اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
تقریب رخصتانہ
بشریٰ نذیرآفتاب صاحبہ صدرلجنہ اماء اللہ پریری ریجن، سسکاٹون، کینیڈا تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کی بیٹی ڈاکٹر نائلہ انورجوکہ وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے کی تقریب رخصتانہ میرے بھانجے عزیزم ڈاکٹر کامران ناصر ابن ناصر محمود بھٹی صاحب صدرجماعت احمدیہ سسکاٹون ساؤتھ ویسٹ کےساتھ مورخہ ۳؍اگست ۲۰۲۴ءبروز ہفتہ مسجد بیت الرحمت کے ہال میں منعقد ہوئی۔تلاوت قرآن کریم، انگریزی ترجمہ اور منظوم دعائیہ کلام پڑھے جانے کے بعد دونوں خاندانوں کا تعارف پیش کیا گیا۔ اس کےبعد مکرم سعد حیات باجوہ صاحب مربی سلسلہ سسکاٹون نے دعا کرائی۔ دعاکےبعد تمام مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اگلے روز ۴؍اگست بروز اتوار مسجد بیت الرحمت، سسکاٹون ہی میں دعوت ولیمہ کاانعقادکیاگیا۔
عزیزہ نائلہ انور اور عزیزم کامران ناصر دونوں چودھری محمد انور صاحب مرحوم چک ۱۶۶؍مراد ضلع بہاولنگر کےپوتی پوتا اور چودھری غلام قادرصاحب مرحوم کی پڑنواسی اور پڑنواسہ ہیں جنہوں نے عین جوانی میں حضرت مصلح موعودؓ کےہاتھ پرقادیان جاکرشرفِ بیعت حاصل کیا۔ اسی طرح یہ دونوں بچے محترم نذیر احمد خادم صاحب مرحوم سابق معتمد مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ کے نواسی اورنواسہ ہیں۔
اس تقریب سے قبل جلسہ سالانہ یوکے کے موقع پر مورخہ ۲۹؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مکرم عطاءالمجیب راشدصاحب امام مسجدفضل لندن نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی موجودگی میں مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ میں ان کے نکاح کااعلان کیا۔ نکاح کےاعلان کےمعاً بعد حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہِ شفقت دعا کرائی۔
احبابِ جماعت سےدرخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ رشتہ ہر لحاظ سےدونوں خاندانوں کےليے خیر و برکت کا موجب بنائے اوراس نئے جوڑے کو دینی و دنیاوی دائمی خوشیاں نصیب کرے۔ آمین یارب العالمین!