اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
درخواست دعا
چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینافاسو و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ ہمارے والد محترم چودھری بشیر احمد باجوہ صاحب آج کل علیل ہیں اور ہسپتال میں گذشتہ ایک ہفتہ سے داخل ہیں۔ ابتداً پراسٹیٹ کا آپریشن تجویز ہوا تھا۔ بعد ازاں گردوں کی سوزش کی وجہ سے Dialysis کا پروسیجر کرنا پڑا۔ اسی طرح پھیپھڑوں میں پانی کی موجودگی تشخیص ہوئی۔ کچھ پروسیجرز ہوچکے ہیں اور کچھ ہونے ابھی باقی ہیں۔ نقاہت زیادہ ہے۔
احباب جماعت کی خدمت میں عاجزانہ دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ والد محترم کو معجزانہ طو رپر شفا ئے کاملہ و عاجلہ عطافرمائے۔ آمین
٭…٭…٭
تقریب آمین
محمد اظہر منگلا صاحب، استاد جامعہ احمدیہ گھانا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بھانجے عزیزم باسل احمد ابن ولایت خان منگلا نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کیا ہے۔ عزیزم کی تقریب آمین مورخہ یکم ستمبر ۲۰۲۴ء بعد از نماز ظہروعصر منعقد ہوئی۔ محمد شعیب نیر صاحب صدر جماعت لیڈز، یوکے نے بچے سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور دعا کروائی۔ عزیزم باسل احمد مکرم احمد خان منگلا صاحب کا نواسا اور مکرم عبد القدیر منگلا صاحب (مرحوم) کا پوتا ہے۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیزم کو قرآن مجید سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭
محمد ارشدخاں خوشنویس صاحب پنشنر صدر انجمن احمدیہ وفات پا گئے
ایم-ایم-طاہر صاحب تحریر کرتے ہیں کہ محمد ارشدخاں صاحب خوشنویس پنشنر صدر انجمن احمدیہ ساکن دارالانوار ربوہ مورخہ ۵؍اگست ۲۰۲۴ء بروز سوموار ۸۹؍سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔اناللہ وانا الیہ راجعون۔ ۷؍اگست بروز بدھ بعد نماز عصر مسجد مبارک میں آپ کی نماز جنازہ پڑھائی گئی جس کے بعد بہشتی مقبرہ دارالفضل میں تدفین عمل میں آئی۔
محترم محمد ارشد خاں صاحب خوشنویس ۱۶؍فروری ۱۹۳۵ء کو قادیان دارالامان میں پیدا ہوئے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے آپ کا نام عطا فرمایا تھا۔ آپ کے والد محترم منشی محمد اسماعیل صاحب خوشنویس سابق ہیڈ کاتب روزنامہ الفضل کو روحانی خزائن کی تین بارکتابت کی سعادت حاصل ہوئی۔ محمد ارشد کاتب صاحب کے چچا منشی نور الدین خوشنویس صاحب بھی الفضل کے ساتھ وابستہ تھے۔
تقسیم ہند کے بعد محترم محمد ارشد کاتب صاحب گوجرانوالہ ضلع کچہری میں بطور ریڈر ملازم ہوگئے۔ ۱۹۶۵ء میں جماعت کی خدمت سے سرشار آپ نے ۳۵۰؍ روپے ماہانہ کی نوکری چھوڑ کر ربوہ منتقل ہونے کو ترجیح دی اور اپنے والد اور چچا کے ہمراہ ادارہ الفضل سے منسلک ہو کر خدماتِ سلسلہ کا آغاز کیا اور پھر کمیشن صدر انجمن کا امتحان پاس کر کے ۱۹۶۵ء سے ۲۰۰۹ء تک (۴۴سال)دفاتر صدر انجمن احمدیہ پاکستان میں خدمات کی توفیق ملی۔ اس دوران آپ نے دفتر مشیر قانونی، جائیداد، بیت المال آمد، پرائیویٹ سیکرٹری، تشخیص جائیداد، الفضل اور ۱۹۹۰ء تا ۲۰۰۹ء نظارت اشاعت میں خدمات سرانجام دیں۔
آپ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کے ارشاد پر کچھ عرصہ جامعہ احمدیہ ربوہ میں طلبہ کو فن خطاطی و خوشنویسی بھی سکھاتے رہے۔ اپنے خاندانی فنِ کتابت سےآپ نے بھرپور جماعتی خدمات سر انجام دیں۔ الفضل کے علاوہ آپ نے جماعتی رسائل ماہنامہ تشحیذ الاذہان، خالد، انصار اللہ اور مصباح کی بھی کتابت کی۔ لجنہ کتب اور ماہنامہ مصباح کی کتابت کے ساتھ آپ کئی سال تک منسلک رہے۔ لا تعداد جماعتی و مصنفینِ سلسلہ کی کتب کی کتابت کرنے کا موقع ملا۔ اس وجہ سے آپ کے بزرگان سلسلہ اور اہل قلم احباب سے ذاتی تعلقات بھی تھے۔ لجنہ اماءاللہ کے ایک پمفلٹ کی اشاعت پر آپ محترم سید عبدالحئی شاہ صاحب کے ساتھ ۱۹۷۴ء میں ۱۷؍دن کے لیے اسیر راہ مولیٰ بھی رہے۔ محترم حکیم خورشید احمد صاحب صدر عمومی لوکل انجمن احمدیہ ربوہ کے زمانہ صدارت میں آپ ان کے ساتھ جنرل سیکرٹری کے طور پر کام کرتے رہے۔ لوکل انجمن احمدیہ ربوہ کی خط و کتابت اور دیگر امور سرانجام دیا کرتے تھے۔
