مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کا نیشنل اجتماع ۲۳تا ۲۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔امسال اجتماع کا موضوع’’حقوق العباد‘‘تھا۔
پہلا دن مسجدبیت الاسلام میں باجماعت نماز تہجد اور فجر سے شروع ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کو براہ راست سننے اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دوپہر دو بج کر ۲۵؍منٹ پر تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ بعد ازاں اجتماع گاہ میں افتتاحی اجلاس مکرم اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج ونائب امیر امریکہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جو بطور مہمان خصوصی تشریف لائے تھے۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد مکرم لال خان ملک صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے اجتماع پر موصولہ پیغام پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی صاحب نے تقریر کی۔
افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اسی طرح تعلیمی ورکشاپس اور تربیتی اجلاسات بھی منعقد کیے گئے جن میں خدام کو مختلف موضوعات جیسے مینٹل ہیلتھ، حالات حاضرہ اور کرپٹو کرنسی (Cryptocurrency)پر آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے دوران خدام کے ورزشی مقابلہ جات بھی ہوئے جن میں کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال، رسہ کشی، ہاکی اور فٹ بال وغیرہ شامل ہیں۔
رات کے کھانے کے بعد امیر صاحب کینیڈا کے ساتھ تربیتی اجلاس اور مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔
اس سال خدام کی رہائش کے لیے مارکی لگائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ کچھ خیمہ جات بھی لگائے گئے تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلے دن کی کُل حاضری تین ہزار ۲۰۷؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء پر مستورات سے خطاب اجتماع گاہ میں خدام کو سنایا گیا۔ اس کے بعد اطفال کا مہمان خصوصی کے ساتھ ایک اجلاس ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ خدام کے علمی و ورزشی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ تقریباً ہر ریجن سے خدام نے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور مشاہدہ معائنہ کے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
نماز ظہر کے بعددوسرے اجلاس کا آ غاز ہوا جس میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم طاہر احمد صاحب نے ’’خدا تعالیٰ سے تعلق اور اس پر مکمل یقین‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام ایک مرتبہ پھر پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مختلف موضوعات پر تعلیمی ورکشاپس منعقد ہوئیں۔ اسی طرح علیحدہ سے تربیتی پروگرامز بھی منعقد کیے گئے اور اس حوالے سے لیکچرز کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں نومبائعین خدام کے ساتھ نشست، کینیڈا میں نئے آنے والے خدام اور بنگالی خدام کے ساتھ نشست رکھی گئی۔ اسی طرح ’’Stage Outdoor‘‘ کے نام سے بھی مختلف تربیتی اجلاسات منعقد ہوئے۔
خدا کے فضل سے دوسرے دن تک کی کُل حاضری چار ہزار۴۵۰؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
تیسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد اور فجر سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد خدام کا کوئز خطبہ جمعہ منعقد ہوا۔ اس کے بعد خدام کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا ۔ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء کا اختتامی خطاب اجتماع گاہ میں سنایا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب کے نوٹس کے حوالے سے بھی پہلی بار ایک مقابلہ منعقد کیا گیا تا کہ خدام کو نوٹس لینے کی عادت پڑے۔
نماز ظہر و عصر کےبعداجتماع کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم افتخار احمد صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ تقسیم انعامات کے بعد مہمان خصوصی نے اختتامی تقریر کی اور آخر میں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کے ساتھ تمام حاضرین نے خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔
شعبہ سمعی و بصری نے اجتماع میں ہونے والے پروگرامز YouTube پر براہ راست نشر کیے جنہیں دس ہزار لوگوں نے دیکھا۔ اسی طرح ۱۶۰؍سے زائد انٹرویوز بھی ریکارڈ کیے گئے۔
مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کا نیشنل اجتماع خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیاب رہا۔ تین دن کے اس اجتماع میں مجموعی طور پر چار ہزار ۹۸۹؍خدام و اطفال نے شرکت کی۔ اجتماع کے دوران انتظامات بھی بہت اچھے رہے اور رضاکاروں نے اپنی خدمات کو بہترین انداز میں پیش کیا۔آمین
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے بہترین نتائج پیدا فرمائے۔
(رپورٹ: انیق احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا)
٭…٭…٭