افریقہ (رپورٹس)

گیمبیا کے ایک ریجن کی پولیس فورس کی تقریب میں ایک احمدی واقف زندگی کا اعزاز

گیمبیا کے ایک ریجن کی پولیس فورس کے محکمہ نے حال ہی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ۱۱۱؍پولیس اہلکاروں کی اگلے عہدوں پر ترقی کی گئی۔ اس اہم تقریب میں متعدد معززین نے شرکت کی۔ اپنی تقریر میں گورنر صاحب نے ریجن میں امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر گیمبیا پولیس فورس کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔

پولیس کمشنر نے اپنی تقریر میں طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول کے وائس پرنسپل مکرم عطاءالقدوس ملک صاحب کی اہم خدمات کا اعتراف کیا۔ موصوف کی مفت کمپیوٹر (آئی ٹی) کلاسز کی پیشکش کی تعریف کی گئی کیونکہ انہوں نے ریجن کی قانون نافذ کرنے والی اور ایمرجنسی سروسز کو بہت فائدہ پہنچایا ہے۔ موصوف اس وقت مفت کمپیوٹر کلاسز لے رہے ہیں اور جگہ بھی اپنے سکول میں مہیا کی ہے۔ تاحال دس افسران گیمبیا امیگریشن ڈیپارٹمنٹ (جی آئی ڈی) سے، ۵؍گیمبیا فائر اور ریسکیو سروس (جی ایف آر ایس) سے اور ۲۰؍ افسران گیمبیا پولیس فورس (جی پی ایف) سے ان کلاسز میں شرکت کر رہے ہیں۔

محکمہ پولیس کےلیے خدمات کے اعتراف میں طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول کے پرنسپل صاحب اور وائس پرنسپل صاحب کو پولیس افسران کو کندھے کے بیجز لگانے کی دعوت دی گئی جو تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مکرم عطاء القدوس ملک صاحب کا تعلق پاکستان سے ہے۔ یہ واقف زندگی ٹیچر ہیں اور گذشتہ تقریباً گیارہ سال سے جماعتی سکول میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ موصوف کو بہترین اجر سے نوازے اور مزید خدمت انسانیت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button