آپ نے ایک فعال زندگی گزاری۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کوچار بیٹوں اورتین بیٹیوں سے نوازا ہے جو سبھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور خدمت دین بھی کر رہے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان آپ کی بڑی بیٹی اپنے محلہ کی صدر لجنہ اماء اللہ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ آپ کی چھوٹی بیٹی لجنہ اماء اللہ پاکستان میں ایک عرصہ سے رضا کارانہ خدمات کر رہی ہیں۔ آپ کی چھوٹی بیٹی اور اُن کے میاں کو بیماری کے ایام میں اپنے والدکی بھرپور خدمت کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭
تقاریب رخصتانہ
٭…مکرم عبد السمیع خان صاحب استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا (سابق ایڈیٹر روزنامہ الفضل ربوہ) لکھتے ہیں کہ خاکسار کی بیٹی عزیزہ فریحہ سمیع صاحبہ کی تقریب رخصتانہ عزیزم سعد سلطان صاحب برینٹ فورڈ کینیڈا ابن منور سلطان صاحب کے ساتھ ۱۵؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو منعقد ہوئی۔ یہ تقریب وڈبائن بینکوئٹ ہال میں ہوئی جس کی صدارت مکرم لال خان ملک صاحب امیرجماعت احمدیہ کینیڈا نے کی اور تلاوت کے بعد دعا کروائی جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ ۱۷؍جولائی ۲۰۲۴ء کو اسی ہال میں ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تلاوت اور نظم کے بعد مبلغ انچارج کینیڈا مکرم عبدالرشید انور صاحب نے دعا کروائی۔
عزیزہ فریحہ سمیع حضرت فتح دین صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی نسل سے اور مکرم عبد الرشید خان صاحب مرحوم آف خوشاب (صدرمحلہ دارالعلوم وسطی ربوہ )کی پوتی ہے۔ عزیزم محمد سعد سلطان قائد مجلس برینٹ فورڈ کینیڈا مکرم چودھری محمد حنیف صاحب مرحوم صدر ساہو والہ ۱۳۲ ر۔ ب سالار والا فیصل آباد کا پوتا اور مکرم چودھری مبارک علی صاحب مرحوم درویش قادیان، ناظر امور عامہ و ناظر بیت المال قادیان کا نواسہ ہے۔
٭…منور علی شاہد صاحب جرمنی سے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بیٹی طاہرہ وجیہہ کی تقریب رخصتانہ مورخہ ۱۷؍اگست ۲۰۲۴ء کو Ginsheim -Gustavsburg جرمنی کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے عزیز و اقارب کے علاوہ دیگر احباب جماعت نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں تلاوتِ قرآن کریم ہوئی اور پھر حضرت مسیح موعودؑکے پاکیزہ منظوم کلام سے چند دعائیہ اشعار مترنم پڑھے گئے۔ بعد ازاں دلہن کے ماموں مولانا عبد الباسط طارق صاحب مربی سلسلہ فرینکفرٹ نے دلہا، دلہن کا خاندانی تعارف کرایا جس کے مطابق دلہن مکرم شیخ احمد علی سراج فیروز پوری آف لاہور کی پوتی، حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت میاں عبد العزیز مغلؓ کی پڑنواسی ہے۔ دولہا عزیزم سید غیور احمد، ڈاکٹر سید نعیم احمد صاحب آف کراچی سابق پرنسپل سائنٹفک آفیسر نیشنل انسٹیٹیوٹ کراچی کے بیٹے، سید نذیر احمد صاحب کے پوتے، سید محمد افتخار حسین صاحب سابق سیکشن آفیسر سندھ کے نواسے اور ڈاکٹر سید اعزاز حسین آف بھاگلپور کے پڑنواسے ہیں۔ مختصر تعارف کے بعد دعا ہوئی اور مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ رخصتی کے وقت مولانا موصوف نے ہی دعا کرائی۔ اس تقریب سے قبل ۲۳؍مارچ ۲۰۲۴ء کو ربوہ میں عزیزہ نکاح پڑھایا گیا تھا۔
احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر دو رشتوں کو تمام خاندانوں کے ليے مبارک فرمائے اور دینی اور دنیاوی خوشیوں کا موجب بنائے۔ آمین