سیرالیون کے فری ٹاؤن ویسٹ ریجن کی جماعت بروک فیلڈ میں تقریب آمین
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۴ء کو سیرالیون کے فری ٹاؤن مغربی ریجن کی جماعت Brookfields میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے دو اطفال اور ایک خادم کی تقریبِ آمین کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب جلسہ یوم خلافت کا حصہ تھی جس کی رپورٹ الفضل میں شائع ہوچکی ہے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ پروگرام میں خدام، اطفال اور ناصرات نے تقاریر کیں۔ اس کے بعد خاکسار (ریجنل مبلغ فری ٹاؤن مغربی ریجن) نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے اسناد تقسیم کیں۔ پہلا دور مکمل کرنے والے اطفال میں کامران طاہر (آف بنگلہ دیش)، ارحم احمد اور خادم ابوبکر کمارا صاحب شامل ہیں۔ جبکہ نبیلہ نور، سبیکہ محمود اور خاقان محمود کو اسناد دی گئیں۔ قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے نو مبائع خادم ابوبکر کمارا نے چھ ماہ میں قاعدہ یسرناالقرآن سیکھا اور پہلا دور مکمل کیا۔ خاکسار نے آمین کی تقریب کا مقصد بتایا۔
اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا سے قبل خوشنودی کا اظہار کیا کہ الحمد للہ جماعت میں قرآن کریم پڑھنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیز آپ نےقرآن کریم کی برکات اور اس کی تلاوت کی اہمیت بیان کی اور بچوں اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اس پروگرام میں ۱۲۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ان بچوں کے سینوں کو قرآن کریم کے نور سے بھر دے۔ آمین
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)