مجلس خدام الاحمدیہ واگادوگو، برکینا فاسو کا ریجنل اجتماع
مرزا ایقان احمد صاحب نائب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو تحریر کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ واگادوگو کا ریجنل اجتماع مورخہ۱۳ و۱۴؍جولائی ۲۰۲۴ء کو ’’بستانِ مہدی‘‘ میں ’’پائیدار امن کا قیام: ایک خادم کی ذمہ داریاں اور کردار‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔
مورخہ۱۳؍جولائی ۲۰۲۴ء کو سہ پہر تین بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم پودا عبدالرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے مجلس کا پرچم جبکہ مکرم ناصر اقبال صاحب ریجنل مبلغ واگادوگو نے قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ بعد ازاں واگادوگو کے ریجنل قائد حافظ سورے بشیر صاحب نے استقبالیہ کلمات کہے اور پھر صدر مجلس نے اجتماع میں شرکت کرنے پر تمام خدام کی حوصلہ افزائی کی اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ ریجنل مبلغ صاحب نے افتتاحی دعا کروائی ۔
افتتاحی اجلاس کے بعد کھیلوں کے مقابلے شام چار بجے سے سات بجے تک جاری رہے۔ بعد نماز مغرب وعشاء نوبجے رات اطفال اور خدام کے الگ الگ علمی مقابلے ہوئے۔
مورخہ ۱۴؍جولائی ۲۰۲۴ء کو اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا جس کے بعد قیام امن اور اسلام کی تعلیمات پر درس دیا گیا۔ ا س کے بعد کھیلوں کے فائنل (فٹ بال، رسہ کشی) میچ ہوئے جو پونے آٹھ بجے تک جاری رہے۔
صبح ساڑھے آٹھ بجے صدر مجلس کے ساتھ اطفال کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد سوال و جواب کی ایک نشست ہوئی اور اختتام پر بچوں کوتحائف دیے گئے۔ صبح ساڑھے دس بجے تمام خدام اور اطفال نے ایک امن مارچ کا انعقاد کیا اور بستان مہدی کے اردگرد تقریباً دو کلومیٹرز کا چکر لگایا جس سے گردو نواح کی آبادی کو امن کا پیغام پہنچااور انہوں نے خدام الاحمدیہ کی منظم تنظیم کی سرگرمیاں دیکھیں۔ خدام اور اطفال نے جوش و خروش سے ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہ‘‘ کا نعرہ لگایا جو پورے علاقے میں گونج رہا تھا۔ محلے کے بچے بھی اس مارچ میں شامل ہو گئے جس سے قافلہ بڑھتا گیا۔
اختتامی اجلاس صدر مجلس کی زیر صدارت ساڑھے گیارہ بجے صبح شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک عربی قصیدہ کے بعد حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر کی۔ ریجنل معتمد ڈاکٹر عمیر خان صاحب نے مجلس خدام الاحمدیہ واگادوگو کی سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی اورعلمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن پانے والے احباب میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے اختتامی تقریر کی اور ریجن کے خدام کو مزید محنت کرنے اور اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کی تحریک کی۔ ریجنل مبلغ صاحب نے بھی خدام کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی ۔
سالانہ رپورٹ کے مطابق مجلس خدام الاحمدیہ واگادوگو مسلسل تیسری بار عَلم انعامی کی حقدار قرار پائی ہے۔ دوران سال مجلس نے ۲۳۴؍تبلیغی سیشنز اور ۱۸۵؍دینی و تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا۔ جبکہ ۱۱۷؍اجتماعی تہجد، ۳۹۶؍قرآن کلاسز اور ۲۳۳؍وقار عمل کیے گئے۔ بستانِ مہدی میں ایک فٹ بال کا ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کی ۱۲؍ٹیموں نے حصہ لیا۔ مزید برآں ۲۳۸؍خدام نے خون کے عطیات دیے۔
اجتماع میں ۲۰۰؍خدام اور اطفال نے شرکت کی جو ۱۹؍مختلف مجالس سے تشریف لائے تھے۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ آٹھ اراکین مجلس عاملہ نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ان تمام سرگرمیوں کے نیک نتائج ظاہر فرمائے او رمجلس کو مزید ترقیات عطا فرمائے۔ آمین
(مرسلہ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
٭…٭…٭