اس اُمّت کو قوت حاصل کرنے کے لیے استغفارعطا کیا گیا ہے
یادرکھو کہ دوچیزیں اس امت کو عطا فرمائی گئی ہیں۔ ایک قوت حاصل کرنے کے واسطے۔ دوسری حاصل کردہ قوت کوعملی طور پر دکھانے کے لئے۔ قوت حاصل کرنے کے واسطے استغفار ہے جس کو دوسرے لفظوں میں استمداد اور استعانت بھی کہتے ہیں۔ صُوفیوں نے لکھا ہے کہ جیسے ورزش کرنے سے مثلاً مگدروں۱ اور موگریوں۲ کے اُٹھانے او رپھیرنے سے جسمانی قوت اور طاقت بڑھتی ہے۔ اسی طرح پر رُوحانی مگدر استغفار ہے۔ اس کے ساتھ رُوح کو ایک قوت ملتی ہے اور دل میں استقامت پیدا ہوتی ہے۔ جسے قوت لینی مطلوب ہو وہ استغفار کرے۔ غَفْر ڈھانکنے اور دبانے کو کہتے ہیں۔ استغفار سے انسان اُن جذبات اور خیالات کو ڈھانپنے اور دبانے کی کوشش کرتا ہے جوخداتعالیٰ سے روکتے ہیں۔ پس استغفار کے یہی معنے ہیں کہ زہریلے مواد جو حملہ کرکے انسان کو ہلاک کرنا چاہتے ہیں۔ اُن پر غالب آوے اور خداتعالیٰ کے احکام کی بجاآوری کی راہ کی روکوں سے بچ کر انہیں عملی رنگ میں دکھائے۔
(ملفوظات جلد۲صفحہ۶۷-۶۸، ایڈیشن۱۹۸۴ء)
گنا ہ ایک ایسا کیڑا ہے جو انسان کے خون میں ملا ہو ا ہے مگر اس کا علاج استغفار سے ہی ہو سکتا ہے۔ استغفارکیا ہے؟ یہی کہ جو گناہ صادرہو چکے ہیں ان کے بدثمرات سے خدا تعالیٰ محفوظ رکھے اور جوابھی صادرنہیں ہوئے اور جوبالقوۃانسان میں موجود ہیں ان کے صدور کا وقت ہی نہ آوے اور اندر ہی اندروہ جل بھن کرراکھ ہو جاویں۔
یہ وقت بڑے خوف کا ہے۔ اس لئے توبہ و استغفار میں مصروف رہواور اپنے نفس کا مطالعہ کرتے رہو۔ ہر مذہب وملّت کے لوگ اور اہل کتاب مانتے ہیں کہ صدقات وخیرات سے عذاب ٹل جا تا ہے مگر قبل ازنزول عذاب۔ مگر جب نا زل ہوجاتا ہے تو ہرگز نہیں ٹلتا۔ پس تم ابھی سے استغفار کرواور توبہ میں لگ جائوتا تمہاری باری ہی نہ آوے اور اللہ تعالیٰ تمہاری حفا ظت کرے۔
(ملفوظات جلد ۵صفحہ ۲۹۹، ایڈیشن ۱۹۸۴ء)
۱: بھاری لکڑی کی کوئی گز بھر لمبی مخروطی شکل کی موگری جسے پہلوان بازوئوں کی ورزش کے لیے پتلے حصے کی طرف سے ہاتھ میں پکڑ کر گھماتے ہیں
۲: لکڑی کی ہتھوڑی نما موسلی جس سے ڈھول وغیرہ یا سکول میں گھنٹہ بجایا جاتا ہے، لکڑی کا بنا گھن