یورپ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ کے آٹھویں نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کو اپنا آٹھواں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۰ و ۱۱؍اگست ۲۰۲۴ء فن لینڈ کی پہلی مسجد کےليے خریدی گئی عمارت میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس طرح لجنہ اماء اللہ فن لینڈ اور اس اجتماع کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس مسجد میں ہونے والا یہ سب سے پہلا پروگرام تھا۔

ممبرات لجنہ اماءاللہ، ناصرات اور سات سال سے کم عمر بچوں کا نصاب مکرمہ کنزا محمود صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم اور مکرمہ فائزہ منیر صاحبہ نیشنل سیکرٹری ناصرات نے تیار کیا۔ نصاب کا کتابچہ (Booklet)اجتماع سے تین ماہ قبل لجنہ اماء اللہ کی سالانہ تربیتی کلاس کے دوران ممبرات میں فروخت کیا گیا جس سے جمع ہونے والی رقم مسجد فنڈ میں پیش کی گئی۔ مجالس کی سیکرٹریات تعلیم نے تمام ممبرات سے رابطے کیے اور اجتماع میں شرکت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

اجتماع سے ایک ہفتہ قبل علمی مقابلوں میں حصہ لینے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ کے لیے ایک خصوصی کلاس لگائی گئی جس میں ان کی تیاری میں مدد کی گئی۔

لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے علمی مقابلہ جات کے لیے سینئر ممبرات لجنہ اماءاللہ کو منصفین کے فرائض دیے گئے۔ انہیں ان کے مقابلہ جات کے نصاب اور قواعد سے آگاہ کیا گیا۔

کُل دس علمی مقابلہ جات تھے جن میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، قصیدہ، دینی معلومات، فی البدیہہ تقریر، مضمون نویسی، شرائط بیعت، نظم، بیت بازی، فنش تقریر، صفات باری تعالیٰ اور اردو تقریر شامل ہیں۔ امسال پہلی دفعہ تلاوت قرآن کریم کے مقابلہ میں نصاب پورا قرآن کریم تھا اور حصہ لینے والی ممبرات کو ججز کی طرف سے آیات دی گئی تھیں۔

ناصرات کے مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن، دعائیں، حدیث، قصیدہ، دینی معلومات، شرائط بیعت، نظم اور اردو تقریر شامل تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ ناصرات میں کیلیگرافی کا بھی مقابلہ کروایا گیا تھا جس میں ماشاءاللہ سب معیار کی ناصرات نے حصہ لیا۔

سات سال سے کم عمر بچوں کے چار علمی مقابلہ جات رکھے گئے: تلاوت قرآن کریم، دعائیں، نظم اور دینی معلومات۔

اجتماع کا آغاز مورخہ ۱۰؍ا گست بروز ہفتہ صبح دس بج کر چالیس منٹ پر تلاوت قرآن کریم ، عہد اور نظم سے ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ امسال چونکہ اجتماع پہلی بار فن لینڈ کی مسجد میں ہوا تھا اس لیے بڑی جگہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت سے مقابلہ جات بیک وقت مختلف ہالز میں منعقد ہوئے۔

اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی گذشتہ سال کی کارکردگی کے حوالے سے مکرمہ منزہ ظفر صاحبہ جنرل سیکرٹری نے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ سدرہ شوکت صاحبہ (معاونہ صدر برائے وصیت)نے پیش کیا۔ اس کے بعد خاکسار نے اپنی اختتامی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ممبرات لجنہ اماءاللہ کو بہترین احمدی مسلمان عورت بننے کے متعلق ایک اقتباس پیش کیا۔ آخر پر مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور خاکسار نے پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات میں انعامات تقسیم کیے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اجتماع میں فن لینڈ کی چار مجالس کی ممبرات نے بھرپور شرکت کی اور کُل حاضری ۱۱۰؍رہی جس میں ۶۰ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۱۴؍ناصرات، ۳۴؍بچے اور دو مہمان شامل ہوئے۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کواس اجتماع سے بھرپور فیض حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ریحانہ کوکب۔ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ فن لینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button