یورپ (رپورٹس)

ڈڈلی، یوکے کی مسجد بیت الغفور میں تیسرے سالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ڈڈلی، یوکے کی مسجد بیت الغفور میں تیسرے سالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد مورخہ ۳۱؍اگست بروز ہفتہ کو ہوا۔

اس تقریب کو اسلام اور دیگر عقائد کے بارے میں گہری تفہیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پائیدار امن کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کا ادراک حاصل کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔

اس پیس سمپوزیم میں بہت سے معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں ڈپٹی لارڈ لیفٹیننٹ پروفیسر مارٹن لیورمور MBE، مقامی کونسلرز، مذہبی اور شہری راہنماؤں کے ساتھ ساتھ مختلف خیراتی اداروں اور مذہبی کمیونٹیز کے نمائندے شامل تھے۔ تقریب میں جاری عالمی تنازعات اور دنیا کی مخدوش حالت کی روشنی میں امن کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں سید امتیاز احمد صاحب ریجنل امیر ویسٹ مڈلینڈز نے خیرمقدمی تقریر کرتے ہوئے پیس سمپوزیم کا تعارف کرایا اور اس طرح کی تقریبات کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد عمران احمد خالد صاحب مربی سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی امن عالم کے لیے مساعی کا بھی ذکر کیا۔ علاوہ ازیں امسال یوکے کے سالانہ پیس سمپوزیم کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب پر مشتمل ایک ویڈیو بھی شاملین کو دکھائی گئی۔

بعدازاں پروفیسر مارٹن لیورمور ایم بی ای، ڈپٹی لارڈ لیفٹیننٹ آف ویسٹ مڈلینڈز نے لارڈ لیفٹیننٹ کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امن کے فروغ میں مقامی راہنماؤں کے کردار کے بارے میں بات کی۔ بعدہٗ مقامی ہندو برادری کی رکن محترمہ شوبھا نے ’اوم‘ کے تصور کے ذریعہ ہندو مذہب کی تعلیمات اور اس کے امن کے پیغام کو بیان کیا۔ ان کے بعد امام عدیل شاہ صاحب مربی سلسلہ و مقامی کونسلر نے اپنی کلیدی تقریر میں بتایا کہ قرآن کریم کی تعلیمات ایک پُرامن معاشرے کے قیام میں ہماری راہنمائی کیسے کرتی ہیں۔

مکرم وسیم شاہ صاحب صدر جماعت ڈڈلی نے تقریب کی کامیابی میں تعاون کرنے والے مہمانوں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب کا اختتام دعاسے ساتھ ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیاگیا۔

(رپورٹ: شاہ دانیال۔ایڈیشنل سیکرٹری تربیت و وقفِ جدید برائے نومبائعین جماعت ڈَڈلی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button