عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… گذشتہ ہفتے کے اختتام پر مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ یوکے کا سہ روزہ سالانہ نیشنل اجتماع کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کی اختتامی تقریب سے اميرالمومنين حضرت خليفةالمسيح الخامس ايدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزيز نے مورخہ ۲۲؍ستمبر۲۰۲۴ء کو انگریزی زبان میں بصیرت افروز اختتامی خطاب فرمایا۔ خطاب سے قبل حضور انور نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا اور دعا کروائی۔ اپنے خطاب میں کئی اہم امور کی طرف توجہ دلاتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ نے فرمایا کہ ہماری ترقی ہمارے اعمال کی اصلاح اور اسلامی تعلیمات پر کاربند ہونے سے ہے۔ یاد رہے کہ امسال مورخہ ۲۰ تا ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۴ء بروز جمعہ تا اتوار یہ اجتماع اولڈ پارک فارم،کنگزلے میں منعقد ہوا جو کہ حدیقۃ المہدی سے تقریباً دو میل کے فاصلے پر واقع ہے۔

٭…انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان پر شدید حملے کیے ہیں، جن میں طاقت ور بموں کے استعمال سے خوفناک دھماکے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کی بیکا وادی پر شدید بم باری کی ہے، جبکہ ثور اور نباتیہ کے علاقوں میں بھی زور دار دھماکے کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے نصف گھنٹے میں لبنانی شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔بم باری کے بعد اسرائیلی فوج کےترجمان نے لبنانی عوام کو حزب اللہ کی پوسٹوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

حزب اللہ نے پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے جواب میں اسرائیلی رمات فضائی اڈے اور دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی کو نشانہ بنایا تھا۔ حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر کئی حملے کیے ہیں، جن میں مقبوضہ لبنانی شبعا فارمز اور شمالی اسرائیل کے علاقے شامل ہیں۔ حزب اللہ نے اتوار کے روز شمالی اور وسطی اسرائیل پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کیا، جس میں 50کلو میٹر جنوب کی طرف کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

٭…جاپان کے جزیرہ نما علاقے نوٹو میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں ۶ افراد ہلاک جبکہ ۸ لاپتہ ہو گئے۔ غیرمعمولی بارش کے پیشِ نظر متعدد علاقوں کو سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔تقریباً ۴ ہزار گھر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند اور سینکڑوں علاقوں کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ ۹ماہ قبل اس علاقے میں ۷.۵ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ۳۷۴ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

٭…چین نے اپنے شہریوں کو اسرائیل سے جلد از جلد نکلنے کی ہدایت جاری کر دی۔ چینی سفارتخانے نے حزب اللّٰہ کے اراکین پر ہونے والے حالیہ حملوں کے باعث کشیدہ حالات کے پیشِ نظر چینی شہریوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے۔ چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان سرحد پر حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ سفارت خانے نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدہ حالات کے پیشِ نظر اسرائیل میں مقیم چینی شہری جلد از جلد وطن یا محفوظ علاقوں میں منتقل ہو جائیں، اسرائیل میں سیکیورٹی کی صورتِ حال شدید پیچیدہ اور غیر متوقع ہے۔واضح رہے کہ بین الاقوامی دباؤ کے باوجود اسرائیل اور حزب اللہ نے حملوں میں اضافے کی دھمکی دی ہے۔

٭…سری لنکا کے وزیرِ اعظم دنیش گناواردینا نے استعفیٰ دے دیا۔ وزیرِ اعظم دنیش گناواردینا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب مارکسسٹ معاشی نظریے کے حامی انورا کمارا کو سری لنکا کے عوام نے نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ ۵۵ سالہ انورا کمارا نے اپوزیشن راہنما ساجیت پریماداسا کو شکست دے دی اور اپنی کامیابی پر کہا کہ ترقی اور استحکام کے ہمارے خواب نئی شروعات سے پورے ہوں گے۔خیال رہے کہ ۲۰۲۲ء کے معاشی دیوالیے کے بعد سری لنکا میں پہلے صدارتی انتخابات ہوئے ہیں جن میں کوئی امیدوار بھی ۵۰ فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا۔سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے انتخابی عمل کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئے تھے، انہیں صرف ۱۷ فیصد ووٹ ملے تھے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button