افریقہ (رپورٹس)

پہلا فرانکوفون انٹرنیشنل ریفریشر کورس لجنہ اماء اللہ

6فرنچ (افریقی) ممالک کی ملکی عہدیداران لجنہ اماء اللہ کے وفود کی شرکت

اس تحریر کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت برکینا فاسو کو مورخہ 22 تا 24؍ اکتوبر 2019ء افریقہ کے فرنچ ممالک کے پہلے انٹرنیشنل لجنہ ریفریشر کورس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس مقصد کے لیے محترمہ ریحانہ احمد صاحبہ انچارج مرکزی ڈیسک لجنہ اماء اللہ (یوکے)بطور مرکزی نمائندہ اس ریفریشر کورس کی صدارت کے لیے برکینا فاسو تشریف لائیں۔ اس ریفریشر کورس میں میزبان برکینافاسو سمیت 6ممالک مالی،بینن،نائیجر، مراکو اور الجیریا کی ملکی عاملہ لجنہ اماءاللہ کی ممبرات پر مشتمل وفود نے شرکت کی۔

پہلا دن۔ 22؍اکتوبر 2019ء

ریفریشر کورس کا آغاز صبح 10بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد لجنہ کا عہد دہرایا گیا ۔ درسِ حدیث اور ملفوظات کے بعد انچارج صاحبہ لجنہ اماء اللہ ڈیسک نے اس ریفریشر کورس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد میزبان اور مہمان ممبرات نے ‘تنظیم لجنہ اماءاللہ کے مقاصد و فرائض’ کے موضوع پر اظہار خیال کیا جس کے بعد سلسلہ سوال و جواب جاری ہوا۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو سمیت مختلف ممالک سے تشریف لائی ہو ئی صدرات نے بھی پریزینٹٰیشن پیش کیں۔ اس کے بعد مرکزی نمائندہ نے لجنہ اماءاللہ کے لوا کی تاریخ سے آگاہ کیا اور لجنہ اماءاللہ کے فرائض و ذمہ داریوں کے موضوع پر تقریر کی۔نظم کے بعد دستور اساسی سے انتخاب کے قواعدکے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سوال و جواب ہوئے۔دن کے اختتام پر مرکزی عاملہ لجنہ اماءاللہ برکینافاسو کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔

دوسرا دن ۔23؍ اکتوبر 2019ء

دسرے دن کے پروگرام کا آغاز بھی تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔ درس حدیث کے بعد خطبہ جمعہ بیان فرمودہ حضرت خلیفۃالمسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مورخہ 15؍ جولائی 2016ء سنایا گیاجو کہ ‘عہدیداران کے فرائض اور ذمہ داریاں’کے موضوع پر تھا۔ اس کے بعد 20؍منٹ تک گروپ ڈسکشن ہوتی رہی جو کہ اسی خطبہ کے موضوع پر ہی تھی اس کے بعد ہر گروپ نے جو اس خطبہ سے اہم نکات اخذ کیے تھے وہ سب کے سامنے پیش کیےاور اس طرح اس خطبہ کی دہرائی ہو گئی۔ شعبہ امور طلبا نے اس موقع پر ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی۔

دوپہر اڑھائی بجے مجلس شوریٰ کے موضوع پر بات کی گئی نیز صد سالہ جوبلی لجنہ اماءا للہ 2022ء کی تیاریوں کے حوالہ سے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔بعد ازاں ‘مرکزی لجنہ سیکشن یوکے’ کی تاریخ کے بارہ میں معلومات فراہم کی گئیں۔

اس اجلاس کی آخری تقریر کا موضوع ‘ایم ٹی اے کی برکات اور خطبات حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اہمیت ’ تھاجس کے بعد بعض ممبران لجنہ اماء اللہ سے ان کے تاثرات اور قبول احمدیت کے واقعات سنے گئے۔

تیسرا دن ۔24؍ اکتوبر 2019ء

تیسرے روز کی صبح تلاوت قرآن کریم و درس حدیث کے بعد ‘مالی قربانی کی برکات’کے موضوع کو بیان کرکے سالانہ بجٹ بنانےکے بارہ میں رہ نمائی کی گئی۔ نیز ماہانہ و سالانہ رپورٹ لجنہ اماء اللہ کو تیار کرنے کے حوالے سے ہدایات دی گئیں۔ اس اجلاس میں گذشہ تین دنوں میں ہونے والی سرگرمیوں کے خلاصہ جات نوٹس کی شکل میں تمام وفود میں تقسیم کیے گئے اور آخر میں سب شامل ممبرات سے ان کے تاثرات ایک فارم پر لیے گئے اور کلمات تشکر کے بعد دعا کے ساتھ اس تین روزہ ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔

اسی دن شام چار بجے تمام مہمان ممبرات اور وفود کوجماعتی اراضی ‘بستان مہدی’کے دورہ کے لیے لے جایا گیا۔ بستان مہدی میں جامعۃ المبشرین برکینافاسو کے علاوہ جلسہ گاہ ،مسرور آئی انسٹیٹیوٹ (زیر تعمیر ہسپتال)،جماعت کا ایک سکول(زیر تعمیر)،سٹاف جامعۃ المبشرین کی رہائش گاہیں،باغ،مقامی احمدی احباب کی طرف سے بنائے گئے چھوٹے مرغی خانہ وغیرہ کا دورہ کروایا گیا۔ اس دوران طلباء جامعۃ المبشرین پر مشتمل ایک دستے نے استقبال، دوران قیام سیکورٹی اور تمام جگہوں کے دورے کے دوران اسکارٹ اور آخرپر چائے اور ریفریشمنٹ کے انتظامات کی احسن رنگ میں ادائیگی کی۔ جامعہ میں نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد لجنہ کی واپس مشن ہاؤس روانگی ہوئی جہاں تمام شاملین ریفریشر کورس کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا انتظام کیا گیا تھا۔
اس ریفریشر کورس میں مجموعی طورپر 6؍ ممالک کی 31 ممبرات نے حصہ لیا ۔اللہ تعالیٰ ان شامل ہونے والی ممبرات لجنہ اماء اللہ کوبہترین رنگ میں خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(بشکریہ محترمہ شفیقہ سعود صاحبہ جنرل سیکرٹری لجنہ اماءاللہ برکینا فاسو)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button