لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا کی پہلی نیشنل سپورٹس ریلی
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا کو اپنی پہلی نیشنل سپورٹس ریلی مسجد محمود، ایڈیلیڈ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
مکرمہ عابدہ چودھری صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ کی راہنمائی میں اس پروگرام کو ترتیب دیا گیا۔ ۷۰؍کے قریب ممبرات لجنہ اماء اللہ جمعرات ۱۸؍جنوری ۲۰۲۴ءکو انٹرسٹیٹ سے ایڈیلیڈ تشریف لائیں جن میں نیشنل صدر صاحبہ، نیشنل سیکرٹری صحت جسمانی اور نیشنل عاملہ کی چند اَور ممبرات شامل تھیں۔ ان سب ممبرات کو ایئرپورٹ اور بس سٹاپ سےلانے اور لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ ٹیم تشکیل دی گئی
پہلا دن: جمعۃ المبارک ۱۹؍جنوری:شام سات بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں ۳۰۰؍کے قریب ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور تین ممبرز آف پارلیمنٹ کی موجودگی میں فیتہ کاٹا گیا۔ دس کلو کا چاکلیٹ کیک ایڈیلیڈ کی ایک لجنہ ممبر نے گھر بنا کر تحفہ پیش کیا تھا۔ اس کے بعد کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد خاکسار (ریجنل صدر لجنہ اماء اللہ ایڈیلیڈ) نے نیشنل صدر صاحبہ، ان کی عاملہ، لوکل ممبرات لجنہ اماءاللہ اور مہمانان کو پروگرام میں خوش آمدید کہا اور ان کی شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد نیشنل صدر صاحبہ نے اپنی افتتاحی تقریر میں اس ریلی کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ بعدہٗ تینوں ممبرز آف legislative counsels نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس پروگرام میں مدعو کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ آخر پر تمام شاملین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
دوسرادن: ہفتہ ۲۰؍جنوری: گرمی کے موسم کی شدت کی وجہ سے کرکٹ کی گیمز کو صبح ساڑھے چھ بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔گراؤنڈ میں تلاوت قرآن کریم کے بعد ساری ٹیم نے مارچ پاسٹ کیا۔ سب ٹیموں نے بہت پُرجوش اور نہایت عمدہ میچز کھیلے۔ والی بال کی گیمز شام کے وقت سورج غروب ہونے پر کھیلی گئیں اور بیڈمنٹن کے میچز انڈور مسرور ہال میں کھیلے گئے۔
تیسرا دن۔ اتوار ۲۱؍جنوری: صبح کے وقت تینوں گیمز کے فائنل میچز کھیلے گئے۔ فائنل نتائج کچھ یوں رہے:
والی بال:
اول: ریجن وکٹوریا (میلبورن)
دوم: بیت الہدیٰ (سڈنی)
بیڈمنٹن:
اول: ریجن سائوتھ آسٹریلیا (ایڈیلیڈ)
دوم: ریجن وکٹوریا (میلبورن)
کرکٹ:
اول: ریجن وکٹوریا (میلبورن)
دوم: بیت الہدیٰ (سڈنی)
اختتامی تقریب: اتوار شام چار بجے فائنل اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدہٗ نیشنل صدر صاحبہ نے جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کیے اور اپنی تقریر میں ریجنل صدر اور باقی ٹیمز اور ممبرات لجنہ کا شکریہ ادا کیا اور ایڈیلیڈ کی لجنہ کی خدمت کو بھرپور سراہا۔ پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
مجموعی حاضری تینوں دن کی ۹۰۳؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: ڈاکٹر شاہینہ رانا۔ ایڈیلیڈ۔ سائوتھ آسٹریلیا)