مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے تحت نیشنل ٹریننگ آف ٹرینرز کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کو امسال اپنی آٹھویں نیشنل ٹی او ٹی (ٹریننگ آف ٹرینرز) کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
کلاس سے ایک دن قبل ریجنل قائد صاحب نے خدام کے ساتھ کلاس رومز اور رہائش کی جگہ وقار عمل کیا اور رہائش وغیرہ کا انتظام کیا۔
یہ تربیتی کلاس مورخہ ۸تا ۱۵؍اگست ۲۰۲۴ء طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول میں منعقد ہوئی۔ اس کلاس میں شامل ہونے کے لیے ملک کے ہر ریجن سے تین تین خدام کو چنا گیاتھا ۔ کلاس کا آغاز ۸؍اگست بروز جمعرات ہوا۔ افتتاحی تقریب میں مکرم مبشر باہ صاحب نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ، مہتمم تعلیم اور ریجنل قائد شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم سید سہیل احمد صاحب ریجنل قائد نے تمام شاملین کو اپنے ریجن میں خوش آمدید کہا۔ نائب صدر صاحب نے شاملین کو نصائح کرتے ہوئے کلاس میں شمولیت کے مقاصد بیان کیے۔
کلاسز کا آغاز جمعہ کو صبح نو بجے ہوا اور ہر روز نو بجے سے دوپہر ایک بجے تک کلاسز ہوئیں۔ ان کلاسز میں قرآن کریم کی اہمیت، فضیلت، تجوید القرآن، ترجمہ و تفسیر سیکھنے کی طرف توجہ، تفسیر سیکھنے کے اصول، منتخب قرآنی آیات کو حفظ کرنا، حدیث اور اہم کتب احادیث کا تعارف، نماز باترجمہ، نماز کے اہم مسائل، بنیادی عربی گرائمر اور اختلافی مسائل سکھائے گئے۔ اس کے علاوہ بعد از نماز مغرب وعشاء وفات مسیح اور ختم نبوت پر لیکچرز دیے گئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو دعائیہ خط لکھنے کی اہمیت اور طریقہ بھی بتایا گیا۔ اس کے علاوہ ایک دن مجلس سوال وجواب کا انعقاد کیا گیا۔
دوران کلاس ہر دن کا آغاز اللہ تعالیٰ کے فضل سے باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ بعد از نماز فجر درس حدیث کا انتظام بھی تھا۔ اسی طرح خدام کی تفریح کے لیے ہر روز بعد از نماز عصر کھیل کا بھی انتظام کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک دن پکنک بھی منعقد کی گئی۔
دوران کلاس بروز سوموار تمام شاملین نے اجتماعی وقار عمل میں حصہ لیا جس میں دو مساجد کی صفائی کی گئی۔
اس کلاس کی اختتامی تقریب مورخہ ۱۴؍اگست بعد از نماز عشاء ہوئی جس میں مکرم سیکو جامع صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے بطور مہمان خصوصی شمولیت کی۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی صاحب ریجنل صدر اور پرنسپل سکول نے کہا کہ یہ کلاس بہت بڑے مقصد کے لیے منعقد کی گئی ہے اور سکول میں موجود غیراحمدی ملازم بھی خدام کی آپس میں محبت، بھائی چارہ، نمازوں اور تہجد کی ادائیگی، خاموشی اور ماحول کی خوبصورتی کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے اس بات کا اظہار کیا ہے کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا جماعت احمدیہ ہی ہے۔
اس کے بعد شاملین میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ بعدازاں صدر صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ کلاس کا سب سے اہم پروگرام نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سننا ہے۔ ان دونوں باتوں کو واپس جاکر بھی نہ چھوڑیں۔
دعا کے بعد شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔ اگلے دن صبح بعد از نماز فجر تمام خدام نے وقار عمل کیا اور کلاس رومز کی صفائی کی۔ ناشتہ کے بعد تمام احباب اپنے گھروں کو واپس روانہ ہوئے۔ کلاس کی کُل حاضری ۴۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)