جامعۃ المبشرین گھانا کی بتیسویں سالانہ کانووکیشن۲۰۲۴ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعۃالمبشرین گھانا کی بتیسویں کانووکیشن ۱۴؍جولائی۲۰۲۴ء کو جامعہ کے ہال میں منعقد ہوئی۔
اس پروگرام کےناظم اعلیٰ مکرم طاہر احمد ظفر صاحب تھے۔ ان کے ساتھ اساتذہ اور طلبہ کی ٹیمیں تھیں جو مختلف شعبہ جات جیسے وقار عمل، انعامات، ڈسپلن، کھانا اور ریفریشمنٹ وغیرہ کے لیے مقرر کی گئی تھیں جن کے ذریعہ جامعہ کی عمارت اور اس کے احاطہ کی بھر پور صفائی کی گئی۔
کانووکیشن کے موقع پر مولانا نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری انچارج گھانا بطور مہمانِ خصوصی تشریف لائے۔ دو نائب امراء اور مرکزی عاملہ کے کچھ ممبران بھی تشریف لائے۔ سب سے پہلے لوائے احمدیت اور گھانا کا قومی پرچم لہرایا گیا۔ بعد ازاں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مہمانان کا تعارف ہوا۔ طلبہ کے پریفیکٹ نے اپنی رپورٹ کارگزاری پیش کی جس کے بعد خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین)نے بعض سرگرمیوں پر مشتمل سالانہ رپورٹ پیش کی۔ طلبہ مدرسۃ الحفظ نے ترانہ ’خلافت کے امیں ہم ہیں امانت ہم سنبھالیں گے‘ ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ اس کے بعد سال بھر میں جامعہ اور مدرسہ میں ہونے والےعلمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
بعدہٗ اس سال معلم کورس مکمل کر کے پاس ہونے والے ۲۱؍طلبہ کو اسناد دی گئیں۔ ان میں سینیگال، نائیجر، آئیوری کوسٹ اور ساؤتومے سے تعلق رکھنے والے سات غیر ملکی طلبہ شامل تھے جبکہ چودہ طلبہ گھانا کے تھے۔ علاوہ ازیں مدرسہ کے پانچ طلبہ کو قرآن مجید کا حفظ مکمل کرنے پر اسناد دی گئیں۔ سینیگال کے طالب علم عبدالعزیز باہ نے ترانہ ’’ہیں بادہ مست بادہ آشام احمدیت‘‘ پُر ترنم پڑھا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں طلبہ کو چند نصائح کیں۔ دعا کےبعد طلبہ نے مکر م امیر صاحب کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی۔ آخر پر سب مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اساتذہ مع فیملیز، طلبہ اور مہمانان کی کُل تعداد ۴۳۰؍تھی۔
اللہ تعالیٰ ان تمام اساتذہ اور طلبہ کو جزائے خیر دے جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب کرنے کے لیے بہت محنت کی۔ آمین
(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)