیٰ جلسہ سالانہ جرمنی کے انعقاد کو ہر لحاظ سے مبارک فرمائے اور ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات سے بھر پور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: احسن مقصود، نیوز ایڈیٹر روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button